سدا بہار قرآنی کہانیاں – جلد 03 شمارہ 45

Everlasting Tales of the Quran – Volume 03 Issue 45

حضرت سلیمان علیہ السلام اور بلقیس (ملکۂ سبا) کا واقعہ 

حضرت سلیمان علیہ السلام کی حکومت میں حکمت اور الٰہی اقتدار کا ظہور

اس سے پہلے کہ حضرت سلیمان علیہ السلام اور بلقیس، ملکۂ سبا، کے درمیان پیش آنے والے حیرت انگیز واقعے کا آغاز ہو، اس عظیم پیغمبر کی زندگی میں دو اہم واقعات رونما ہوئے۔ ان واقعات نے ان کے بلند علمی، روحانی اور حکومتی مقام کو آشکار کیا اور قرآنِ کریم کی ایک نہایت خوبصورت داستان کی بنیاد فراہم کی۔

پہلا واقعہ حضرت سلیمان علیہ السلام کے حکیمانہ فیصلے اور حضرت داؤد علیہ السلام کے بعد ان کی جانشینی سے متعلق تھا۔ روایات میں آیا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے حضرت داؤد علیہ السلام پر وحی فرمائی کہ ان کا جانشین وہ شخص ہوگا جو الٰہی آزمائشوں میں اپنی اہلیت اور برتری ثابت کرے گا۔

ایک دن دو شخص اپنا مقدمہ لے کر حضرت داؤد علیہ السلام کی خدمت میں حاضر ہوئے۔ ان میں سے ایک شخص ایک باغ کا مالک تھا، جس میں دوسرے شخص کی بھیڑیں داخل ہو گئی تھیں اور انہوں نے اس کی فصلوں کو تباہ کر دیا تھا۔ حضرت داؤد علیہ السلام نے دونوں کی بات سننے کے بعد فیصلہ فرمایا کہ باغ کے نقصان کے بدلے بھیڑیں باغ کے مالک کے حوالے کر دی جائیں۔

لیکن حضرت سلیمان علیہ السلام، جو اس وقت کم عمر ہونے کے باوجود الٰہی علم اور غیر معمولی بصیرت کے حامل تھے، نے نہایت احترام کے ساتھ اپنے والد سے اجازت طلب کی کہ وہ ایک مختلف رائے پیش کریں۔

انہوں نے فرمایا: بھیڑوں کو کچھ عرصے کے لئے  باغ کے مالک کے حوالے کر دیا جائے تاکہ وہ ان کے دودھ اور دیگر فوائد سے فائدہ اٹھائے۔ اس دوران بھیڑوں کے مالک کی ذمہ داری ہوگی کہ وہ باغ کو دوبارہ آباد کرے اور اسے پہلی حالت میں واپس لے آئے۔ جب نقصان کی تلافی ہو جائے تو دونوں افراد اپنی اپنی ملکیت واپس لے لیں۔

یہ فیصلہ اس قدر منصفانہ اور حکیمانہ تھا کہ حضرت داؤد علیہ السلام نے اس کی تعریف فرمائی۔ اللہ تعالیٰ نے بھی قرآنِ کریم میں اس فیصلے کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا: 

فَفَهَّمْنَاهَا سُلَيْمَانَ وَكُلًّا آتَيْنَا حُكْمًا وَعِلْمًا  (سورۂ انبیاء، آیت ۷۹)

"پس ہم نے اس فیصلے کی سمجھ سلیمان کو عطا کی، اور ہم نے ان دونوں کو حکمت اور علم عطا کیا تھا۔"

اس طرح حضرت سلیمان علیہ السلام حضرت داؤد علیہ السلام کے علم و حکمت کے وارث کے طور پر پہچانے گئے اور ان کی جانشینی کی راہ ہموار ہوئی۔

دوسرا اہم واقعہ حضرت سلیمان علیہ السلام کی حکومت کا آغاز اور انہیں اللہ تعالیٰ کی جانب سے خصوصی نعمتوں کا عطا ہونا تھا۔

