سدا بہار قرآنی کہانیاں – جلد 03 شمارہ 39
ذوالقرنین کی داستان: ایک عادل سیّاح کا انقلابی سفر
قرآنِ کریم جب حکمرانی اور انسانیت کے نمایاں ترین نمونوں میں سے ایک کو متعارف کراتا ہے تو سفر اور سیاحتی عنصر کو خاص اہمیت دیتا ہے۔ ذوالقرنین سب سے بڑھ کر اپنے طویل اسفار کے باعث معروف ہیں؛ وہ مشرق، مغرب اور دور دراز پہاڑی علاقوں تک پہنچے۔ یہ سفر محض فتوحات، کشور کشائی یا غارت گری کے لئے نہیں تھے، بلکہ عدل قائم کرنے، مظلوموں کی حمایت کرنے اور تخلیقی آثار کا مشاہدہ کرنے کے لئے انجام دیے گئے تھے۔
قرآن ان کے اسفار کے ذریعے یہ دکھاتا ہے کہ سفر کس طرح معاشروں کے لئے دانائی، امن اور آبادانی کا ذریعہ بن سکتا ہے۔
اس داستان کا آغاز مکہ کے اس واقعے سے ہوتا ہے جب قریش کے تین بزرگ یثرب کے سفر سے واپس آئے۔ وہ یہودی علماء کے پاس گئے تھے تاکہ کوئی ایسا مشکل سوال معلوم کریں جس کے ذریعے رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو آزمائیں۔
یہودی علماء نے ان سے کہا:
“ان سے اس بادشاہ کے بارے میں پوچھو جس نے مشرق سے مغرب تک پوری زمین کا سفر کیا۔ اگر وہ اس کا جواب دیں تو وہ نبی ہیں۔”
جب یہ سوال رسولِ خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سامنے پیش کیا گیا تو سورۂ کہف کی آیات نازل ہوئیں اور ذوالقرنین کے عظیم راز سے پردہ اٹھایا؛ ایک مؤمن، عادل اور بہادر فرمانروا، جسے اللہ تعالیٰ نے زمین میں اقتدار اور مختلف وسائل عطا فرمائے تھے:
وَیَسْأَلُونَک عَنْ ذِی الْقَرْنَیْنِ ۖ قُلْ سَأَتْلُو عَلَیْکُمْ مِنْهُ ذِکْرًا * إِنَّا مَکَّنَّا لَهُ فِی الْأَرْضِ وَآتَیْنَاهُ مِنْ کُلِّ شَیْءٍ سَبَبًا *فَأَتْبَعَ سَبَبًا
“اور وہ آپ سے ذوالقرنین کے بارے میں پوچھتے ہیں۔ کہہ دیجیے: میں عنقریب تمہارے سامنے اس کے حالات کا کچھ حصہ بیان کروں گا۔ بے شک ہم نے اسے زمین میں قدرت و اقتدار عطا کیا اور ہر چیز کے لئے اسے وسائل فراہم کیے؛ پھر اس نے ایک راستہ اختیار کیا۔”
(کہف، 83 تا 85)
پہلا سفر: غروبِ آفتاب کی سمت
ذوالقرنین، جنہیں بعض روایات کے مطابق دو سینگوں والے خود یا دنیا کے دو کناروں تک پہنچنے کی وجہ سے یہ لقب دیا گیا، اپنے لشکر کے ساتھ مغرب کی طرف روانہ ہوئے۔
وہ طویل مسافتیں طے کرتے ہوئے ایک وسیع سمندر کے ساحل تک پہنچے؛ جہاں انہیں یوں محسوس ہوا کہ سورج ایک تاریک اور کیچڑ آلود چشمے میں غروب ہورہا ہے:
حَتَّىٰ إِذَابَلَغَ مَغْرِبَ الشَّمْسِ وَجَدَهَا تَغْرُبُ فِی عَیْنٍ حَمِئَةٍ وَوَجَدَعِنْدَهَا قَوْمًا ۗ قُلْنَا یَا ذَا الْقَرْنَیْنِ إِمَّا أَنْ تُعَذِّبَ وَإِمَّا أَنْ تَتَّخِذَ فِیهِمْ حُسْنًا
