موضوعِ ہفتہ – جلد 03 شمارہ 12
ماہِ مبارک رمضان کے روحانی ثمرات اور اُنہیں محفوظ رکھنے کی حکمتِ عملی
سید ہاشم موسوی
تمہید
اسلامی تربیتی نظام میں ماہِ مبارک رمضان صرف عبادت یا تاریخی موسم نہیں ہے، بلکہ ایک منظم تربیت کا میدان اور انسانی تبدیلی کی ایک عملی ورکشاپ ہے۔ یہ مہینہ ایک ایسی ریل گاڑی کی مانند ہے جو ہر سال مومنین کی زندگی کے اسٹیشن پر ٹھہرتی ہے تاکہ اُن کی روح کو نئی زندگی عطا کرے۔ اسی لئے رمضان نہ صرف عبادات میں اضافہ کرنے کا وقت ہے بلکہ ایمان، اخلاق اور سماجی شناخت کی ازسرِنو تعمیر کا سنہراموقع بھی ہے۔
روایات میں بھی اس مہینے کو "ضیافتِ الٰہی” کہا گیا ہے؛ ایک ایسا میدان جہاں انسان ،ظاہری وسائل کی کمی کے باوجود اپنی باطنی صلاحیتوں کے ذریعے ترقی کی راہ طے کر سکتا ہے۔
لیکن اصل چیلنج اُس وقت شروع ہوتا ہے جب یہ روحانی قافلہ ایک ماہ کے قیام کے بعد آگے بڑھ جاتا ہے اور مؤمن کو اگلے رمضان تک گیارہ مہینوں کے سفر کے ساتھ تنہا چھوڑ دیتا ہے۔
یہاں ایک بنیادی سوال سامنے آتا ہے:
رمضان سے ہم نے کیا حاصل کیا ہے اور اُسے کیسے محفوظ رکھا جا سکتا ہے؟
یہ مضمون ایک تحلیلی اور عملی نقطۂ نظر کے ساتھ رمضان کے اہم ثمرات کو چند بنیادی پہلوؤں میں بیان کرتا ہے اور پھر اُنہیں برقرار رکھنے کے عملی طریقے پیش کرتا ہے۔
پہلا حصہ: ماہِ رمضان کے اہم ثمرات
1۔ معرفتی ثمرہ: توحید کا گہرا شعور اور خدا کےحضور کا ادرک :
رمضان کی سب سے بڑی کامیابیوں میں سے ایک یہ ہے کہ انسان کی زندگی میں خدا کی حضوری کا احساس دوبارہ زندہ ہو جاتا ہے۔ روزہ انسان کو روزمرہ کی عادات سے الگ کر کے مسلسل روحانی بیداری کی طرف لے جاتا ہے۔
قرآن کریم فرماتا ہے:
"لَعَلَّكُمْ تَتَّقُونَ”
(البقرہ: 183)
اس آیت سے واضح ہوتا ہے کہ روزے کا اصل مقصد مؤمن کے دل میں تقویٰ اور خدا کےدائمی حضورکا ادراک ہے۔
مؤمن کی زندگی کے تجربے میں بھی رمضان وہ وقت ہے جب دعائیں زیادہ گہری، آنسو زیادہ سچے اور توجہ زیادہ خالص ہو جاتی ہے۔ امام جعفر صادقؑ فرماتے ہیں:
"لِیشْعَرَ الْغَنِیُّ مَسَّ الْجُوعِ فَیَحِنَّ عَلَی الضَّعِیف”
"روزہ اس لیے واجب کیا گیا ہے کہ مالدار بھی بھوک کا درد محسوس کرے اور کمزوروں پر رحم کرے۔”
یہ دل کی نرمی جو روزے کا براہِ راست نتیجہ ہے، حقیقی دعا اور سچے آنسوؤں کی بنیاد بنتی ہے۔ جو دل روزے کی سختی سے نرم ہو جاتا ہے وہ خدائی انوار کو زیادہ جلدی قبول کرتا ہے۔ اس طرح رمضان ایمان کو صرف ذہنی عقیدے سے بلند کر کے قلبی شعور میں بدل دیتا ہے۔
2۔ اخلاقی ثمرہ: نفس پر قابو اور ارادے کی مضبوطی:
روزہ دراصل ارادے کی تربیت کا مدرسہ ہے۔ یہ حلال خواہشات جیسے پانی اور غذا کو ترک کرنے کی مشق ہے۔
یہ مشق انسان کو پورے سال گناہوں اور بری عادات سے بچنے کی قوت عطا کرتی ہے۔ رسول اکرم ﷺ نے فرمایا:
"الصوم جُنّة”
"روزہ ایک ڈھال ہے۔”
یہ ڈھال صرف گناہ سے ہی نہیں بلکہ غصہ، خواہشات اور غلط عادات سے بھی بچاتی ہے۔
