موضوعِ ہفتہ – جلد 03 شمارہ 17
ہجرتِ نور؛ ایران میں شیعہ تمدن کی تعمیر میں فرزندانِ امام موسیٰ کاظمؑ کا کردار
سید ہاشم موسوی
تمہید
تاریخ کبھی تلوار بل بوتے پر رقم کی جاتی ہے اور کبھی "ہجرت” کے بل بوتے پر۔ تاریخِ اسلام کی تمام مؤثرتر تحریکوں کے درمیان، اہلِ بیتؑ کے گھرانے لوگ ، خصوصاً فرزندانِ امام موسیٰ کاظمؑ کی ہجرت، ایک ایسی پر اثر حقیقت ہے ، جس نے سیاسی طاقت کے نہ ہوتے ہوئے بھی ایک ملک کی سرزمین کے فکری و اعتقادی نقشے کو بدل کر رکھ دیا۔
آج کا ایران، جو دنیا میں تشیع کا ایک اہم مرکز ہے، بڑی حد تک انہی خاموش مگر گہری ہجرتوں کا مرہونِ منت ہے۔ یہ ہجرتیں صرف لوگوں کی نقل مکانی نہیں تھیں بلکہ انہوں نے ایک شناخت پیدا کی اور علوی ثقافت کو اس سرزمین کی روح میں راسخ کر دیا۔
اس ہفتے ہم "عشرۂ کرامت” کی مناسبت سے اس اہم واقعہ کا جائزہ لیتے ہیں۔ یہ عشرہ اہلِ بیتؑ کی عظیم شخصیات جیسے حضرت فاطمہ معصومہؑ، حضرت احمد بن موسیٰ شاہ چراغؑ اور حضرت صالح بن موسیٰ کاظمؑ کی ولادتوں سے منسوب ہے اور تشیع کے فروغ میں ان کے کردار کو سمجھنے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔
اس مضمون میں ہم اس حقیقت پر روشنی ڈالنے کی کوشش کرتے ہیں کہ کس طرح ان پاکیزہ ہستیوں کی ایران کے مختلف علاقوں—قم سے شیراز تک—آمد نے نہ صرف روحانی مراکز قائم کئے، بلکہ اہلِ بیتؑ کی محبت کو لوگوں کے دلوں میں راسخ کر دیا اور ایک مضبوط تمدنی بنیاد رکھ دی۔
1۔ اس حقیقت کا تاریخی پس منظر؛ ہجرت کیوں؟
بنوعباسیہ کا دور،شیعیان مولا علی علیہ السلام کے لئے، خاص طور پر امام کاظمؑ کی شہادت کے بعد،سخت ترین زمانہ تھا۔ ایسا زمانہ ، جس میں حکمران ، اہلِ بیتؑ کے روحانی نفوذ کو اپنے اقتدار کے لئے خطرہ سمجھتے تھے، اس لئے ان کی ہر فرد پر ایک طرف سےظلم و قید اور دوسری طرف جلاوطنی کی پالیسی اختیار کررکھی تھی۔
اسی ماحول میں امام کاظمؑ کے فرزند مدینہ چھوڑنے پر مجبور ہوئے۔ مگر یہی مجبوری آہستہ آہستہ ایک تاریخی موقع بن گئی—اہلِ بیتؑ کی تعلیمات کو ان علاقوں تک پہنچانے کا موقع، جہاں لوگ پہلے سے اس کےتشنہ تھے۔
اس حقیقت کو مزید سمجھنے کے لئے درج ذیل تین بنیادی نکات کو بیان کرنا ضروری ہے ، تاکہ یہ بات واضح ہو سکے کہ ان فرزندانِ امام علیہ السلام کی ایران کی جانب ہجرت محض فرار نہیں بلکہ ایک حکمت عملی تھی:
1۔ عباسی اقتدار سے فاصلہ (نیٹ ورک سازی)