اللہ تعالیٰ نے انہیں ایسی غیر معمولی صلاحیتیں اور وسائل عطا فرمائے جن کی مثال تاریخ میں بہت کم ملتی ہے۔ ہوا ان کے حکم کے تابع کر دی گئی، جو طویل فاصلے مختصر وقت میں طے کرتی تھی۔ ان کے لئے  پگھلے ہوئے تانبے کا چشمہ جاری کیا گیا اور جنّات کے مختلف گروہوں کو ان کی خدمت پر مامور کیا گیا تاکہ وہ عظیم عمارتیں، عبادت گاہیں، محلات اور مختلف تعمیرات تیار کریں۔

امام محمد باقر علیہ السلام سے منقول ایک روایت کے مطابق، حضرت سلیمان علیہ السلام کو بیت المقدس اور مسجدِ اقصیٰ کی توسیع کا حکم دیا گیا، جس کے لئے  انہوں نے جنّات اور اپنے زیرِ فرمان دیگر قوتوں کو کام پر لگایا۔ انہوں نے شاندار عمارتیں، بلند محلات، عبادت کے محراب، بڑے بڑے دیگ اور مختلف تعمیراتی ڈھانچے بنائے۔

اس تمام عظمتِ حکومت اور وسیع اقتدار کے باوجود حضرت سلیمان علیہ السلام کبھی غرور اور خودپسندی کا شکار نہ ہوئے۔ وہ سادہ زندگی گزارتے تھے اور ہمیشہ اپنی تمام کامیابیوں کو اللہ تعالیٰ کا فضل سمجھتے تھے۔

جب وہ اپنی حکومت میں قدرتِ الٰہی کی نشانیاں دیکھتے تو فرماتے:

…قَالَ هَٰذَا مِنْ فَضْلِ رَبِّي لِيَبْلُوَنِي أَأَشْكُرُ أَمْ أَكْفُرُ…  (سورۂ نمل، آیت ۴۰)

"انہوں نے کہا: یہ میرے پروردگار کا فضل ہے تاکہ وہ مجھے آزمائے کہ میں شکر گزار بنتا ہوں یا ناشکری کرتا ہوں۔"

یوں حضرت سلیمان علیہ السلام کی حکومت تین بنیادی ستونوں پر قائم ہوئی: علم، انکساری اور حکمتِ عملی۔ یہی خصوصیات انہیں اپنے دور کے ایک عظیم سیاسی اور ثقافتی مشن، یعنی ملکۂ سبا اور اس کی قوم کو توحید کی دعوت دینے کے لئے  تیار کر رہی تھیں۔

سرزمینِ سبا کی دریافت اور ہُدہُد کی خبر

ایک دن حضرت سلیمان علیہ السلام اپنے معمول کے مطابق پرندوں کے لشکر کا معائنہ کر رہے تھے۔ معائنے کے دوران انہوں نے محسوس کیا کہ ہُدہُد موجود نہیں ہے۔

اس کی اچانک غیر حاضری ان کے لئے  حیرت کا باعث بنی، کیونکہ حضرت سلیمان علیہ السلام کی منظم حکومت میں ہر مخلوق کی ایک مخصوص ذمہ داری اور فریضہ تھا۔

چنانچہ انہوں نے فرمایا: 

مَا لِيَ لَا أَرَى الْهُدْهُدَ أَمْ كَانَ مِنَ الْغَائِبِينَ لَأُعَذِّبَنَّهُ عَذَابًا شَدِيدًا أَوْ لَأَذْبَحَنَّهُ أَوْ لَيَأْتِيَنِّي بِسُلْطَانٍ مُبِينٍ

(سورۂ نمل، آیات ۲۰ اور ۲۱)

"کیا وجہ ہے کہ مجھے ہُدہُد نظر نہیں آ رہا؟ کیا وہ غیر حاضر ہے؟ میں اسے ضرور سخت سزا دوں گا یا ذبح کر دوں گا، مگر یہ کہ وہ اپنی غیر حاضری کے لئے  کوئی واضح دلیل پیش کرے۔"

