اداریہ – جلد 03 شمارہ 22

Editorial - volume 03 Issue 22
Last Updated: مئی 28, 2026By Categories: اداریہ0 Comments on اداریہ – جلد 03 شمارہ 220 min readViews: 12

مقدّس یادوں اور عملی ہدایتوں سے بھرپور   ہفتہ

مقدمہ

اس ہفتے کی مناسبتیں ایمان کے عظیم مفاہیم کو ایک جگہ جمع کرتی ہیں: قربانی اور ایثار، روحانی خودسازی، نبوی معجزہ، خاندانی حقوق، امام کی رہنمائی، اور والدین کی قدر شناسی۔
جب ہم ان تمام مناسبتوں کو ایک ساتھ دیکھتے ہیں تو یہ حقیقت ہمارے سامنے آتی ہے کہ تاریخ اسی وقت قیمتی بنتی ہے جب وہ ہمیں اپنے موجودہ زمانے میں صحیح زندگی گزارنے کی راہ دکھائے۔

بدھ، 27 مئی 2026 — 10 ذوالحجہ: عید قربان

عید قربان حضرت ابراہیمؑ کی اطاعت اور اسلام میں حقیقی قربانی و فداکاری کی یاد تازہ کرتی ہے۔
قرآنِ کریم واضح طور پر بیان کرتا ہے کہ اللہ تک قربانی کا گوشت اور خون نہیں پہنچتا بلکہ قربانی کرنے والے کا تقویٰ پہنچتا ہے:

لَن يَنَالَ اللَّهَ لُحُومُهَا وَلَا دِمَاؤُهَا وَلَكِن يَنَالُهُ ٱلتَّقوَى مِنكُم كَذَلِكَ سَخَّرَهَا لَكُم لِتُكَبِّرُواْ ٱللَّهَ عَلَى مَا هَدَى كُم وَبَشِّرِ ٱلمُحسِنِينَ
"ہرگز نہ ان کے گوشت اللہ تک پہنچتے ہیں اور نہ ان کا خون، بلکہ تمہارا تقویٰ اس تک پہنچتا ہے۔ اسی طرح اللہ نے ان جانوروں کو تمہارے لیے مسخر کیا تاکہ تم اللہ کی بڑائی بیان کرو اس ہدایت پر جو اس نے تمہیں عطا فرمائی، اور نیکوکاروں کو خوشخبری دے دو۔”

(سورۂ  حج،آیت 37(

آج کا پیغام: عید قربان، مادہ پرستی اور ظاہری نمائش کی ثقافت کو چیلنج کرتی ہے۔ اسلام مؤمنین سے چاہتا ہے کہ قربانی کو تقویٰ، شکرگزاری اور دوسروں کی حقیقی خدمت کا ذریعہ بنائیں، نہ کہ صرف ایک ظاہری رسم۔ 

جمعرات، 28 مئی 2026 — 11 ذوالحجہ: میرزا جواد آقا ملکی تبریزیؒ کی وفات

میرزا جواد آقا ملکی تبریزیؒ شیعہ علماء میں اخلاق اور عرفان کے عظیم ترین اساتذہ میں شمار ہوتے ہیں۔

آج کے دور میں ان کی زندگی خاص اہمیت رکھتی ہے، کیونکہ بہت سے مسلمان سوشل میڈیا، مصروفیات اور نمائشی دینداری میں گھر چکے ہیں۔ ان کی علمی و روحانی میراث ہمیں خودسازی، محاسبۂ نفس اور ایسے ایمان کی طرف متوجہ کرتی ہے،  جو زبان سے پہلے انسان کی شخصیت کو سنوارتا ہے۔

آج  کا پیغام: حقیقی دینی ترقی نفس کی تربیت سے شروع ہوتی ہے، نہ کہ دینداری کے عوامی اظہار سے۔

ہفتہ، 30 مئی 2026 — 13 ذوالحجہ: حضرت ہاجرؑ، والدۂ حضرت اسماعیلؑ کی وفات

حضرت ہاجرؑ ، حضرت اسماعیلؑ کی والدہ اور توکل علی اللہ کی عظیم مثال کے طور پر محترم ہیں۔
ان کی صحرا میں کی گئی جدوجہد کو صفا اور مروہ کی سعی میں ہمیشہ کے لیے زندہ کر دیا گیا، جسے قرآن نے شعائرِ الٰہی قرار دیا ہے:

إِنَّ ٱلصَّفَا وَٱلمَروَةَ مِن شَعَآئِرِ ٱللَّهِ فَمَن حَجَّ ٱلبَيتَ أَوِ ٱعتَمَرَ فَلَا جُنَاحَ عَلَيهِ أَن يَطَّوَّفَ بِهِمَا وَمَن تَطَوَّعَ خَيرا فَإِنَّ ٱللَّهَ شَاكِرٌ عَلِيمٌ
"بے شک صفا اور مروہ اللہ کی نشانیوں میں سے ہیں، پس جو شخص بیت اللہ کا حج یا عمرہ کرے اس پر کوئی گناہ نہیں کہ ان دونوں کے درمیان چکر لگائے، اور جو خوشی سے کوئی نیکی کرے تو اللہ قدر دان اور خوب جاننے والا ہے۔”(سورۂ  بقرہ،آیت 158(