فرزندانِ امام علیہ السلام کی ایران کی جانب ہجرت نے ایران کے مختلف شہروں میں ایک وسیع روحانی نیٹ ورک قائم کردیا، جس کے سبب شیعوں پر خاص کر سادات پر جو عباسی حکومت کی کڑی نظر تھی ، وہ کارآمد ثابت نہ رہ سکی۔ اس لئے کہ ایران کے شہر(مثلاً قم، شہر ری، شیراز، خراسان وغیرہ) عباسی سلطنت کےمرکزی شہر بغداد سے کافی دور تھے جہاں ان کا کوئی خاص کنٹرول بھی نہیں تھا ۔ لہذا ان شہروں میں سادات کرام کی خوب پزیرائی ہوئی ۔ جس کے نتیجے میں اہل بیت اطہار علیہم السلام نے اپنی تعلیمات کو عام کرنے میں کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہ دیا۔
2۔ نسب اور علم کا امتزاج(علمی مرجعیت)
یہ سادات کرام لوگوں میں صرف نسب کی وجہ سے محترم نہیں تھے بلکہ ان میں سے ہر شخص امام کاظمؑ کےعلم و اخلاق کا وارث تھا جو اپنے علم و اخلاق کی زندہ مثال بنکر ابھرا تھا۔ ان کی ہجرت در اصل ایک "جیتا جاگتا کتب خانہ "تھا، جہاں سے عوام کو براہِ راست تعلیم بھی مل رہی تھی اور عمل کا درس بھی فراہم ہو رہا تھا ۔
3۔ مقدس جغرافیہ کے ذریعے پر امن ثقافت کی تشکیل
شاید ان ہجرتوں کے سب سے ہوشمندانہ نتائج میں سے ایک، ایران کے جغرافیہ کو مقدّس بنانا ہے۔ ان بزرگ ہستیوں کے پاک مزارات کی موجودگی نے ایرانی شہروں کو «دارالامان» اور روحانی مراکز میں تبدیل کر دیاہے۔ ان ہستیوں کی پاکیزہ قبریں،صدیوں سے دلوں کے ملاپ کے مراکز اور شیعوں کی فکری وحدت کا ذریعہ بنی ہوئی ہیں۔ درحقیقت، ان ہجرتوں کے سبب سے ایران ایک معمولی ” جغرافیائی ملک” نہیں رہا بلکہ ایک «شیعہ عقائد کا قلعہ » بن گیاہے ۔
2۔ ہجرت کی لہر؛ مدینہ سے لیکر قلب ایران تک
یہ ہجرتیں دراصل "نور کے پھیلاؤ” کی حکمت عملی تھیں۔ فرزندان امام کاظم (علیہ السلام) کی ہجرت ، کسی ایک شخص یا غیر منظم سفرکا نتیجہ نہیں ، بلکہ در اصل نور کے پھیلانے کی ایک ایسی حکمت عملی تھی، جس کی بدولت ایران کے اکثر شہر جیسے قم، شہرری، شیراز، خراسان، طبرستان اور گیلان میں اہل بیت اطہار علیہم السلام کے علم و معرفت کی روشنی پھیل گئی اورآہستہ آہستہ اس نور کا اثر سارے ایران پر چھاتا چلا گیا ۔ یہی وجہ ہے کہ آج ، ایران عالم تشیع کا مرکز اور شیعہ افکارِ کی محفوظ پناہ گاہ کہلاتا ہے۔
البتہ حضرت فاطمہ معصومہ اور احمد بن موسی علیہما السلام جیسی ممتاز شخصیات کی موجودگی نے ایران میں شیعہ شناخت کو مزید مستحکم کرنے میں فیصلہ کن کردار ادا کیا:
1۔حضرت فاطمہ معصومہ (سلام اللہ علیہا)؛ قم، «علمی مرجعیت» کا مرکز
حضرت فاطمہ معصومہ (سلام اللہ علیہا) کی قم کی طرف ہجرت، صرف ایک زیارتی سفر نہیں بلکہ ایک «تمدنی واقعہ» شمار ہوتی ہے۔
• قم کو اک نئی پہچان مل گئی: اگرچہ بی بی کی آمد سے پہلے بھی قم ایک شیعہ شہر تھا، مگر ان کی موجودگی اور مرقدِ مطہر کے بعد یہ شہر «روحانی دارالحکومت» اور «شیعہ فکر کی پیداوار کا مرکز» بن گیا۔