جب ہُدہُد واپس آیا تو پورے اعتماد اور ادب کے ساتھ حضرت سلیمان علیہ السلام کے سامنے کھڑا ہوا اور عرض کیا:

أَحَطتُ بِمَا لَمْ تُحِطْ بِهِ وَجِئْتُكَ مِن سَبَإٍ بِنَبَإٍ يَقِينٍ (سورۂ نمل، آیت ۲۲)

"میں ایک ایسی بات سے آگاہ ہوا ہوں جس سے آپ آگاہ نہیں ہوئے، اور میں سرزمینِ سبا سے آپ کے لئے  ایک یقینی خبر لے کر آیا ہوں۔"

پھر اس نے اپنی رپورٹ جاری رکھتے ہوئے کہا:

إِنِّي وَجَدتُّ امْرَأَةً تَمْلِكُهُمْ وَأُوتِيَتْ مِن كُلِّ شَيْءٍ وَلَهَا عَرْشٌ عَظِيمٌ (سورۂ نمل، آیت ۲۳)

"میں نے وہاں ایک عورت کو پایا جو ان لوگوں پر حکومت کرتی ہے۔ اسے ہر طرح کے وسائل اور نعمتیں حاصل ہیں اور اس کا ایک عظیم الشان تخت ہے۔"

لیکن جس چیز نے ہُدہُد کو سب سے زیادہ رنجیدہ کیا تھا، وہ اس سرزمین کے لوگوں کے عقائد تھے۔ چنانچہ اس نے کہا:

وَجَدتُّهَا وَقَوْمَهَا يَسْجُدُونَ لِلشَّمْسِ مِن دُونِ اللَّهِ (سورۂ نمل، آیت ۲۴)

"میں نے اسے اور اس کی قوم کو دیکھا کہ وہ اللہ کے بجائے سورج کو سجدہ کرتے ہیں۔"

حضرت سلیمان علیہ السلام نے یہ خبر سن کر بہت سے دوسرے حکمرانوں کے برعکس، جو کسی خوش حال سرزمین کا ذکر سنتے ہی اسے فتح کرنے کا سوچنے لگتے ہیں، جلد بازی میں کوئی فیصلہ نہیں کیا۔

انہوں نے سب سے پہلے ہُدہُد کی بات کی سچائی کی تصدیق کرنا چاہی، چنانچہ فرمایا

:

سَنَنظُرُ أَصَدَقْتَ أَمْ كُنتَ مِنَ الْكَاذِبِينَ (سورۂ نمل، آیت ۲۷)

"ہم جلد دیکھیں گے کہ تم نے سچ کہا ہے یا تم جھوٹ بولنے والوں میں سے ہو۔"

اس کے بعد انہوں نے دھمکی اور جنگ کے بجائے حکمت اور امن پر مبنی دعوت کا آغاز کرنے کا فیصلہ کیا۔

عزت، حکمت اور توحید کی دعوت سے بھرپور خط

حضرت سلیمان علیہ السلام نے ایک مختصر لیکن نہایت گہرا اور بامعنی خط لکھا، جس کی عظمت اس کے آغاز اور اختتام دونوں سے نمایاں تھی۔ انہوں نے خط کا آغاز اللہ تعالیٰ کے نام سے کیا اور لکھا:

إِنَّهُ مِن سُلَيْمَانَ وَإِنَّهُ بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَٰنِ الرَّحِيمِ أَلَّا تَعْلُوا عَلَيَّ وَأْتُونِي مُسْلِمِينَ (سورۂ نمل، آیات ۳۰ اور ۳۱)

"یہ خط سلیمان کی طرف سے ہے اور اس کا آغاز اللہ کے نام سے ہے جو نہایت مہربان اور رحم فرمانے والا ہے۔ میرے مقابلے میں سرکشی نہ کرو اور حق کے سامنے سرِ تسلیم خم کرتے ہوئے میرے پاس آؤ۔"

پھر انہوں نے یہ خط ہُدہُد کے حوالے کیا اور فرمایا:

اذْهَب بِّكِتَابِي هَٰذَا فَأَلْقِهْ إِلَيْهِمْ ثُمَّ تَوَلَّ عَنْهُمْ فَانظُرْ مَاذَا يَرْجِعُونَ (سورۂ نمل، آیت ۲۸)

"میرا یہ خط ان کے پاس لے جاؤ اور ان کی طرف ڈال دو، پھر ان سے الگ ہو کر دیکھو کہ وہ کیا جواب دیتے ہیں۔"

ہُدہُد تیزی سے سرزمینِ سبا کی طرف روانہ ہوا اور خط بلقیس کے محل تک پہنچا دیا۔

جب ملکہ نے خط پڑھا تو اس کی اہمیت اور عظمت کو محسوس کیا اور فوراً ملک کے معززین اور مشیروں کو طلب کیا۔ پھر ان سے مخاطب ہو کر کہا:

يَا أَيُّهَا الْمَلَأُ إِنِّي أُلْقِيَ إِلَيَّ كِتَابٌ كَرِيمٌ (سورۂ نمل، آیت ۲۹)

"اے معزز سردارو! میرے پاس ایک نہایت اہم اور قابلِ احترام خط پہنچا ہے۔"

اس کے بعد اس نے خط کا مضمون ان کے سامنے بیان کیا۔ 

بلقیس کی حکمتِ عملی اور جنگ سے اجتناب

خط سننے کے بعد سبا کے مشیروں اور فوجی سرداروں نے کہا:

نَحْنُ أُولُو قُوَّةٍ وَأُولُو بَأْسٍ شَدِيدٍ وَالْأَمْرُ إِلَيْكِ (سورۂ نمل، آیت ۳۳)

"ہم بڑی طاقت اور زبردست جنگی قوت کے مالک ہیں، لیکن آخری فیصلہ آپ ہی کے اختیار میں ہے۔"

تاہم بلقیس بہت سے ایسے حکمرانوں کے برعکس، جو معمولی خطرے کے جواب میں بھی جنگ کا راستہ اختیار کر لیتے ہیں، نہایت دانش مند اور دوراندیش تھی۔اس نے تاریخ کے تجربات کو یاد کرتے ہوئے کہا:

إِنَّ الْمُلُوكَ إِذَا دَخَلُوا قَرْيَةً أَفْسَدُوهَا وَجَعَلُوا أَعِزَّةَ أَهْلِهَا أَذِلَّةً (سورۂ نمل، آیت ۳۴)

"بادشاہ جب طاقت کے زور پر کسی شہر میں داخل ہوتے ہیں تو اسے تباہ و برباد کر دیتے ہیں اور وہاں کے معزز لوگوں کو ذلیل بنا دیتے ہیں۔"

پھر اس نے حقیقت کو جانچنے کا فیصلہ کیا۔

اس نے کہا کہ پہلے حضرت سلیمان علیہ السلام کے لئے  قیمتی تحائف بھیجے جائیں۔ اگر وہ دنیا کے طالب بادشاہ ہوں گے تو تحائف قبول کر لیں گے، لیکن اگر وہ اللہ کے پیغمبر ہوں گے تو ان کے نزدیک دوسری اقدار زیادہ اہم ہوں گی۔

تحائف کا انکار اور حقیقت کا آشکار ہونا

قیمتی زیورات، سونے اور بیش قیمت تحائف سے آراستہ ایک قافلہ حضرت سلیمان علیہ السلام کے دربار کی طرف روانہ کیا گیا۔

لیکن جب ملکہ کے نمائندے ان کی خدمت میں حاضر ہوئے تو اپنی توقع کے برعکس انہوں نے دیکھا کہ حضرت سلیمان علیہ السلام کو دنیا کی دولت اور ظاہری شان و شوکت سے کوئی دلچسپی نہیں تھی۔

حضرت سلیمان علیہ السلام نے فرمایا:

أَتُمِدُّونَنِ بِمَالٍ فَمَا آتَانِيَ اللَّهُ خَيْرٌ مِّمَّا آتَاكُم (سورۂ نمل، آیت ۳۶)