“یہاں تک کہ جب وہ غروبِ آفتاب کی جگہ پہنچا تو اسے ایسا محسوس ہوا کہ سورج ایک تاریک اور کیچڑ آلود چشمے میں غروب ہورہا ہے، اور وہاں اس نے ایک قوم کو پایا۔ ہم نے کہا: اے ذوالقرنین! چاہو تو انہیں سزا دو اور چاہو تو ان کے ساتھ اچھا سلوک اختیار کرو۔”
(کہف، 86)
وہاں ذوالقرنین کا سامنا ایک سرکش اور بے قانون قوم سے ہوا۔ اللہ تعالیٰ نے انہیں اختیار دیا کہ وہ ان کے بارے میں فیصلہ کریں۔
ذوالقرنین نے اپنے لشکر اور لوگوں کے سامنے اپنی عدل پر مبنی حکمتِ عملی کا اعلان کیا:
قَالَ أَمَّامَنْ ظَلَمَ فَسَوْفَ نُعَذِّبُهُ ثُمَّ یُرَدُّ إِلَىٰ رَبِّهِ فَیُعَذِّبُهُ عَذَابًا نُکْرًا * وَأَمَّا مَنْ آمَنَ وَعَمِلَ صَالِحًا فَلَهُ جَزَاءً الْحُسْنَىٰ ۖ وَسَنَقُولُ لَهُ مِنْ أَمْرِنَا یُسْرًا
“اس نے کہا: جو ظلم کرے گا ہم اسے سزا دیں گے، پھر وہ اپنے پروردگار کی طرف لوٹایا جائے گا اور وہ اسے سخت عذاب دے گا۔ اور جو ایمان لائے اور نیک عمل کرے، اس کے لئے بہترین جزا ہوگی، اور ہم بھی اپنے حکم میں اس کے ساتھ آسانی کا معاملہ کریں گے۔”
(کہف، 87–88)
یوں اس نے عدل پر مبنی قوانین نافذ کیے اور پھر اگلے سفر کے لئے روانہ ہوا۔
دوسرا سفر: طلوعِ آفتاب کی سمت
یہ سفر کرنے والا بادشاہ اب مشرق کی طرف بڑھا۔ وہ چلتے چلتے ایک ایسے صحرائی علاقے تک پہنچا جہاں سورج ایک ایسی قوم پر طلوع ہوتا تھا جس کے پاس سورج کی تپش سے بچنے کے لئے نہ مناسب گھر تھے اور نہ سایہ گاہیں:
ثُمَّ أَتْبَعَ سَبَبًا * حَتَّىٰ إِذَا بَلَغَ مَطْلِعَ الشَّمْسِ وَجَدَهَا تَطْلُعُ عَلَىٰ قَوْمٍ لَمْ نَجْعَلْ لَهُمْ مِنْ دُونِهَا سِتْرًا
“پھر اس نے ایک اور راستہ اختیار کیا، یہاں تک کہ جب طلوعِ آفتاب کی جگہ پہنچا تو اس نے دیکھا کہ سورج ایک ایسی قوم پر طلوع ہورہا ہے جس کے لئے ہم نے اس کے مقابلے میں کوئی پردہ یا پناہ گاہ نہیں بنائی تھی۔”
(کہف، 89–90)
ذوالقرنین نے اس کمزور اور بے پناہ قوم کو حقارت کی نگاہ سے نہیں دیکھا اور نہ ان پر حملہ کیا، بلکہ ان کے ساتھ نرمی سے پیش آیا، ان کے علاقے میں امن قائم کیا، اور انہیں نقصان پہنچائے بغیر شمال کی طرف اپنا سفر جاری رکھا۔
تیسرا سفر: یاجوج و ماجوج کے فساد کے مقابلے میں آہنی دیوار
ذوالقرنین اپنے سفر کے دوران ایک پہاڑی علاقے میں پہنچے؛ جہاں دو بلند پہاڑوں کے درمیان ایک قوم آباد تھی۔ ان لوگوں کی زبان سمجھنا دشوار تھا اور وہ یاجوج و ماجوج نامی فساد پھیلانے والی قوم کے مسلسل حملوں سے پریشان تھے:
حَتَّىٰ إِذَا بَلَغَ بَیْنَ السَّدَّیْنِ وَجَدَ مِنْ دُونِهِمَا قَوْمًا لَا یَکَادُونَ یَفْقَهُونَ قَوْلًا * قَالُوا یَا ذَا الْقَرْنَیْنِ إِنَّ یَأْجُوجَ وَمَأْجُوجَ مُفْسِدُونَ فِی الْأَرْضِ فَهَلْ نَجْعَلُ لَکَ خَرْجًا عَلَىٰ أَنْ تَجْعَلَ بَیْنَنَا وَبَیْنَهُمْ سَدًّا