- قم علماء کا مغناطیسی شہر: حضرت فاطمہ معصومہ (سلام اللہ علیہا) کے حرم مطہر کی وجہ سے قم ، محدثین، فقہاء اور راویانِ حدیث کے لئے ایک ایسا پر کشش مرکز بن گیاہے ،جہاں وہ پورے عالمِ اسلام سے آ کر رہنے لگے۔ ان بی بی کی برکت سے یہ شہر معارفِ اہلِ بیتؑ کی ترویج کا سب سے محفوظ مقام بن گیا۔ آج اگر قم کو عالم تشیع کا سب سے بڑا علمی مرکز سمجھا جاتا ہے، تو اس کی بنیاد اسی «آگاہانہ ہجرت» نے رکھی تھی۔
2۔ حضرت احمد بن موسی (شاہچراغ)؛ شیراز، «ثبات اور مقاومت» کا قلعہ
حضرت احمد بن موسی (علیہ السلام) کی شیراز کی طرف ہجرت کے بھی اہم سیاسی اور سماجی پہلو تھے۔
• کرشماتی قیادت: وہ نہ صرف امامؑ سے نسبت کی وجہ سے بلکہ اپنی ممتاز شخصیت اور تقویٰ کے سبب لوگوں میں خاص مقام رکھتے تھے۔ ان کی شیراز آمد دراصل ایک «روحانی قیادت» کی منتقلی تھی جو ایران کے ایک اہم خطے (فارس) کے مرکز میں قائم ہوئی۔
جنوب میں شناخت کا استحکام: اس زمانے میں شیراز مختلف ثقافتوں اور فکری دھاروں کا مرکز تھا۔ شاہچراغؑ کی موجودگی نے اسے سادات کرام کا ایک مضبوط پایہ بنا دیا۔ آپ کی موجودگی، اہلِ بیتؑ کے ماننے والوں کے لئےایک طرح کی «روحانی پناہ گاہ » بن گئی، جس نے صدیوں تک شیراز کو اہلِ بیتؑ سے محبت رکھنے والے شہروں میں شامل رکھا۔
یہ دونوں مراکز (قم اور شیراز) صرف الگ الگ روشن مقامات نہیں تھے بلکہ ایک وسیع شناختی نیٹ ورک کا حصہ تھے۔ ان بڑی شخصیات کے ساتھ ساتھ صالح بن موسی الکاظم اور دیگر امامزادگان کی ایران کے مختلف شہروں میں موجودگی نے روحانی مراکز کا ایک جال قائم کیا۔
یہ بامقصد پھیلاؤ اس بات کا سبب بنا کہ تشیع ایران میں صرف ایک اقلیتی مذہب نہ رہے بلکہ ایک ہمہ گیر، مضبوط اور تمدن ساز تحریک میں تبدیل ہو جائے، جو بعد کے ادوار میں اہلِ بیتؑ کی تعلیمات پر مبنی حکومتوں کے قیام کے لئے بنیادی طور پر راہ ہموار کر سکے۔
- 3. امامزادوں کا وجود؛ شناخت کے تحفظ کا ایک عوامی نیٹ ورک
امام امام موسیٰ کاظم (علیہ السلام) کی اولاد کی ہجرت کا ایک اہم ترین نتیجہ یہ تھا کہ ایران بھر میں «امامزادگان» کا ایک تمدنی مظہر وجود میں آیا۔ عام تصور کے برخلاف، یہ مزارات صرف قبریں نہیں بلکہ «روحانی مراکز» اور «نیٹ ورک کے مراکز» تھے، جنہوں نے شیعہ اداروں کے نہ ہونے کی صورت میں، مذہبی شناخت کو محفوظ رکھنے کا بوجھ اٹھایا۔
یہ عوامی نیٹ ورک کئی جہات سے ایران کے اندر شیعی افکار کو زندہ رکھنے میں بہت بڑا کردار ادا کرتا رہا:
دلوں کے جوڑنے کا نقطہ (جذباتی سرمایہ): امامزادوں کے مزرات ،محبت کے مراکز تھے۔ ان کے ذریعے عوام کے دلوں میں اہلِ بیتؑ کی محبت راسخ ہوئی، جو مشکل ادوار میں بھی شیعہ شناخت کو قائم رکھنے کا سبب بنی۔