"کیا تم مال و دولت کے ذریعے میری مدد کرنا چاہتے ہو؟ اللہ نے جو کچھ مجھے عطا کیا ہے، وہ اس سے کہیں بہتر ہے جو تمہیں دیا گیا ہے۔"

پھر مزید فرمایا:

بَلْ أَنتُم بِهَدِيَّتِكُمْ تَفْرَحُونَ

"بلکہ تم ہی اپنے تحائف پر خوش ہوتے ہو۔"

اس کے بعد انہوں نے نمائندوں کو واپس بھیج دیا۔ وہ سمجھ گئے کہ ان کا سامنا دنیا پرست حکمران سے نہیں، بلکہ ایک عظیم الٰہی شخصیت سے ہے۔

جب اس ملاقات کی رپورٹ بلقیس تک پہنچی تو اسے معلوم ہو گیا کہ سلیمان علیہ السلام محض ایک بادشاہ نہیں، بلکہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے بھیجے گئے پیغمبر ہیں۔

بلقیس کے تخت کو اٹھا لانا

اسی دوران، بلقیس کی آمد سے پہلے، حضرت سلیمان علیہ السلام نے قدرتِ الٰہی کا ایک حیرت انگیز جلوہ دکھانے کا فیصلہ کیا۔

چنانچہ انہوں نے اپنے دربار میں موجود افراد سے فرمایا:

يَا أَيُّهَا الْمَلَأُ أَيُّكُمْ يَأْتِينِي بِعَرْشِهَا قَبْلَ أَن يَأْتُونِي مُسْلِمِينَ (سورۂ نمل، آیت ۳۸)

"اے معزز سردارو! تم میں سے کون اس کا تخت میرے پاس لا سکتا ہے، اس سے پہلے کہ وہ فرمانبردار ہو کر میرے پاس آئیں؟"

جنّات میں سے ایک طاقتور عفریت نے کہا:

أَنَا آتِيكَ بِهِ قَبْلَ أَن تَقُومَ مِن مَّقَامِكَ (سورۂ نمل، آیت ۳۹)

"میں اسے آپ کے مجلس سے اٹھنے سے پہلے آپ کے پاس لے آؤں گا۔"

لیکن ایک مردِ خدا، جس کا قرآن نے( الَّذِي عِندَهُ عِلْمٌ مِنَ الْكِتَابِ ( وہ شخص جس کے پاس کتابِ الٰہی کا کچھ علم تھا) کے عنوان سے ذکر کیا ہے اور جسے روایات میں آصف بن برخیا کہا گیا ہے، اس نے عرض کیا:

أَنَا آتِيكَ بِهِ قَبْلَ أَن يَرْتَدَّ إِلَيْكَ طَرْفُكَ (سورۂ نمل، آیت ۴۰)

"میں اسے آپ کی پلک جھپکنے سے پہلے آپ کے پاس لے آؤں گا۔"

اچانک تخت حضرت سلیمان علیہ السلام کے سامنے حاضر ہو گیا۔

اس موقع پر بھی حضرت سلیمان علیہ السلام نے غرور اور خودستائی کے بجائے فرمایا:

هَٰذَا مِن فَضْلِ رَبِّي لِيَبْلُوَنِي أَأَشْكُرُ أَمْ أَكْفُرُ (سورۂ نمل، آیت ۴۰)

"یہ میرے پروردگار کا فضل ہے تاکہ وہ مجھے آزمائے کہ میں شکر گزار بنتا ہوں یا ناشکری کرتا ہوں۔" 

بلقیس کی آمد اور اس کا ایمان لانا

کچھ عرصے بعد بلقیس اپنی قوم کے معززین کے ایک وفد کے ساتھ حضرت سلیمان علیہ السلام کی سرزمین میں داخل ہوئی۔

حضرت سلیمان علیہ السلام نے حکم دیا تھا کہ ملکہ کے تخت کی ظاہری شکل میں کچھ تبدیلیاں کر دی جائیں۔

