آیتِ ہفتہ – جلد 03 شمارہ 43

Ayah Of The Week - Volume 03 Issue 43
Last Updated: اکتوبر 27, 2026By Categories: آیتِ ہفتہ0 Comments on آیتِ ہفتہ – جلد 03 شمارہ 430 min readViews: 16

شیئر کرنے سے پہلے سوچئے: ذرائع ابلاغ اور خبر رساں اداروں کے بارے میں قرآنی رہنمائی

آیتِ قرآنی میں غور و فکر کی مناسبت:  24 تا 31 اکتوبر، ذرائع ابلاغ  اور  خبر رساں اداروں کا عالمی ہفتہ ۔

مقدمہ

اسلام ایک جامع ضابطۂ حیات ہونے کے ناتے ذرائع ابلاغ اور خبر رساں اداروں کو سمجھنے کے بارے میں قیمتی ہدایات فراہم کرتا ہے۔ اس کی ایک نمایاں مثال قرآن مجید کی سورۂ اسراء کی آیت ۳۶ ہے، جو ہمیں سکھاتی ہے کہ جس بات کا علم نہ ہو، نہ اس کی پیروی کی جائے اور نہ اسے بے تحقیق قبول کیا جائے۔

یہ آیت یاد دلاتی ہے کہ ہم اپنی سماعت، بصارت اور دل کے بارے میں جواب دہ ہیں۔ آج کی ڈیجیٹل دنیا میں دانش مندی، صداقت اور ذمہ داری کے ساتھ زندگی گزارنے کے لئے  یہ ایک دائمی رہنما اصول ہے:

وَلَا تَقْفُ مَا لَيْسَ لَكَ بِهِ عِلْمٌ ۚ إِنَّ السَّمْعَ وَالْبَصَرَ وَالْفُؤَادَ كُلُّ أُولَٰئِكَ كَانَ عَنْهُ مَسْئُولًا

ترجمہ: اور جس چیز کا تمہیں علم نہیں اس کے پیچھے نہ پڑو؛ بے شک کان، آنکھ اور دل، ان سب کے بارے میں سوال کیا جائے گا۔

(قرآن مجید، سورۂ اسراء، آیت ۳۶) 

نوجوانوں اور جوانوں کے لئے  آیت کے تربیتی پیغامات

1۔ جس بات کی تصدیق نہ کر سکیں، اسے شیئر نہ کریں

کوئی اطلاع اس وقت تک آگے نہ پہنچائیں جب تک اس کے درست ہونے کی معقول دلیل موجود نہ ہو۔

عملی مشق: کوئی بات شیئر کرنے سے پہلے اس کے صحیح ہونے کی تحقیق کریں۔

2۔ جو کچھ دیکھتے اور سنتے ہیں، اس کا خیال رکھیں

ایسا مواد منتخب کریں جو آپ کے ذہن، اقدار اور ذہنی صحت کی حفاظت کرے۔

عملی مشق: ایک ہفتے تک کسی نقصان دہ یا گمراہ کن صفحے یا اکاؤنٹ کی پیروی سے اجتناب کریں۔ 

3۔ اپنے دل میں داخل ہونے والی باتوں کی نگرانی کریں

نفرت، حسد یا تعصب کو اپنے دل میں جڑ پکڑنے نہ دیں۔

عملی مشق: کسی ایک منفی خیال کو ایمان افروز خیال سے بدلیں۔ 

4۔ جلد بازی میں فیصلہ نہ کریں

عجلت میں رائے قائم کرنے اور ثبوت کے بغیر الزام لگانے سے بچیں۔

عملی مشق: کسی شخص کے بارے میں فیصلہ کرنے سے پہلے خود سے پوچھیں کہ آپ کے پاس کیا شواہد ہیں۔                                                                                               