عوامی جامعات (تعلیمی کا کردگی): ہر امامزادہ ایک «عمارت کے بغیر یونیورسٹی» تھا جہاں لوگ دین، اخلاق اور اہلِ بیتؑ کی تعلیمات سیکھتے تھے۔
• سماجی ہم آہنگی (بلدیاتی کا کردگی): یہ مقامات لوگوں کے اجتماع، اختلافات کے حل، اور سماجی فیصلوں کے مراکز بن گئے۔
حکومتی اثر و رسوخ سے مستقل: یہ نیٹ ورک حکومتی حکم سے نہیں بلکہ عوامی محبت سے قائم ہوا، اسی لئے سیاسی دباؤ سے محفوظ رہا۔
یوں امامزادوں کے مزارات، ایران میں تشیع کے «ستون» بن گئے، جو قم سے شیراز اور ری سے خراسان تک پھیلے ہوئے تھے۔
4۔ منبر کے بنا تبلیغ؛ اثراندازی کا منفرد انداز
امام امام موسیٰ کاظم (علیہ السلام) کی اولاد ایسے دور میں ایران آئی جب سیاسی گھٹن نے کھلی تبلیغ کو ناممکن بنا دیا تھا۔ مگر انہوں نے «عملی تبلیغ» کا ایک نیا انداز پیش کیا:
- اخلاق کا عملی مظاہرہ: لوگوں نے دین کو ان کے کردار، امانت، انصاف اور مہربانی میں دیکھا۔
• جذباتی اور ہمدردانہ تعلق: عوام کے ساتھ رہ کر ان کے دکھ درد میں شریک ہوئے، جس سے اعتماد پیدا ہوا۔
• الہامی صبر و استقامت: ان کی مشکلات میں ثابت قدمی لوگوں کے لیے ایک زندہ درس بن گئی۔
یہ طرزِ تبلیغ کسی بھی خطبے سے زیادہ مؤثر ثابت ہوا، کیونکہ یہ دلوں میں اترنے والا پیغام تھا۔
- 5. آج کے لئے پیغام؛ تاریخ سے ذمّے داری تک
تاریخ کا یہ روشن باب صرف ماضی کی ایک کہانی نہیں، بلکہ ہمارے آج کے لئے ایک رہنما نقشہ ہے—ایسا نقشہ جس میں ثقافتی شناخت کا تحفظ ایک بنیادی اور نہایت اہم ترجیح ہے۔ ان بزرگ ہستیوں کا ورثہ اپنے اندر ایسے اسباق سموئے ہوئے ہے جو موجودہ دور کے لئے نہایت بامعنی اور رہنمائی فراہم کرنے والے ہیں: - ہجرت بطور تمدنی عمل: ہجرت صرف جگہ بدلنا نہیں بلکہ اقدار منتقل کرنا ہے۔
- عمل کی اہمیت: آج بھی سب سے مؤثر تبلیغ ، گفتار سے زیادہ کردار کے ذریعے ہے۔
- عوامی نیٹ ورک کی طاقت: پائیدار تبدیلی ہمیشہ عوامی سطح سے آتی ہے۔
- محبت اہلِ بیتؑ: یہی وہ سرمایہ ہے جس نے صدیوں تک ایمان کو زندہ رکھا۔
حاصل کلام: ایک زندہ ورثہ، جو آج بھی ایران کی روح میں جاری و ساری ہے
امام موسیٰ کاظم (علیہ السلام) کی اولاد کی ایران کی طرف ہجرت ایک معمولی تاریخی واقعہ نہیں بلکہ ایک عظیم موڑ تھا، جس نے ایک شیعہ تمدن کی بنیاد رکھی۔ ان بزرگ ہستیوں نے «اخلاق» اور «عوامی نیٹ ورک» کے ذریعے ایران کو اہلِ بیتؑ کی تعلیمات کا مضبوط مرکز بنایا۔ آج ان کے مزارات صرف تاریخی عمارتیں نہیں بلکہ ایمان، وحدت اور شناخت کے زندہ مراکز ہیں۔
ہم اسی ورثے کے وارث ہیں—ایک ایسا ورثہ جس نے ہماری فکری دنیا کو تاریکی سے نکال کر ولایت کی روشنی تک پہنچایا۔
خبریں ان باکس کے ذریعے
نیوز لیٹر کو سبسکرائب کریں۔