جب بلقیس آئی تو اس سے پوچھا گیا:

أَهَكَذَا عَرْشُكِ (سورۂ نمل، آیت ۴۲)

"کیا تمہارا تخت ایسا ہی ہے؟"

اس نے غور سے دیکھا اور جواب دیا:

كَأَنَّهُ هُوَ

"ایسا لگتا ہے کہ یہ وہی ہے۔"

یہ جواب اس کی ذہانت، باریک بینی اور دانش مندی کی علامت تھا۔

اس کے بعد اسے محل کے ایک دوسرے حصے کی طرف لے جایا گیا۔ وہاں صاف اور شفاف شیشے کا ایک فرش بنایا گیا تھا، جس کے نیچے پانی بہہ رہا تھا۔

جب بلقیس نے اسے دیکھا تو اسے گمان ہوا کہ اسے پانی میں سے گزرنا ہوگا، چنانچہ اس نے اپنے لباس کو کچھ اوپر اٹھا لیا۔

لیکن حضرت سلیمان علیہ السلام نے فرمایا:

إِنَّهُ صَرْحٌ مُمَرَّدٌ مِن قَوَارِيرَ (سورۂ نمل، آیت ۴۴)

"یہ تو شیشے اور بلور سے بنا ہوا ایک ہموار فرش ہے۔"

اس لمحے بلقیس کی آنکھوں کے سامنے سے جہالت اور غرور کے پردے ہٹ گئے۔

اس نے سمجھ لیا کہ حقیقی عظمت ظاہری طاقت میں نہیں، بلکہ اللہ تعالیٰ کی معرفت اور اس کی بندگی میں ہے۔

چنانچہ اس نے پورے دل کے ساتھ اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں عرض کیا:

رَبِّ إِنِّي ظَلَمْتُ نَفْسِي وَأَسْلَمْتُ مَعَ سُلَيْمَانَ لِلَّهِ رَبِّ الْعَالَمِينَ (سورۂ نمل، آیت ۴۴)

"اے میرے پروردگار! بے شک میں نے اپنے آپ پر ظلم کیا، اور اب میں سلیمان کے ساتھ اللہ، جو تمام جہانوں کا پروردگار ہے، کے سامنے سرِ تسلیم خم کرتی ہوں۔" 

داستان کا اختتام

اسلامی روایات میں آیا ہے کہ بلقیس کے ایمان لانے کے بعد حضرت سلیمان علیہ السلام نے اس کے ساتھ انتہائی عزت و احترام اور بزرگواری کا برتاؤ کیا۔

بعض روایات کے مطابق حضرت سلیمان علیہ السلام نے اس سے نکاح کیا، جبکہ دوسری روایات میں بیان ہوا ہے کہ انہوں نے اس کا نکاح یمن کے ایک مؤمن حکمران سے کر دیا، اور پھر اسے عزت و احترام کے ساتھ سرزمینِ سبا واپس بھیج دیا تاکہ وہ اپنی قوم کے درمیان ایمان اور انصاف کی بنیاد پر حکومت کرے۔

یوں ایک ایسا واقعہ جو دو بڑی طاقتوں کے درمیان خونریز جنگ میں تبدیل ہو سکتا تھا، ہدایت، امن، حکمت اور توحید کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔

اس واقعے نے الٰہی حکومت کی ایک نہایت خوبصورت تصویر پیش کی؛ ایسی حکومت جس میں علم نے جہالت پر، حکمتِ عملی نے تشدد پر، اور ہدایت نے اقتدار کی ہوس پر فتح حاصل کی، اور جہاں جنگ اور خونریزی کے بغیر دلوں کو اللہ تعالیٰ کی طرف مائل کیا گیا۔

اس داستان کی تعلیمات

۱۔ اقتدار ایک آزمائش کے لئے  امانت ہے، دوسروں پر برتری جتانے کا ذریعہ نہیں

حضرت سلیمان علیہ السلام ایک وسیع سلطنت، عظیم لشکروں، ہوا پر اختیار اور پرندوں کی زبان سمجھنے کی صلاحیت رکھنے کے باوجود کبھی اپنی طاقت کو اپنی ذاتی ملکیت یا قابلیت کا نتیجہ نہیں سمجھتے تھے۔

