موضوعِ ہفتہ – جلد 03 شمارہ 13
غزوۂ اُحد سے قرآنی تربیتی و اسٹریٹیجک اسباق
سید ہاشم موسوی
تمہید
جنگِ اُحد اسلام کی ابتدائی تاریخ کے اہم ترین اور فیصلہ کن واقعات میں سے ایک ہے، جسے قرآنِ کریم نے ایک گہرے تجزیاتی انداز میں ایک "زندہ تربیتی درسگاہ" میں تبدیل کر دیا ہے۔
آنے والے ہفتے میں اس عظیم معرکے کی سالگرہ کے پیشِ نظر، یہ ایک بہترین موقع ہے کہ ہم اس واقعے کے مختلف پہلوؤں کو درست طور پر سمجھیں اور ان آیاتِ وحی کا مطالعہ کریں جو براہِ راست اس سے متعلق نازل ہوئی ہیں۔
ان میں سے اکثر رہنمائی سورۂ آلِ عمران (آیات 121 تا 179) میں بیان ہوئی ہے؛ وہ آیات جو جنگ کے بعد کے بھاری ماحول میں نازل ہوئیں، جب مسلمان زخمی روح کے ساتھ مدینہ واپس لوٹے تھے۔ ان آیات نے نہ صرف شکست کے اسباب کا تجزیہ کیا بلکہ عزت کی بحالی اور ایمان کی تعمیرِ نو کا راستہ بھی واضح کیا۔
اس تحریر میں انہی آیات کی روشنی میں اس جنگ کے اہم ترین تربیتی اور اسٹریٹیجک اسباق بیان کیے گئے ہیں۔
غزوۂ اُحد کا خلاصہ
جنگ بدر میں مشرکین کی شکست کے بعد، قریش نے تیسرے ہجری سال میں تقریباً 3000 افراد پر مشتمل لشکر کے ساتھ مدینہ کی طرف پیش قدمی کی تاکہ انتقام لے سکیں۔
رسول اکرم ﷺ اگرچہ شہر کے اندر دفاع کے حامی تھے، لیکن نوجوانوں کی رائے کے احترام میں آپ 1000 افراد کے ساتھ مدینہ سے باہر نکلے (جن میں سے 300 منافق، عبداللہ بن ابی کی قیادت میں، واپس ہو گئے اور لشکر 700 رہ گیا)۔
نبی اکرم ﷺ نے صف بندی کے بعد ایک نہایت اہم فوجی حکم دیا:
دشمن کے عقب سے حملے کو روکنے کے لیے تیر اندازوں کو، عبداللہ بن جبیر کی قیادت میں، جبلِ عینین (جسے آج "تیر اندازوں کی پہاڑی” کہا جاتا ہے) پر مقرر کیا اور فرمایا:
"چاہے تم دیکھو کہ پرندے ہماری لاشیں نوچ رہے ہیں، اپنی جگہ نہ چھوڑنا۔"
ابتدا میں مسلمان غالب رہے اور دشمن کی صفیں توڑ دیں۔
لیکن جب تیر اندازوں نے دیکھا کہ دشمن بھاگ رہا ہے اور مسلمان غنیمت جمع کر رہے ہیں، تو اکثر (تقریباً 40 افراد) نے حکم کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اپنی جگہ چھوڑ دی۔
یہی وہ لمحہ تھا جب خالد بن ولید نے عقب سے حملہ کیا، باقی تیر اندازوں کو شہید کیا اور مسلمانوں کی صفوں کو منتشر کر دیا۔
اسی دوران نبی اکرم ﷺ کی شہادت کی افواہ بھی پھیل گئی، جس سے مزید بدحواسی پیدا ہوئی۔
اس جنگ میں حضرت حمزہؑ سمیت ستر صحابہ شہید ہوئے اور خود نبی اکرم ﷺ بھی زخمی ہوئے۔
بالآخر جنگ بغیر کسی حتمی فوجی فتح کے ختم ہوئی۔
آیاتِ وحی اور غزوۂ اُحد
