حدیثِ ہفتہ – جلد 03 شمارہ 38

Hadith Of The Week - Volume 03 Issue 38
Last Updated: ستمبر 20, 2026By Categories: حدیثِ ہفتہ0 Comments on حدیثِ ہفتہ – جلد 03 شمارہ 380 min readViews: 197

جب کوئی خواہش ،انسان کی ذلّت کا سرچشمہ بن جائے 

درج ذیل حدیث پر غور کرنے کی مناسبت:    8  ربیع الثانی، امام حسن عسکری علیہ السلام کی ولادتِ باسعادت ۔

مقدمہ

اس بابرکت مناسبت پر مناسب ہے کہ ہم امام حسن عسکری علیہ السلام کی ایک نہایت گہری تعلیم پر غور کریں، جو انسان کی خواہشات اور وابستگیوں سے متعلق ہے۔

امام حسن عسکری علیہ السلام فرماتے ہیں:

«مَا أَقْبَحَ بِالْمُؤْمِنِ أَنْ تَكُونَ لَهُ رَغْبَةٌ تُذِلُّهُ»

’’مومن کے لئے  یہ کتنی بری بات ہے کہ اس کی کوئی ایسی خواہش ہو جو اسے ذلیل اور خوار کر دے۔‘‘

(بحار الأنوار، ج 75، ص 374)

نوجوانوں اور جوانوں کے لئے  اس حدیث کے تربیتی پیغامات 

1۔ اپنی خواہشات کو لکھیں

ان چیزوں کی فہرست بنائیں جنہیں آپ بہت شدت سے حاصل کرنا چاہتے ہیں، پھر سوچیں کہ ان میں سے ہر خواہش آخرکار آپ کو کہاں لے جا سکتی ہے۔

عملی چیلنج:
اس وقت اپنی پانچ اہم خواہشات لکھیں اور ہر ایک کے سامنے یہ سوال درج کریں:
’’یہ خواہش مجھے آخر کہاں لے جا سکتی ہے؟‘‘

2۔ کسی راستے پر چلنے سے پہلے سوچیں

کسی کام کا آغاز کرنے، کسی راستے پر قدم رکھنے یا کسی چیز سے شدید وابستہ ہونے سے پہلے اس کے ممکنہ انجام کے بارے میں غور کریں۔

یاد رکھیں کہ ہماری بعض خواہشات جلد یا بدیر شرمندگی، افسوس یا پشیمانی کا سبب بن سکتی ہیں۔

عملی چیلنج:
اپنے اگلے اہم فیصلے سے پہلے اس کے ایک ممکنہ اچھے نتیجے اور ایک ممکنہ برے نتیجے کو لکھیں۔

3۔ دوسروں کی خوشنودی حاصل کرنا ضروری نہیں

اپنے دوستوں کے گروہ میں قبول کیے جانے کے لئے  آپ کو اپنی اقدار کے خلاف چلنے یا خود کو کمتر اور ذلیل کرنے کی ضرورت نہیں۔

عملی چیلنج:
اس ہفتے دوستوں کی کسی ایسی درخواست کو ’’نہیں‘‘ کہیں جو آپ کی اقدار کے خلاف ہو۔

4۔ اپنی ناجائز خواہشات کو  "نہ”کہنے کی صلاحیت کو مضبوط کریں

ہر خواہش اس قابل نہیں ہوتی کہ اس کی خاطر اپنی عزت اور اصول قربان کر دیے جائیں؛ چاہے وہ توہین آمیز مذاق میں شامل ہونا ہو یا خطرناک رویوں کا حصہ بننا۔

عملی چیلنج:
جب آپ کسی غیر صحت مند دباؤ کا سامنا کریں تو کم از کم ایک مرتبہ یہ کہنے کی مشق کریں:
’’نہیں، میں یہ کام نہیں کرنا چاہتا۔‘‘

5۔ وقتی جذبات اور خواہشات کو قابو میں رکھیں

اچانک ابھرنے والی خواہشات، مثلاً حد سے زیادہ ویڈیو گیم کھیلنا یا غیر صحت مند عادات، آپ کی زندگی پر قابو نہ پائیں۔

عملی چیلنج:
جب کسی غیر ضروری کام کی شدید خواہش محسوس ہو تو فوراً عمل کرنے کے بجائے 15 منٹ انتظار کریں۔