جب بلقیس کا تخت ان کے سامنے حاضر ہوا تو خودستائی کے بجائے انہوں نے فرمایا: 

هَٰذَا مِنْ فَضْلِ رَبِّي لِيَبْلُوَنِي أأَشْكُرُ أَمْ أَكْفُرُ (سورۂ نمل، آیت ۴۰)

"یہ میرے پروردگار کا فضل ہے تاکہ وہ مجھے آزمائے کہ میں شکر گزار بنتا ہوں یا ناشکری کرتا ہوں۔"

یہ داستان ہمیں سکھاتی ہے کہ طاقت، دولت اور سماجی مقام بذاتِ خود حقیقی قدر و قیمت نہیں رکھتے، بلکہ یہ انسان کی آزمائش کے وسائل ہیں۔ ان کی اصل قدر اس بات میں ہے کہ انسان انہیں کس طرح استعمال کرتا ہے۔

۲۔ علم اور حکمت کی برتری، زور اور فوجی طاقت پر

اگرچہ حضرت سلیمان علیہ السلام سرزمینِ سبا کو فتح کرنے کی طاقت رکھتے تھے، لیکن انہوں نے دعوت، گفتگو اور آگاہی کا راستہ اختیار کیا۔

انہوں نے ایک حکمت سے بھرپور خط بھیجا اور علم و معرفت کی طاقت سے کام لیا۔

یہاں تک کہ بلقیس کے تخت کو لانے کے واقعے میں بھی قرآن اس شخص کے کردار کو نمایاں کرتا ہے جس کے پاس کتابِ الٰہی کا کچھ علم تھا۔

یہ واقعہ ظاہر کرتا ہے کہ سب سے گہری اور پائیدار تبدیلیاں طاقت اور جبر کے ذریعے نہیں، بلکہ علم، بصیرت اور ہدایت کے ذریعے پیدا ہوتی ہیں۔

۳۔ بلقیس کی عقل مندی اور حق کی تلاش

اس داستان کی نمایاں شخصیات میں سے ایک بلقیس ہے۔

وہ طاقت اور سیاسی مقام رکھنے کے باوجود غرور کا شکار نہیں ہوئی اور فیصلہ کرنے سے پہلے تحقیق اور مشورے کا راستہ اختیار کیا۔

جب اس نے جنگ کے خطرات کو محسوس کیا تو کہا: 

إِنَّ الْمُلُوكَ إِذَا دَخَلُوا قَرْيَةً أَفْسَدُوهَا…  (سورۂ نمل، آیت ۳۴)

"بادشاہ جب کسی سرزمین میں داخل ہوتے ہیں تو اسے تباہ و برباد کر دیتے ہیں…”

اس نے تعصب کے بجائے حقیقت کو ترجیح دی اور یہی رویہ اس کی ہدایت اور ایمان کا سبب بنا۔

۴۔ دنیا کی ظاہری شان و شوکت سے بے نیازی

بلقیس نے حضرت سلیمان علیہ السلام کو آزمانے کے لئے  ان کے پاس قیمتی تحائف بھیجے، لیکن انہوں نے واضح الفاظ میں فرمایا: 

أَتُمِدُّونَنِ بِمَالٍ فَمَا آتَانِيَ اللَّهُ خَيْرٌ مِّمَّا آتَاكُم (سورۂ نمل، آیت ۳۶)

"کیا تم مال کے ذریعے میری مدد کرنا چاہتے ہو؟ اللہ نے جو کچھ مجھے عطا کیا ہے، وہ اس سے بہتر ہے جو تمہیں دیا گیا ہے۔"

پیغمبروں کی نظر میں دنیا بذاتِ خود مقصد نہیں ہوتی، بلکہ الٰہی رسالت کی انجام دہی اور اللہ کے بندوں کی خدمت کا ایک ذریعہ ہوتی ہے۔