“یہاں تک کہ جب وہ دو پہاڑوں کے درمیان پہنچا تو ان کے پاس ایک ایسی قوم کو پایا جو مشکل سے کوئی بات سمجھتی تھی۔ انہوں نے کہا: اے ذوالقرنین! یاجوج اور ماجوج زمین میں فساد کرتے ہیں؛ کیا ہم آپ کے لئے کچھ مال مقرر کریں تاکہ آپ ہمارے اور ان کے درمیان ایک سد بنا دیں؟”
(کہف، 93–94)
ذوالقرنین کا جواب ان کی پاکیزہ حکمرانی اور بے طمع قیادت کی علامت تھا۔ انہوں نے لوگوں کی مالی پیش کش قبول نہیں کی اور فرمایا:
قَالَ مَا مَکَّنِّی فِیهِ رَبِّی خَیْرٌ فَأَعِینُونِی بِقُوَّةٍ أَجْعَلْ بَیْنَکُمْ وَبَیْنَهُمْ رَدْمًا
“اس نے کہا: میرے پروردگار نے جو کچھ مجھے عطا کیا ہے وہ بہتر ہے؛ پس تم اپنی قوت سے میری مدد کرو، میں تمہارے اور ان کے درمیان ایک مضبوط رکاوٹ بنا دوں گا۔”
(کہف، 95)
اس کے بعد ایک عظیم انجینئرنگ منصوبہ شروع ہوا۔ ذوالقرنین نے بڑے بڑے لوہے کے ٹکڑوں کو دونوں پہاڑوں کے درمیان جمع کیا، پھر حکم دیا کہ ان پر ہوا پھونکی جائے، یہاں تک کہ لوہا آگ کی طرح سرخ ہوگیا، اور پھر اس پر پگھلا ہوا تانبا ڈالا گیا تاکہ ایک مضبوط اور یکجا سد بن جائے:
آتُونِی زُبَرَ الْحَدِیدِ ۖ حَتَّىٰ إِذَا سَاوَىٰ بَیْنَ الصَّدَفَیْنِ قَالَ انْفُخُوا ۖ حَتَّىٰ إِذَا جَعَلَهُ نَارًا قَالَ آتُونِی أُفْرِغْ عَلَیْهِ قِطْرًا * فَمَا اسْطَاعُوا أَنْ یَظْهَرُوهُ وَمَا اسْتَطَاعُوا لَهُ نَقْبًا
“میرے پاس لوہے کے بڑے بڑے ٹکڑے لاؤ۔ یہاں تک کہ جب اس نے دونوں پہاڑوں کے درمیان خلا کو برابر کردیا تو کہا: پھونکو! یہاں تک کہ جب اسے آگ کی طرح کردیا تو کہا: میرے پاس پگھلا ہوا تانبا لاؤ تاکہ میں اس پر انڈیل دوں۔ پھر وہ نہ اس پر چڑھ سکے اور نہ اس میں سوراخ کرسکے۔”
(کہف، 96–97)
یوں وہ مظلوم اور کمزور قوم امن و سکون سے ہم کنار ہوگئی۔
داستان کا اختتام: طاقت کی بلندی پر تواضع
جب یہ عظیم انجینئرنگ کارنامہ مکمل ہوا اور لوگ حیرت سے اسے دیکھ رہے تھے، تو ذوالقرنین غرور میں مبتلا نہیں ہوئے۔
انہوں نے اس عظیم سد کی طرف دیکھا اور پوری کامیابی کو اللہ تعالیٰ کی طرف نسبت دیتے ہوئے کہا:
قَالَ هَٰذَا رَحْمَةٌ مِنْ رَبِّی ۖ فَإِذَا جَاءَ وَعْدُ رَبِّی جَعَلَهُ دَکَّاءَ ۖ وَکَانَ وَعْدُ رَبِّی حَقًّا
“اس نے کہا: یہ میرے پروردگار کی رحمت ہے، لیکن جب میرے رب کا وعدہ آجائے گا تو وہ اسے ریزہ ریزہ اور زمین کے برابر کردے گا، اور میرے پروردگار کا وعدہ برحق ہے۔”
(کہف، 98)
اس داستان کے تعلیمی اور تربیتی نکات