5۔ غیر حقیقت پسندانہ حد تک خوش گمان نہ ہوں

پُرامید رہیں، لیکن خطرات کو بھی پہچانیں اور ممکنہ مشکلات کے لئے  تیار رہیں۔

عملی مشق: اہم فیصلہ کرنے سے پہلے اس سے متعلق ایک ممکنہ خطرہ لکھ لیں۔ 

6۔ ہر کہانی کو سچ نہ سمجھیں

افواہوں اور غیر مصدقہ دعووں کو قبول کرنے کے بجائے تنقیدی سوچ سے کام لیں۔

عملی مشق: کسی حیران کن خبر یا واقعے کو ماننے سے پہلے اس کی تصدیق کریں۔ 

7۔ جذباتی حالات میں اپنے آپ کو پُرسکون رکھیں

شدید جذبات نقصان دہ باتوں اور غلط فیصلوں کا سبب بن سکتے ہیں۔

عملی مشق: غصے میں جواب دینے سے پہلے توقف کریں اور تین مرتبہ گہری سانس لیں۔ 

8۔ درست اور معتبر ماہرین سے مدد لیں

متعلقہ شعبے کے اہل اور باصلاحیت افراد سے مشورہ کریں۔

عملی مشق: کسی اہم مشورے پر عمل کرنے سے پہلے ایک قابلِ اعتماد ماہر کی نشان دہی کریں۔ 

9۔ اپنی نیت کو خالص رکھیں

اللہ تعالیٰ کی رضا کے لئے  عمل کریں اور یاد رکھیں کہ آپ کی نیتیں بھی آپ کے اقوال و اعمال کی طرح اہم ہیں۔

عملی مشق: آج کے کسی معمول کے کام سے پہلے اپنی نیت کو رضائے الٰہی کے لئے  تازہ کریں۔ 

10۔ اپنے جسم کی حفاظت کریں

آپ کے اعضا اللہ کی امانت ہیں؛ اس لئے  ان کا ذمہ داری سے استعمال کریں اور اپنی صحت کی نگہداشت کریں۔

عملی مشق: آج اپنے جسم کی حفاظت کے لئے  ایک صحت بخش انتخاب کریں۔ 

11۔ آن لائن دوسروں کا احترام کریں

لوگوں کی نجی معلومات، تحقیر آمیز تصاویر یا تکلیف دہ تبصرے شائع نہ کریں۔

عملی مشق: ایسی پوسٹ یا تبصرہ حذف کریں جو کسی کو اذیت پہنچا سکتا ہو۔ 

12۔ جعلی ڈیجیٹل مواد کی شناخت کریں

جعلی خبریں، مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ تصاویر، ساختہ آوازیں اور ترمیم شدہ ویڈیوز گمراہ کر سکتی ہیں۔

عملی مشق: کوئی جعلی یا تبدیل شدہ خبر، تصویر یا ویڈیو تلاش کر کے اس کی جعل سازی کی ایک علامت مشخص کریں۔ 

والدین کے لئے  آیت کے تربیتی پیغامات

1۔ بچوں میں اللہ کے سامنے جواب دہی کا احساس پیدا کریں

بچوں کو سمجھائیں کہ اللہ تعالیٰ ہمارے اعمال سے باخبر ہے اور ہم اس کے سامنے جواب دہ ہیں۔

عملی مشق: گھر میں اللہ کے حضور جواب دہی کے موضوع پر گفتگو کریں۔ 

2۔ تنقیدی سوچ اور میڈیا خواندگی سکھائیں

بچوں کو سکھائیں کہ وہ سوال کر کے معلومات کا جائزہ لیں، غلط اطلاعات پہچانیں اور تصدیق کے معتبر ذرائع سے فائدہ اٹھائیں۔

عملی مشق: انٹرنیٹ پر موجود کسی دعوے کی سچائی مل کر جانچیں۔ 

3۔ بچوں کی باطنی اور جذباتی صحت کی حفاظت کریں

آپ ان چیزوں کے بارے میں ذمہ دار ہیں جو بچے دیکھتے، سنتے اور جذباتی و اخلاقی طور پر اپنے اندر جذب کرتے ہیں۔

عملی مشق: بچے کی شرکت سے اس کے میڈیا ماحول کے کسی ایک پہلو کا جائزہ لیں۔ 

4۔ ثبوت کے بغیر کبھی فیصلہ نہ کریں

مفروضوں یا غیر مصدقہ اطلاعات کی بنیاد پر بچوں پر الزام نہ لگائیں؛ باخبر اور منصفانہ فیصلوں سے گھر میں اعتماد بڑھائیں۔

عملی مشق: فیصلہ کرنے سے پہلے اپنے بچے سے اس کا نقطۂ نظر بیان کرنے کو کہیں۔ 

5۔ رہنمائی کریں، محض پابندی نہ لگائیں

صرف بندشوں اور ممانعتوں پر بھروسا کرنے کے بجائے بچوں کو آن لائن دنیا کے خطرات سمجھنے میں مدد دیں۔