۵۔ حقیقت کے سامنے غلط تصورات کے پردوں کا ہٹ جانا

بلقیس کا شیشے کے محل میں داخل ہونا محض فنِ تعمیر کے ایک عجوبے کا مشاہدہ نہیں تھا، بلکہ یہ وہ لمحہ تھا جب اس کی آنکھوں کے سامنے سے غرور اور غلط عقائد کے پردے ہٹ گئے۔ آخرکار اس نے انکساری کے ساتھ اعتراف کیا:

 

رَبِّ إِنِّي ظَلَمْتُ نَفْسِي وَأَسْلَمْتُ مَعَ سُلَيْمَانَ لِلَّهِ رَبِّ الْعَالَمِينَ (سورۂ نمل، آیت ۴۴)

"اے میرے پروردگار! میں نے اپنے آپ پر ظلم کیا اور اب میں سلیمان کے ساتھ اللہ، تمام جہانوں کے پروردگار، کے سامنے سرِ تسلیم خم کرتی ہوں۔"

انسان اسی وقت حقیقت کے قریب ہوتا ہے جب وہ خودپسندی اور تعصب سے دور ہو کر حق کو قبول کرنے کے لئے  تیار ہو جائے۔

۶۔ جنگ پر امن اور ہدایت کی فتح

اس داستان کا سب سے خوبصورت پیغام یہ ہے کہ ایک ایسا واقعہ جو بڑی جنگ کا سبب بن سکتا تھا، گفتگو، تدبیر اور ہدایت کے ذریعے اختتام پذیر ہوا۔

نہ خون بہایا گیا اور نہ کوئی سرزمین تباہ ہوئی، بلکہ دل ایمان اور توحید کی طرف مائل ہوئے۔

یہ داستان ہمیں سکھاتی ہے کہ حقیقی کامیابی دوسروں کو شکست دینے میں نہیں، بلکہ جہالت کو علم میں، دشمنی کو دوستی میں، اور اللہ سے دوری کو ایمان اور اس کی بندگی میں تبدیل کرنے میں ہے۔

داستان کا مرکزی پیغام

حضرت سلیمان علیہ السلام اور بلقیس کی داستان، غرور پر حکمت کی، اقتدار کی ہوس پر علم کی، تعصب پر حقیقت کی، اور تشدد پر امن کی فتح کی داستان ہے۔

یہ واقعہ ظاہر کرتا ہے کہ دلوں کو دلیل، اخلاق اور ہدایت کے ذریعے فتح کیا جا سکتا ہے؛ اور ایسی فتح ہر فوجی کامیابی سے زیادہ پائیدار اور قیمتی ہوتی ہے۔ 

قرآنی مصادر:

حضرت سلیمان علیہ السلام اور ملکۂ سبا سے متعلق آیات

  • سورۂ بقرہ، آیت ۱۰۲
  • سورۂ انعام، آیت ۸۴
  • سورۂ انبیاء، آیات ۷۸ تا ۸۲
  • سورۂ نمل، آیات ۱۵ اور ۱۶، نیز آیات ۲۰ تا ۴۴
  • سورۂ سبا، آیات ۱۲، ۱۳ اور ۱۴
  • سورۂ ص، آیات ۳۱ تا ۳۵

شیعہ روائی اور تفسیری معتبر مصادر:

ان واقعات سے متعلق احادیث، تفاسیر اور تفصیلات درج ذیل مستند روائی اور تفسیری کتب میں بیان ہوئی ہیں:

  • تفسیر القمی – علی بن ابراہیم قمی
  • تفسیر المیزان – علّامہ طباطبائی
  • بحارالانوار – علّامہ مجلسی، جلد ۱۴
  • قصص الانبیاء – قطب الدین راوندی
  • تفسیر نور الثقلین – شیخ عروسی حویزی
اس کا اشتراک کریں، اپنا پلیٹ فارم منتخب کریں!

خبریں ان باکس کے ذریعے

نیوز لیٹر کو سبسکرائب کریں۔