6۔ لالچ اور حد سے بڑھی ہوئی مادی خواہشات کو قابو کریں

غیر ضروری مادی خواہشات کو محدود کریں اور ایسے اہداف پر توجہ دیں جو حقیقی، بامعنی اور آپ کی انسانی و اسلامی شناخت کے مطابق ہوں۔

عملی چیلنج:
ایسی ایک غیر ضروری چیز منتخب کریں جسے آپ خریدنا چاہتے ہیں، اسے نہ خریدنے کا فیصلہ کریں، اور اس کے بجائے اپنا وقت یا پیسہ کسی بامقصد کام میں استعمال کریں۔

 7۔”  لائکس‘‘ کو اپنی قدروقیمت  کی بنیاد  نہ  بننے دیں

آپ کی حقیقی قدر اس سے نہیں بڑھتی کہ کتنے لوگ آپ کی تصویر، پوسٹ یا ویڈیو کو پسند کرتے ہیں۔

عملی چیلنج:
ایک ہفتے تک صرف توجہ حاصل کرنے کے لئے  کوئی چیز پوسٹ نہ کریں۔ جب بھی لائکس چیک کرنے کی خواہش ہو تو کم از کم 30 منٹ انتظار کریں۔

8۔ فیشن اور ٹرینڈز کے غلام نہ بنیں

صرف اس لئے  کسی چیز کو خریدنا، پہننا یا کرنا ضروری نہیں کہ باقی سب لوگ بھی ایسا کر رہے ہیں۔

عملی چیلنج:
اگلی مرتبہ جب صرف فیشن یا ٹرینڈ کی وجہ سے کچھ خریدنے کا دل چاہے تو 48 گھنٹے انتظار کریں اور خود سے پوچھیں:

’’اگر کسی کو معلوم نہ ہوتا کہ یہ چیز میرے پاس ہے، تو کیا تب بھی میں اسے چاہتا؟‘‘

9۔  دوست اپنی مرضی سے چنیں،  دوستی کی درخواست پردوست کا انتخاب نہ کریں

دوستی چاہنا اور دوسروں سے تعلق کی ضرورت محسوس کرنا فطری ہے، لیکن کسی کی قبولیت حاصل کرنے کے لئے  اپنی اقدار کو قربان نہ کریں۔

عملی چیلنج:
اس ہفتے کسی ایسی دعوت یا درخواست کو ’’نہیں‘‘ کہیں جو آپ کی اقدار کے خلاف ہو، چاہے آپ کو اس بات کی فکر ہو کہ کوئی ناراض ہو سکتا ہے۔

10۔ کامیابی کے بدلے اپنی عزت کا سودا نہ کریں

اچھے نمبر، مال یا ایک کامیاب ملازمت اہم ہو سکتے ہیں، لیکن ان کے لئے  دھوکا، جھوٹ یا اپنے اصولوں کو ترک کرنا قابلِ قبول نہیں۔

عملی چیلنج:
اگلی مرتبہ جب ایک آسان مگر غلط راستے اور ایک مشکل مگر دیانت دار راستے میں انتخاب کرنا پڑے تو شعوری طور پر درست اور سچا راستہ اختیار کریں، پھر اپنے اندر پیدا ہونے والے احساس کو محسوس کریں۔

والدین کے لئے  اس حدیث کے تربیتی پیغامات 

1۔ ایسے بچے تربیت دیں جن پر آپ فخر کر سکیں

آپ کے بچے آپ کی زندگی کی گہری ترین وابستگیوں میں سے ہیں، اس لئے  ان کی تربیت اس انداز میں کریں کہ وہ مستقبل میں باعثِ فخر ہوں، باعثِ افسوس نہیں۔

عملی چیلنج:
ایک اخلاقی صفت منتخب کریں جو آپ چاہتے ہیں کہ مستقبل میں آپ کے بچے میں ہو، اور اس ہفتے خاص طور پر اس کی تربیت پر توجہ دیں۔

2۔ خود وہ انسان بنیں جو آپ اپنے بچے کو بنانا چاہتے ہیں

اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کے بچے باایمان، باوقار اور باعزت ہوں تو پہلے خود اپنے کردار میں ایمان اور کرامت کو زندہ کریں۔

