حدیثِ ہفتہ – جلد 03 شمارہ 09
گھر میں اپنی فیملی کے ساتھ رہنا: خدا کے نزدیک محبوب عمل ہے۔
حضرت محمد مصطفی (ص): جُلُوسُ اَلْمَرْءِ عِنْدَ عِيَالِهِ أَحَبُّ إِلَى اَللَّهِ تَعَالَى مِنِ اِعْتِكَافٍ فِي مَسْجِدِي هَذَا
« کسی آدمی کا اپنے اہل و عیال کے پاس بیٹھنا اللہ کے نزدیک میرے اس مسجد میں اعتکاف سے زیادہ محبوب ہے.»
(تنبیه الخواطر و نزهة النواظر، ج ۲، ص ۱۱۹)
اس حدیث کے نوجوانوں کے لئے تربیتی پیغامات:
1۔ مؤمن کا گھر ایک مقدس جگہ ہے۔
گھر، محض اینٹ اور گاڑے سے بنی عمارت نہیں ہے، بلکہ ایک پر امن اور محترم ٹھکانہ ہے، جس کا پاس و لحاظ رکھنا ضروری ہے ۔
عملی چیلنج: ایک ہفتہ گھر میں اس طرح برتاؤ کریں جیسے آپ کسی عبادت گاہ میں ہوں؛ نہ چیخ و پکار، نہ کسی کا تمسخر، اور نہ بے احترامی۔
2۔ دوسروں کا احترام کروگے تو تمہارا مستقبل بنے گا۔
تم اگر آج دوسروں کے خاندانوں کا احترام کرتے ہو، تو اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ مستقبل میں تم بھی ایک اچھےشریکِ حیات بنو گے۔
عملی چیلنج: اپنے لئے یہ اصول بنا لو کہ کبھی بھی کسی کے شریکِ حیات یا خاندان کی حدود کو — حتیٰ کہ مذاق میں یا غیر ارادی طور پر بھی — مجروح نہیں کرو گے۔
3 ۔سکون کے محافظ بنو، تناؤ کے سبب نہیں۔
مومن خاندانوں کو مضبوط کرتا ہے، نہ کہ میاں بیوی کے درمیان اختلاف ڈالتا ہے۔
عملی چیلنج: اگر تم دیکھو کہ کسی کے درمیان اختلاف پیدا ہو رہا ہے تو یا خاموش رہو یا حکمت کے ساتھ نصیحت کرو؛ آگ بھڑکانے والے نہ بنو۔
4 ۔اپنے گھر والوں کے ساتھ وقت گزارنا عبادت ہے۔
اگر نیت درست ہو تو خاندان کے ساتھ رہنا بھی عبادت شمار ہوتا ہے۔
عملی چیلنج: ہر روز کم از کم 20 منٹ بغیر موبائل کے اپنے والدین یا بہن بھائیوں کے ساتھ گفتگو کرو۔
5۔دوسروں کے جذبات کا احترام بھی ضروری ہے۔
گھر میں صرف موجود ہونا کافی نہیں؛ بلکہ دوسروںکی باتوں پر توجہ دینا بھی ضروری ہوتا ہے۔
عملی چیلنج: اس ہفتے خاندان کے کسی ایک فرد سے پوچھو کہ وہ کیسا محسوس کر رہا ہے یا اس کا کیا مسئلہ ہے، اور بغیر بات کاٹے اسے سنو۔
6 ۔عبادت اور خاندانی تعلقات میں توازن۔
خیال رہے،عبادت، گھر کی ذمہ داریوں کو نظر انداز کرنے کا بہانہ نہ بن جاۓ۔
عملی چیلنج: اگر تم مسجد یا کسی دینی سرگرمی میں شریک ہوتے ہو تو اپنے خاندان کے للئے بھی باقاعدہ وقت مقرر کرو۔
7 ۔احترام گھر سے شروع ہوتا ہے۔
تمہارا اپنے خاندان کے ساتھ رویہ تمہارے ایمان اور شخصیت کی عکاسی کرتا ہے۔
عملی چیلنج: ایک ہفتے تک گھر میں اپنی آواز بلند نہ کرو، حتیٰ کہ اختلاف کی صورت میں بھی۔
مندرجہ بالا حدیث کے تربیتی پیغامات والدین کے لئے :
1۔ ازدواجی زندگی کو عبادت سمجھیں۔
اپنے شریکِ حیات کے ساتھ تعلق کو مضبوط کرنا اللہ کے نزدیک محبوب عمل ہے اور اولاد کی روحانی و جذباتی سلامتی کی بنیاد ہے۔
عملی چیلنج: ایک ہفتے تک روزانہ اپنے شریکِ حیات کا واضح طور پر شکریہ ادا کریں۔
2۔تعلق کی گرمی برقرار رکھیں۔