آج کا پیغام: حضرت ہاجرؑ کی داستان،  ماؤں،پرورش کرنے والی خواتین، مہاجر ین اور ہر اس شخص کے لیے حوصلہ افزا ہے،  جو عدمِ تحفظ اور مشکلات کا  شکار ہے۔ اس عظیم خاتون کی زندگی سے ہمیں یہ سبق ملتا ہے کہ صبر اور توکل کے ساتھ سختی بھی رحمت کی دائمی میراث بن سکتی ہے۔

ہفتہ، 30 مئی 2026 — 13 ذوالحجہ: معجزۂ شقّ القمر

قرآنِ کریم براہِ راست چاند کے شق ہونے کے معجزے کا ذکر کرتا ہے، اور مفسرین نے اس آیت کو رسول اکرم ﷺ کے زمانۂ رسالت کی ایک عظیم نشانی قرار دیا ہے:

ٱقْتَرَبَتِ ٱلسَّاعَةُ وَٱنشَقَّ ٱلْقَمَرُ
"قیامت قریب آگئی اور چاند شق ہوگیا۔” (سورۂ  قمر،آیت1 (

آج کاپیغام:شکوک و شبہات سے بھرے اس جدید دور میں، جہاں غیبی حقائق کا انکار عام ہو چکا ہے، یہ مناسبت یاد دلاتی ہے کہ مؤمن کو اللہ کی نشانیوں کے سامنے عاجزی، گہرے ایمان اور فکری بصیرت کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔

اتوار، 31 مئی 2026 — 14 ذوالحجہ: فدک کا حضرت فاطمہ زہراؑ کو عطا کیا جانا

قرابت داراں کے  حقوق کی ادائیگی پر مبنی آیت کےنزول کے بعد، سرزمینِ فدک اللہ کے حکم سے رسول اکرم ﷺ نے حضرت فاطمہ زہراؑ کو عطا فرمائی۔
یہ تاریخی واقعہ حضرت زہراؑ کے بلند مقام کو واضح کرتا ہے، اور ساتھ ہی اسلامی روایت میں عدل اور تاریخی حقائق پر غور و فکر کا اہم موقع فراہم کرتا ہے۔

آج کاپیغام: فدک کا واقعہ ہمیں یہ یاد دلاتا ہے کہ مظلوم کے ساتھ کھڑا ہونا اور ہر قسم کے ظلم و ناانصافی کے خلاف آواز بلند کرنا ایک دینی ذمہ داری ہے۔

پیر، 1 جون 2026 — 15 ذوالحجہ: ولادتِ امام ہادیؑ

اس دن ہمارے دسویں امام، امام علی النقی الہادیؑ، سن 212 ہجری میں پیدا ہوئے۔
آپؑ مدینہ منورہ میں تعلیم و تربیت میں مشغول رہے، پھر عباسی حکومت نے آپؑ کو سامرہ بلا لیا جہاں آپؑ شدید نگرانی میں رہے۔

آپؑ کا ایک مشہور ارشاد، جو ہمارے زمانے کے لیے نہایت رہنمائی فراہم کرتا ہے:

مَنْ هَانَتْ عَلَيْهِ نَفْسُهُ فَلَا تَأْمَنْ شَرَّهُ
"جو شخص اپنی ہی نظر میں بے وقعت ہوجائے، اس کے شر سے محفوظ نہیں رہا جاسکتا۔”(تحف العقول، ص 483)

آج کا پیغام: اپنی عزتِ نفس اور انسانی وقار کی حفاظت کریں تاکہ آپ کی زندگی اور کردار زیادہ متوازن، مضبوط اور پاکیزہ بن سکے۔

پیر، 1 جون 2026: عالمی یومِ والدین

اقوامِ متحدہ نے 2012 میں یکم جون کو “عالمی یومِ والدین” قرار دیا تاکہ دنیا بھر میں والدین کے کردار کو سراہا جا سکے۔
یہ دن مسلم معاشروں کے لیے بھی ایک بہترین موقع ہے کہ وہ خاندان میں والدین کے مقدس مقام پر غور کریں۔

قرآنِ کریم نے والدین کے شکر کو اپنے شکر کے ساتھ ذکر فرمایا ہے:

وَوَصَّيْنَا ٱلْإِنسَانَ بِوَالِدَيْهِ حَمَلَتْهُ أُمُّهُ وَهْنًا عَلَىٰ وَهْنٍ وَفِصَالُهُ فِي عَامَيْنِ أَنِ ٱشْكُرْ لِي وَلِوَالِدَيْكَ إِلَيَّ ٱلْمَصِيرُ
"اور ہم نے انسان کو اس کے والدین کے بارے میں تاکید کی۔ اس کی ماں نے اسے کمزوری پر کمزوری کے ساتھ اپنے پیٹ میں اٹھائے رکھا، اور اس کی دودھ چھڑانے کی مدت دو سال ہے۔ پس میرا شکر ادا کرو اور اپنے والدین کا بھی، اور سب کو میری ہی طرف لوٹ کر آنا ہے۔”

 (سورۂ  لقمان،آیت 14(

آج کاپیغام: والدین کے ساتھ احترام اور حسنِ سلوک صرف ایک اخلاقی عمل نہیں بلکہ ایک عظیم الٰہی عبادت ہے۔

اس کا اشتراک کریں، اپنا پلیٹ فارم منتخب کریں!

خبریں ان باکس کے ذریعے

نیوز لیٹر کو سبسکرائب کریں۔