عملی چیلنج:
ایک ایسا رویہ منتخب کریں جو آپ چاہتے ہیں کہ آپ کا بچہ آپ سے سیکھے، اور اس ہفتے ہر روز شعوری طور پر اس پر عمل کریں۔

3۔ بچپن ہی سے عزتِ نفس مضبوط کریں

مضبوط عزتِ نفس بچوں کو ایسی خواہشات، تعلقات اور انتخاب سے بچاتی ہے جو انہیں ذلت یا خواری کی طرف لے جا سکتے ہیں۔

عملی چیلنج:
اس ہفتے ہر روز اپنے بچے کو کسی ایک بہادرانہ کام، خود ضبطی، سچائی یا اچھے فیصلے پر سراہیں۔

4۔ ظاہر اور دکھاوے کو عزت پر ترجیح نہ دیں

جو والدین دوسروں کو متاثر کرنے کے لئے  بھاری قرض لیتے ہیں یا غیر دانشمندانہ اور غلط رویہ اختیار کرتے ہیں، وہ لاشعوری طور پر اپنے بچوں کو یہ سکھا سکتے ہیں کہ خواہشات عزت اور کرامت سے زیادہ اہم ہیں۔

عملی چیلنج:
خاندان کا ایک ایسا خرچ تلاش کریں جو زیادہ تر دوسروں کو متاثر کرنے کے لئے  کیا گیا ہو، پھر گھر والوں کے ساتھ گفتگو کریں کہ کیا وہ واقعی اس کے قابل تھا۔

5۔  بچوں کو نتائج کے بارے میں سوچنا سکھائیں

بچوں کو صرف فوری لذت یا فائدہ نہ دیکھنے دیں، بلکہ یہ سوچنا سکھائیں کہ ان کا انتخاب انہیں آگے کہاں لے جا سکتا ہے۔

عملی چیلنج:
اس ہفتے جب آپ کا بچہ کوئی اہم فیصلہ کرنے لگے تو اس سے پوچھیں:
’’اگر تم یہ انتخاب کرو گے تو اس کے بعد کیا ہو سکتا ہے؟‘‘

6۔  بچوں کو اپنی خواہشات کا جائزہ لینا سکھائیں

صرف یہ کہنے کے بجائے کہ ’’یہ چیز تمہیں نہیں مل سکتی‘‘، انہیں یہ سوچنا سکھائیں کہ جو چیز وہ چاہتے ہیں، کیا وہ واقعی ان کے لئے  اچھی بھی ہے؟

عملی چیلنج:
اگلی مرتبہ جب آپ کا بچہ کسی چیز کی شدید خواہش کرے تو مل کر یہ تین سوالات پوچھیں:

’’تم اسے کیوں چاہتے ہو؟‘‘
’’یہ تمہاری زندگی میں کیا تبدیلی لائے گی؟‘‘
’’کیا یہ چیز تم پر حاوی ہو سکتی ہے؟‘‘

7۔  سماجی حیثیت کو زندگی کا مقصد نہ بنائیں

بچے بڑوں سے یہ غلط سبق آسانی سے سیکھ سکتے ہیں کہ مہنگے کپڑے، گاڑیاں، مکانات یا اسکول انسان کی قدر میں اضافہ کرتے ہیں۔

عملی چیلنج:
ایک ہفتے تک اپنے بچوں کے سامنے کسی شخص کی صرف دولت، جائیداد یا سماجی حیثیت کی وجہ سے تعریف کرنے سے گریز کریں۔

8۔ بچوں کو دوستوں کے دباؤ کا مقابلہ کرنا سکھائیں

جو بچہ دوسروں کی منظوری کا بہت زیادہ محتاج ہو، وہ قبول کیے جانے کے لئے  اپنی اقدار کو ترک کر سکتا ہے۔

عملی چیلنج:
اس ہفتے ایک ایسی حقیقی صورتحال پر گفتگو کریں جس میں کوئی نوجوان دوستوں کے دباؤ میں آ سکتا ہو، اور مل کر ایک سادہ جملہ بولنے کی مشق کریں:

’’نہیں، یہ کام میرے لئے  نہیں ہے۔‘‘

9۔ کامیابی سے زیادہ کردار کی تعریف کریں

جب بچوں کو صرف نمبروں، ظاہری شکل یا کامیابی پر سراہا جائے تو وہ کامیابی کے شدید محتاج اور ناکامی سے خوف زدہ ہو سکتے ہیں۔