1۔ آغازِ جنگ اور فوجی تنظیم: (آل عمران: 121)
یہ آیت جنگی منصوبہ بندی اور قیادت کی اہمیت کو بیان کرتی ہے۔
2۔ نصرتِ الٰہی اور اطاعت کا کردار: (آل عمران: 152)
یہ آیت واضح کرتی ہے کہ:
- ابتدائی فتح، اللہ کی مدد سے تھی
- لیکن اس کا تسلسل انضباط، اتحاد اور اطاعت پر منحصر تھا
اہم نکات:
- سستی اور اختلاف شکست کا سبب بنے
- دنیا طلبی اور آخرت طلبی کے درمیان تضاد نے بحران پیدا کیا
- اس کے باوجود اللہ کی رحمت کا دروازہ بند نہیں ہوا
3۔ قیادتِ الٰہی: استحکام کا محور :(آل عمران: 144)
یہ آیت تین بنیادی اصول سکھاتی ہے:
- شخصیت پرستی سے بالاتر ہونا
- ارتداد اور پسپائی کی نفی
- مشکلات میں ثابت قدمی
قرآن واضح کرتا ہے کہ:
ایمان کو افراد سے نہیں بلکہ "حق” سے وابستہ ہونا چاہیے، لیکن کامیابی پھر بھی قیادتِ الٰہی کی اطاعت سے مشروط ہے۔
4۔ شکست کا نفسیاتی تجزیہ: (آل عمران: 153)
یہ آیت جنگ کے ایک نہایت مشکل لمحے کو بیان کرتی ہے:
اہم اسباق:
- خوف فیصلہ سازی کو متاثر کرتا ہے
- بحران میں قیادت سے تعلق کمزور ہو سکتا ہے
- غم پر غم ایک تربیتی عمل ہے
- تکلیف میں بھی حکمت ہوتی ہے
5۔ سنتِ الٰہی: شکست و کامیابی کا نظام: (آل عمران: 140)
اہم نکات:
- کامیابی اور ناکامی گردش کرتی ہیں
- آزمائش ایمان کی حقیقت کو ظاہر کرتی ہے
- شہادت ایک بلند مقصد ہے
- ظالم کی کامیابی عارضی ہے
6۔ شکست کی اصل وجہ: داخلی کمزوری (آل عمران: 165)
یہ آیت ایک بنیادی اصول پیش کرتی ہے:
"یہ تمہاری اپنی طرف سے ہے"
اہم نکات:
- خود احتسابی ضروری ہے
- بحران کو سیکھنے کے موقع میں بدلنا چاہیے
- ذمہ داری قبول کرنا طاقت کا ذریعہ ہے
7۔ روحی و نفسیاتی بحالی :(آل عمران: 139)
یہ آیت مایوسی کے خلاف اعلان ہے:
اہم اسباق:
- ناامیدی کی نفی
- ایمان پر مبنی حقیقی برتری
- مستقبل پر نظر
مضمون کا لب ِلبا (کلیدی پیغام):
اگر ہم ان تمام اسباق کو ایک جملے میں بیان کریں:
اُحد ایک فوجی شکست نہیں، بلکہ ایک تمدن ساز درسگاہ تھی۔
یہ واقعہ ہمیں سکھاتا ہے:
- قیادت کی اطاعت کے بغیر کامیابی ممکن نہیں
- چھوٹی نافرمانی بھی بڑے نتائج بدل سکتی ہے
- دنیا طلبی تباہ کن ہو سکتی ہے
- معاشرہ بغیر اصلاح کے ترقی نہیں کرتا
- حقیقی ایمان مشکل میں ظاہر ہوتا ہے
- شکست انجام نہیں، بلکہ اصلاح کا موقع ہے
اگر ہم اس زاویے سے دیکھیں تو اُحد صرف ایک تاریخی واقعہ نہیں بلکہ ایک دائمی ماڈل ہے، جو ہمیں مضبوط، بااصول اور مستقبل بین معاشرے بنانے کا راستہ دکھاتا ہے۔
خبریں ان باکس کے ذریعے
نیوز لیٹر کو سبسکرائب کریں۔