قرآن میں بعض مقامات پر روزے کو صبر کے نام سے یاد کیا گیا ہے:
"وَاسْتَعِینُوا بِالصَّبْرِ وَالصَّلَاةِ"
"صبر اور نماز کے واسطےسے مدد مانگو”
امام جعفر صادقؑ فرماتے ہیں کہ اس آیت میں صبر سے مراد روزہ ہے۔ صبر یعنی اپنے اندرونی جذبات پر قابو پانا۔ جو شخص کئی گھنٹے پیاس برداشت کر سکتا ہے وہ اخلاقی دباؤ کے سامنے بھی زیادہ مضبوط رہتا ہے۔
امیرالمؤمنین حضرت علیؑ فرماتے ہیں:
"أفضلُ العبادةِ غَلبةُ العادة”
"سب سے بہترین عبادت ،عادات پر غلبہ حاصل کرنا ہے۔”
رمضان روزمرہ عادات (کھانا، پینا، سونا) کے نظام کو توڑ دیتا ہے۔ جب انسان اپنی سب سے بنیادی خواہشات پر قابو پا لیتا ہے تو اسے یقین ہو جاتا ہے کہ وہ کسی بھی بری عادت کو شکست دے سکتا ہے۔ اس طرح رمضان انسان کو غریزی ردّعمل سے اٹھا کر شعوری انتخاب تک لے جاتا ہے۔
3۔ عبادتی ثمرہ: قرآن اور عبادت سے گہرا تعلق:
رمضان میں مسلسل عبادت، نمازِ جماعت، دعا، شبِ قدر اور احیاء کے ذریعے عبادت صرف ایک عادت نہیں رہتی بلکہ معبود سے انس میں بدل جاتی ہے۔
فرض نبھانے کے ساتھ ساتھ اگر اس سے لطف اندوز بھی ہونا ہو تو ہمیں اپنے اندر شوق پیدا کرنا ہوگا۔ یہی وجہ ہے کہ ماہ رمضان کے اختتام پر مؤمن صرف ایک فریضہ ختم ہونے پر خوش نہیں ہوتا بلکہ ایک محبوب مہمان کی جدائی پر غم و اندوہ کا احساس بھی کرتاہے۔
رمضان دل کے پردوں کو ہٹا دیتا ہے تاکہ انسان سمجھ سکے کہ ذکرِ خدا کوئی خشک حکم نہیں بلکہ سکون کا حقیقی راستہ ہے۔
یہ مہینہ انسان کو محض”عبادت کرنےسے نکال کر”عبادت کو لطف اندوز بنانے” تک پہنچا دیتا ہے۔
4۔ سماجی ثمرہ: ہمدردی اور ذمہ داری کا فروغ:
رمضان کا ایک اہم پہلو سماجی ہمدردی کا بڑھنا ہے۔بھوک کا احساس، افطار کی دعوتیں، زکاتِ فطرہ اور خیراتی سرگرمیاں معاشرے میں طبقاتی فاصلے کو کم کرتی ہیں اور انسان دوستی کو بڑھاتی ہیں۔
چنانچہ رسول اکرم ﷺ نے فرمایا:
"من فطّر صائماً کان له مثل أجره”
"جو کسی روزہ دار کو افطار کرائے گا اسے بھی اتنا ہی اجر ملے گا۔”
یہ ثقافت معاشرے کو انفرادیت سے ہمدردی کی طرف لے جاتی ہے۔ یوں ماہ رمضان ایمان والے معاشرے کا سماجی سرمایہ بڑھاتا ہے۔
5۔ نفسیاتی ثمرہ: سکون اور امید:
بہت سے مؤمنین کے لئے رمضان روحانی سکون اور نفسیاتی تجدید کا مہینہ ہوتا ہے۔
قرآن کی تلاوت، دعا، رات کی تنہائی اور توبہ انسان کے دل سے غبار دور کر دیتی ہے اور اندرونی سکون پیدا کرتی ہے۔
سحر، افطار اور عبادت کے منظم اوقات انسان کی زندگی کے معمولات کو بہتر کرتے ہیں، اضطراب کو کم کرتے ہیں اور امید کو بڑھاتے ہیں۔
یوں ماہ رمضان انسان کی نفسیاتی توازن کو بحال کرتا ہے۔
دوسرا حصہ: ماہ رمضان سے حاصل شدہ ثمرات کے ضائع ہونے کا خطرہ
رمضان کے اختتام کے بعد یہ کامیابیاں خطرے میں پڑ جاتی ہیں۔
تجربہ بتاتا ہے کہ عید الفطر کے بعد کچھ لوگ تیزی سے اپنی پرانی عادات کی طرف لوٹ جاتے ہیں اور ایک طرح کے روحانی زوال کا شکار ہو جاتے ہیں۔ اس کے چند اسباب ہیں:
- تسلسل کو برقرار رکھنے کے ارادے کا نہ ہونا
- غیر ہم آہنگ سماجی ماحول کا اثر
- نفس کو قابو میں رکھنے کی کمزوری
- بندگی کے موسم کے ختم ہونے کا غلط تصور
امیرالمؤمنین علیؑ فرماتے ہیں:
"کونوا لقبول العمل أشد اهتماماً من العمل”
"عمل کی قبولیت کی فکر، خود عمل سے بھی زیادہ ہونی چاہیے۔”
یعنی عمل کو محفوظ رکھنا اصل عمل سے زیادہ اہم ہے۔
تیسرا حصہ: ماہ رمضان سے حاصل شدہ ثمرات کو محفوظ رکھنے کی حکمتِ عملی
علماءِ اخلاق عید کے بعد روحانی زوال سے بچنے کے لئے چند اصولوں کی سختی سے تاکید فرماتے ہیں:
1۔ کم مگر مسلسل عبادت کا اصول:
ثمرات کو محفوظ رکھنے کا بنیادی اصول استمرار ہے۔
رسول اکرم ﷺ نے فرمایا:
"أحبّ الأعمال إلى الله أدومها وإن قلّ”
"اللہ کے نزدیک سب سے محبوب عمل وہ ہے جو مسلسل ہو، چاہے کم ہی کیوں نہ ہو۔”
عملی تجاویز:
1۔ قرآن اور دعا سے تعلق کا برقرار رکھنا
مؤمن کو چاہیے کہ قرآن کو صرف طاقچوں پر رکھنے کے بجائے اپنی زندگی کے متن میں لے آئے۔ ہر روز کم از کم ایک آیت کا ترجمہ پڑھنا بھی رمضان میں بننے والے تعلق کو زندہ رکھتا ہے۔
2۔ نماز کو اول وقت میں پڑھنے کی عادت کوبرقرار رکھنا
3۔ مستحب روزے رکھنے کے سلسلے کو جاری رکھنا
اس ارادے سے کہ کہیں تقویٰ کی صفت (عادت) ضائع نہ ہو جائے، مستحب روزوں میں سے کچھ کو جاری رکھنا چاہیے۔ مثلاً شوال کے چھ روزے یا پیر اور جمعرات کے روزے۔
یہ انسان کے روحانی ماحول کو رمضان سے جڑا رکھتا ہے۔
2۔ دماغ میں آنے والے برے خیالات کی نگرانی کا اصول
ماہ رمضان میں انسان ، آنکھ، کان اور زبان کو قابو کرنے کی مشقیں کرتا رہا ہے۔ اب اسے ماہ رمضان کے بعد بھی اسی طرح اپنے اعضاء و جوارح کو قابو میں رکھنا چاہیے۔
امام موسیٰ کاظمؑ فرماتے ہیں:
"لیس منا من لم یحاسب نفسه کل یوم”
"وہ ہم میں سے نہیں جو ہر روز اپنے نفس کا محاسبہ نہ کرے۔”
روزانہ کا محاسبہ انسان کو غفلت کی طرف لوٹنے سے روکتا ہے۔
3۔ روحانی کیفیت کو عملی نظام میں بدلنا
تربیت کا ایک اہم اصول یہ ہے کہ روحانی کیفیت کو عملی نظام میں بدل دیا جائے۔
مثلاً:
- اگر رمضان میں سحر کے وقت اٹھنے کی عادت پڑی تھی تو اس کا کچھ حصہ برقرار رکھا جائے۔
- اگر صدقہ دینے کی عادت بنی تھی تو اسے مستقل پروگرام بنا لیا جائے۔
خلاصۂ کلام :
ماہ رمضان ایک نمونہ ہے تاکہ ہمیں معلوم ہو سکے کہ ہم کتنے بہتر انسان بن سکتے ہیں۔ یہ صرف ایک استثنائی مہینہ نہیں جس کے ختم ہوتے ہی ہم دوبارہ پرانی حالت میں لوٹ جائیں۔
ماہ رمضان کی اصل قدر اُس وقت ظاہر ہوتی ہے جب اس کی برکتیں سال بھر باقی رہیں۔
اس ماہ کے ثمرات کو محفوظ رکھنے کے لئے بیداری اور منصوبہ بندی ضروری ہے تاکہ اس مہینے کی روحانیت پورے سال ہمارے ساتھ رہے۔
اگر ایسا ہو جائے تو رمضان صرف ایک مہینہ نہیں رہے گا بلکہ ایک دائمی راستہ بن جائے گا — ایسا راستہ جو انسان کو تقویٰ اور قربِ الٰہی تک پہنچاتا ہے۔
خبریں ان باکس کے ذریعے
نیوز لیٹر کو سبسکرائب کریں۔