عملی چیلنج:
ایک ہفتے تک ہر روز کم از کم ایک مرتبہ اپنے بچے کی تعریف سچائی، صبر، ہمت، مہربانی یا خود ضبطی پر کریں، نہ کہ صرف اس کے حاصل کردہ نتیجے پر۔

ائمۂ جماعت اور اساتذہ کے لئے  اس حدیث کے تربیتی پیغامات 

1۔  اپنے کردار سے عزتِ نفس کی تعلیم دیں

طلبہ کسی امامِ جماعت یا استاد کی تقریر سے زیادہ اس کے کردار سے سیکھتے ہیں۔

اس لئے  عزت اور کرامت کی تعلیم دینے سے پہلے اپنی زندگی میں اس کا عملی نمونہ پیش کریں۔

عملی چیلنج:
اس ہفتے کسی ایک غیر ضروری خواہش یا ترغیب کے سامنے سکون اور وقار کے ساتھ ’’نہیں‘‘ کہیں، اور اپنے طلبہ کو اس طرزِ عمل کا مشاہدہ کرنے دیں۔

2۔ جھوٹی مقبولیت کے پیچھے نہ بھاگیں

مقبول ہونے کی خواہش اس حد تک نہیں بڑھنی چاہیے کہ امامِ جماعت یا استاد اپنے اصول چھوڑ دے، غلط رویے کو نظرانداز کرے یا توجہ حاصل کرنے کے لئے  اپنی عزت اور وقار کو خطرے میں ڈال دے۔

عملی چیلنج:
ایک ایسی صورتحال کی نشاندہی کریں جس میں آپ دوسروں کی منظوری حاصل کرنے کی طرف مائل ہو سکتے ہیں، اور اس موقع پر مقبولیت کے بجائے اپنے اصولوں کو ترجیح دیں۔

3۔ "کسی چیز کے چاہنے” اور ’’ کسی چیز کی ضرورت ہونے‘‘ میں فرق سکھائیں

نوجوانوں کو یہ سمجھنا چاہیے کہ کسی چیز کی شدید خواہش ہونا اس بات کی دلیل نہیں کہ اسے پورا کرنا ضروری یا درست بھی ہے۔

عملی چیلنج:
اپنے اگلے درس یا خطاب میں روزمرہ زندگی کی تین مثالیں پیش کریں: پیسہ، مقبولیت اور تفریح۔ پھر طلبہ یا سامعین سے پوچھیں کہ ان میں سے کون سی خواہشات، اگر قابو میں نہ رہیں، نقصان دہ بن سکتی ہیں۔

4۔ جدید وابستگیوں کی شکلوں پر گفتگو کریں

’’ایسی خواہش جو انسان کو ذلیل کر دے‘‘ کا تصور آج کے مسائل، مثلاً سوشل میڈیا پر منظوری کی شدید طلب، صارفیت اور مسلسل توجہ حاصل کرنے کی خواہش، سے بھی جوڑا جا سکتا ہے۔

عملی چیلنج:
کسی تعلیمی نشست یا نوجوانوں کے پروگرام میں دس منٹ جدید دور کی کسی ایک غیر صحت مند وابستگی پر گفتگو کے لئے  مختص کریں، اور نوجوانوں سے کہیں کہ وہ اسے قابو کرنے کے عملی طریقے تجویز کریں۔

5۔ کلاس اور معاشرے میں عزت و کرامت کی حفاظت کریں

استاد یا امامِ جماعت کو کبھی بھی کسی شخص کی تذلیل، سب کے سامنے شرمندہ کرنے یا سخت تقابل کو اصلاحِ رفتار کے ذریعہ کے طور پر استعمال نہیں کرنا چاہیے۔

عملی چیلنج:
ایک ہفتے تک، جب کوئی طالب علم یا کمیونٹی کا رکن غلطی کرے تو عوامی تنقید کے بجائے نجی، مہذب اور احترام پر مبنی نصیحت کو ترجیح دیں۔

اس کا اشتراک کریں، اپنا پلیٹ فارم منتخب کریں!

خبریں ان باکس کے ذریعے

نیوز لیٹر کو سبسکرائب کریں۔