اگر میاں بیوی کے درمیان احترام کم ہو جائے تو دوسرے لوگ اس فاصلے سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
عملی چیلنج: اگر کوئی تناؤ ہو تو اسے نجی اور پُرسکون انداز میں حل کریں، نہ کہ فاصلے کو مزید بڑھائیں۔
3۔ اپنے خاندان کی سر حدود کی حفاظت کریں۔
گھر کی مضبوط چاردیواری، دوسروں کی غیر ضروری مداخلتوں سے محفوظ رکھتی ہیں۔ ہر کسی کو اپنے خاندانی دائرے میں داخل ہونے کی اجازت نہ دیں۔
عملی چیلنج: اپنے خاندانی تعلقات میں کسی ایک بیرونی مداخلت کی نشاندہی کریں اور اس کے لئے حد مقرر کریں۔
4 ۔گھر میں احترام کی ثقافت کو رائج کریں۔
جب اولاد والدین کے درمیان باہمی احترام دیکھتی ہے تو وہ اسے اپنی زندگی میں اختیار کر لیتی ہے۔
عملی چیلنج: ہفتہ وار خاندانی نشست منعقد کریں جس میں احترام اور ذمہ داری پر گفتگو ہو۔
5 ۔خود کا حاضر رہنا، مالی کفالت سے زیادہ اہم ہے۔
گھر کے اخراجات پورے کرنا اہم ہے، مگر والدین کی پر مہر موجودگی اس سے کہیں زیادہ قیمتی ہے۔
عملی چیلنج: ہفتے میں ایک رات کو “خاندانی رات” مقرر کریں، بغیر کام کے فون کال یا کسی اور مصروفیت کے۔
6۔چھوٹے لمحات بڑے رشتے بناتے ہیں۔
روزمرہ کی سادہ گفتگو اور میل جول محبت اور اعتماد کو مضبوط کرتے ہیں۔
عملی چیلنج: روزانہ کم از کم ایک کھانا اکٹھے کھائیں اور کوئی بامعنی گفتگو شروع کریں۔
7۔متوازن دینداری کا نمونہ بنیں۔
اولاد اسلام کو آپ کے رولئے سے سیکھتی ہے، صرف آپ کے الفاظ سے نہیں۔
عملی چیلنج: ہر ہفتے اپنے شریکِ حیات کے ساتھ ایک محبت بھرا عمل اولاد کے سامنے انجام دیں۔
8۔گھر کے پیار بھرے ماحول کی حفاظت کریں۔
پُرسکون اور مہربان گھر مضبوط ایمان کی نشانی ہے۔
عملی چیلنج: اگر کوئی بحث شروع ہو جائے تو سنجیدہ گفتگو اس وقت تک مؤخر کریں جب تک کہ جذبات ٹھنڈے نہ ہو جائیں۔
مندرجہ بالا حدیث کے تربیتی پیغامات علماء اور خطباء کے لئے :
1۔ میاں بیوی کے درمیان سکون بڑھانے کے عملی طریقے پیش کریں۔
معاشرے کو زوجین کے درمیان بہتر رابطے، اختلاف کے حل اور جذباتی تعاون کے لئے حقیقی رہنمائی کی ضرورت ہے۔
عملی چیلنج: زوجین کے للئے تین عملی ابلاغی مہارتوں پر مشتمل ورکشاپ یا خطبات کی سیریز منعقد کریں۔
2۔ ازدواجی تعلقات کے جدید خطرات کو اجاگر کریں۔
سوشل میڈیا اور مسلسل موازنہ محبت کو کمزور کر سکتے ہیں۔
عملی چیلنج: کم از کم ایک خطبہ “ڈیجیٹل حدود” اور میاں بیوی کے درمیان اعتماد کے تحفظ پر دیں۔
3۔ حقیقی نتائج کو بیان کریں۔
خاندانی نقصانات کی حقیقی مثالیں بیان کریں جو سوشل میڈیا یا غلط خاندانی تعاملات کے سبب پیدا ہوئے ہوں۔
عملی چیلنج: بغیر نام للئے ایسے حقیقی واقعات ذکر کریں جو خاندان کی حرمت ٹوٹنے کے نقصانات کو واضح کریں۔
4۔ خود خاندانی وابستگی کا نمونہ بنیں۔
جب لوگ دیکھیں گے کہ آپ اپنے خاندان کو اہمیت دیتے ہیں تو آپ کی بات زیادہ مؤثر ہوگی۔
عملی چیلنج: اپنی عمومی منصوبہ بندی میں توازن اور خاندان کے لئے وقت نکالنے کی اہمیت پر زور دیں۔
خبریں ان باکس کے ذریعے
نیوز لیٹر کو سبسکرائب کریں۔