قرآن کی دیگر داستانوں کی طرح ذوالقرنین کی داستان بھی محض ایک تاریخی قصہ نہیں، بلکہ حکمرانی، اجتماعی رویّے اور معنویت کا ایک جامع نمونہ ہے۔
اس کے اہم ترین تربیتی پیغامات یہ ہیں:
- بامقصد اور ذمہ دارانہ جہاں گردی:
اسلام میں سفر محض بے مقصد گھومنے پھرنے کا نام نہیں؛ بلکہ آفرینش کو سمجھنے، لوگوں کے مسائل حل کرنے، معاشروں کے حالات سے واقف ہونے اور تاریخ سے سبق لینے کا وسیلہ ہے۔ - مالی طمع اور ناجائز مفاد سے اجتناب:
جب مظلوم لوگوں نے ذوالقرنین کو مالی معاوضے کی پیش کش کی تو انہوں نے اسے رد کردیا اور فرمایا کہ اللہ نے جو کچھ انہیں عطا کیا ہے وہ کافی ہے۔ یہ مدیران اور حکمرانوں کے لئے ایک بڑا سبق ہے کہ حقیقی خدمت گزار کا مقصد خدا کی رضا اور لوگوں کی خدمت ہونا چاہیے، نہ کہ ذاتی منفعت۔ - عوامی شرکت اور توانمندسازی:
ذوالقرنین نے یہ نہیں کہا کہ “میں تمہارے لئے سد بنادوں گا”، بلکہ فرمایا: فَأَعِینُونِی بِقُوَّةٍ؛ یعنی “اپنی قوت سے میری مدد کرو۔”
انہوں نے کمزور لوگوں کو خود اس کام میں شریک کیا، ان کی قوت کو استعمال کیا اور ان میں اعتماد پیدا کیا۔
- عدل کے ساتھ نرمی اور سہولت:
مغربی قوم کے ساتھ اپنے طرزِ حکمرانی میں انہوں نے دو اصول قائم کیے: ظالم کو سزا، اور نیک لوگوں کے ساتھ آسانی اور نرم رویّہ:
وَسَنَقُولُ لَهُ مِنْ أَمْرِنَا یُسْرًا
- طاقت اور کامیابی کی بلندی پر تواضع:
داستان کا سب سے بڑا سبق آخری آیت میں سامنے آتا ہے۔ عظیم تاریخی سد بنانے کے بعد بھی ذوالقرنین نے اسے اپنی ذاتی عظمت کا نتیجہ نہیں سمجھا بلکہ فرمایا: هَٰذَا رَحْمَةٌ مِنْ رَبِّی؛ “یہ میرے پروردگار کی رحمت ہے۔” اور یہ یاد دلایا کہ ایک دن ہر چیز اللہ کے حکم سے فنا ہوجائے گی۔
الف) تفسیری مصادر
- تفسیر المیزان، علامہ سید محمد حسین طباطبائی، جلد 13، سورۂ کہف کی متعلقہ آیات کے ذیل میں۔
- تفسیر نمونہ، آیت اللہ ناصر مکارم شیرازی، جلد 12، سورۂ کہف آیات 83 تا 98 کے ذیل میں۔
- تفسیر الکاشف، علامہ محمد جواد مغنیہ، جلد 5۔
- التفسیر الکبیر (مفاتیح الغیب)، فخر رازی، جلد 21۔
- تفسیر ابن کثیر، حافظ ابن کثیر دمشقی، جلد 5۔
- تفسیر العیاشی، جلد 2، ص 340۔
- بحار الأنوار، جلد 12، ص 198۔
ب) تاریخی اور تحقیقی مصادر
- تاریخ طبری (تاريخ الأمم والملوك)، محمد بن جریر طبری۔
- الآثار الباقية عن القرون الخالية، ابوریحان بیرونی؛ بادشاہوں کے نسب اور القاب کے مباحث میں۔
- کمال الدین و تمام النعمة، شیخ صدوق، جلد 2، ص 393۔
- علل الشرائع، شیخ صدوق، جلد 1، ص 39۔
- الکافی، کلینی، جلد 8، ص 303۔
- تفسیر القمی، علی بن ابراہیم قمی، جلد 2۔
- الدر المنثور، سیوطی، جلد 5، ص 355۔
خبریں ان باکس کے ذریعے
نیوز لیٹر کو سبسکرائب کریں۔