عملی مشق: کسی آن لائن خبر یا کہانی کو بچے کے ساتھ پڑھیں اور اس کی معتبریت پر مشترکہ تحقیق کریں۔ 

6۔ خاندان کی نجی زندگی کی حفاظت کریں

بچوں کو اپنی ذاتی معلومات، تصاویر اور گھر کی گفتگو محفوظ رکھنے اور دوسروں کے ساتھ بلا ضرورت شیئر نہ کرنے کی تعلیم دیں۔

عملی مشق: مل کر خاندان کی پرائیویسی سیٹنگز کا جائزہ لیں۔ 

ائمۂ جماعت اور اساتذہ کے لئے  آیت کے تربیتی پیغامات

1۔ ’’میں نہیں جانتا‘‘ کہنے کی جرأت اور انکساری رکھیں

علمی دیانت کا تقاضا ہے کہ اپنی معلومات کی حدود کو تسلیم کریں۔

عملی مشق: جب کسی جواب کی درستی ثابت نہ کر سکیں تو اپنی بے یقینی صاف لفظوں میں ظاہر کریں۔ 

2۔ طلبہ اور مخاطبین کا منصفانہ جائزہ لیں

کافی شواہد کے بغیر کسی کے کردار، صلاحیت یا نیت کے بارے میں پیشگی فیصلہ نہ کریں۔

عملی مشق: نئی معلومات سامنے آنے پر اپنے کسی سابقہ فیصلے کا دوبارہ جائزہ لیں۔ 

3۔ بے بنیاد دعووں سے اجتناب کریں

کمزور ماخذ یا غیر مصدقہ معلومات کو قطعی حقیقت کے طور پر پیش نہ کریں، خصوصاً دینی تعلیم میں۔

عملی مشق: کسی قول کو نقل کرنے سے پہلے اس کا ماخذ جانچ کر تصدیق کریں۔ 

4۔ لوگوں کی عزت اور سماجی ساکھ کی حفاظت کریں

افرادِ معاشرہ کو غیبت، جھوٹے الزامات اور دوسروں کی آبرو کو ناجائز نقصان پہنچانے سے بچنے کی تعلیم دیں۔

عملی مشق: اگلے درس یا خطبے میں دوسروں کی عزت محفوظ رکھنے کا ایک عملی طریقہ بیان کریں۔ 

5۔ قرآنی تعلیمات کو ڈیجیٹل زندگی سے جوڑیں

سورۂ اسراء کی آیت ۳۶ کے ذریعے معلومات شائع اور شیئر کرنے کی ذمہ داری سمجھائیں۔

عملی مشق: مختصر درس دیں جس میں اس آیت کو غلط معلومات کی اشاعت کی کسی موجودہ مثال سے جوڑیں۔ 

6۔ اطلاعات کی تصدیق کے طریقے سکھائیں

دعوؤں کی تحقیق لازم ہے، خاص طور پر جب دینی احکام یا لوگوں کی آبرو کا معاملہ ہو۔

عملی مشق: کسی دعوے کے تجزیے اور جانچ کے پانچ عملی طریقے مخاطبین کو بتائیں۔ 

7۔ شواہد کی بنیاد پر تعصب کا مقابلہ کریں

علم، انصاف اور باوقار مکالمے سے فرقہ وارانہ غلط اطلاعات اور اسلام مخالف تعصبات کا مقابلہ کریں۔

عملی مشق: کسی متعصبانہ دعوے کا جائزہ لے کر ثبوت پر مبنی جواب تیار کریں۔ 

8۔ معاشرے میں ڈیجیٹل آگہی بڑھائیں

افرادِ معاشرہ کو جعلی دینی اقوال، انٹرنیٹ فراڈ اور مصنوعی ذہانت کے ذریعے شناخت کی جعل سازی پہچاننے میں مدد دیں۔

عملی مشق: مختصر سرگرمی منعقد کریں جس میں شرکا کسی من گھڑت اقتباس یا مشکوک پیغام کی شناخت کریں۔

اس کا اشتراک کریں، اپنا پلیٹ فارم منتخب کریں!

خبریں ان باکس کے ذریعے

نیوز لیٹر کو سبسکرائب کریں۔