آیتِ ہفتہ – جلد 03 شمارہ 26

Ayah Of The Week - Volume 03 Issue 26
Last Updated: جون 26, 2026By Categories: آیتِ ہفتہ0 Comments on آیتِ ہفتہ – جلد 03 شمارہ 260 min readViews: 11

عہد کی وفاداری؛ کربلا میں استقامت اور وفا کی آیت سے حاصل ہونے والے سبق

تمہید اور اس آیت میں غور و فکر کی مناسبت

امام حسینؑ اور آپؑ کے وفادار ساتھیوں کی عزاداری کے ان غمگین دنوں میں، اس مبارک آیت پر تدبر کرنا، جسے امام حسینؑ اپنے جاں نثار ساتھیوں کی شہادت کے بعد تلاوت فرمایا کرتے تھے، ہماری آج کی زندگی کے لیے بے شمار اہم پیغامات کا حامل ہے:

مِنَ الْمُؤْمِنِينَ رِجَالٌ صَدَقُوا مَا عَاهَدُوا اللَّهَ عَلَيْهِ فَمِنْهُمْ مَنْ قَضَى نَحْبَهُ وَمِنْهُمْ مَنْ يَنْتَظِرُ وَمَا بَدَّلُوا تَبْدِيلًا

"مؤمنوں میں ایسے مرد ہیں جنہوں نے اللہ سے کیے ہوئے اپنے عہد کو سچ کر دکھایا؛ ان میں سے بعض اپنا عہد پورا کر چکے ہیں اور بعض ابھی انتظار میں ہیں، اور انہوں نے اپنے عہد و پیمان میں ذرّہ برابر تبدیلی نہیں کی۔"

(سورۂ احزاب، آیت 23)

نوجوانوں اور جوانوں کے لئے تربیتی پیغامات

1۔ اللہ کے ساتھ واضح عہد باندھا کرو

مقصد سے خالی زندگی آسانی سے گمراہی اور غفلت کا شکار ہو جاتی ہے۔ اللہ کے ساتھ سچے عہد انسان کی روزمرہ زندگی کو سمت، معنی اور قوت عطا کرتے ہیں۔

عملی چیلنج:

آج رات اللہ کے ساتھ ایک سادہ عہد تحریر کریں، مثلاً نمازِ اول وقت کی پابندی  کروں گا یا روزانہ قرآن کریم کی چند آیات کی تلاوت۔ کیا کروں گا

2۔ اللہ سے کئے ہوئے اپنے عہدکو نہ بھولو

بہت سے لوگ مصیبت، امتحان، بیماری یا روحانی لمحات میں اللہ سے وعدے کرتے ہیں، لیکن بعد میں انہیں بھول جاتے ہیں۔ حقیقی مؤمن ہمیشہ اپنے عہدوں کو یاد رکھتا اور ان پر قائم رہتا ہے۔

عملی چیلنج:

اپنے سابقہ روحانی عہدوں کی ایک فہرست بناؤ اور اس ہفتے ان میں سے کسی ایک پر عمل کرنے کا منصوبہ  تیار کرو۔

3۔ اپنے ایمان پر ثابت قدم رہو

آج کے مسلمان نوجوان سوشل میڈیا، عمومی ثقافت اور ہم عمروں کے دباؤ کا سامنا کر رہے ہیں۔ یہ آیت ہمیں سکھاتی ہے کہ سچے مؤمن بدلتے ہوئے رجحانات اور نظریات کے باوجود اپنے اصولوں پر قائم رہتے ہیں۔

عملی چیلنج: کسی نئے رجحان یا فیشن کی پیروی کرنے سے پہلے اپنے آپ سے پوچھو:

"کیا یہ کام مجھے اللہ کے قریب کرے گا یا اس سے دور؟"

4۔ اپنے آپ کو امام حسینؑ کے قافلے میں شامل ہونے کے لیے تیار کرو

ہر شخص میدانِ جنگ کے لیے نہیں بلایا جاتا، لیکن ہر مؤمن ان صفات کو اپنے اندر پیدا کر سکتا ہے جو اللہ کی راہ میں قربانی دینے والوں میں موجود تھیں؛ جیسے ایمان، شجاعت، اخلاص، خدمت اور بندگی۔

عملی چیلنج:

شہداء کی کسی ایک صفت کو منتخب کرو—مثلاً سچائی، والدین کا احترام، دوسروں کی مدد یا نمازِ اول وقت—اور ایک ہفتے تک اس پر مسلسل عمل کرو۔

5۔ انتظار کا مطلب آمادگی ہے

یہ آیت نہ صرف ان لوگوں کی تعریف کرتی ہے جنہوں نے اپنا عہد پورا کر لیا، بلکہ ان کی بھی جو ابھی انتظار میں ہیں۔ اسلام میں انتظار کا مطلب ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھنا نہیں، بلکہ ہمیشہ اپنے آپ کو الٰہی ذمہ داریوں کے لیے تیار رکھنا ہے۔

عملی چیلنج:

ہر رات سونے سے پہلے ایک منٹ یہ سوچوکہ آج آپ نے ایسا کون سا کام کیا ہے جس نے آپ کو ایک بہتر مسلمان اور بہتر انسان بنایا ہے۔

6۔ مشکلات میں بھی سچے اور وفادار بنے  رہو

یہ آیت ہمیں سکھاتی ہے کہ حقیقی طاقت یہ ہے کہ انسان دباؤ اور آزمائش کے وقت بھی سچائی اور وفاداری پر قائم رہے۔

عملی چیلنج:

آج ان وعدوں میں سے ایک کو ضرور پورا کرو جسے نظر انداز کرنے کا تمہیں خیال آیا تھا۔

7۔ بہانہ بازی منع ہے

بہت سے لوگ اپنے عہد اور وعدے توڑنے کے بعد اپنے غلط رویّے کے لیے مختلف بہانے تراش لیتے ہیں۔ خبردار! تم بھی ان لوگوں میں شامل نہ ہو جانا، جو پہلے وعدہ خلافی کرتے ہیں اور پھر اپنے عمل کا دفاع کرنے کے لیے دلکش جواز گھڑتے ہیں۔

عملی چیلنج:

اللہ کے ساتھ کیے گئے کسی ایسے عہد کو یاد کرو جس پر آپ عمل نہ کر سکے ہوں۔ دیانت داری سے اس پر غور کرو اور ان تمام بہانوں کو ترک کر دو،جو تم نے اپنی تسلی کے لیے بنا رکھے ہیں۔

والدین کے لئے تربیتی پیغامات

1۔ اپنی اولاد کو سکھائیں کہ آرام و آسائش سب سے بڑی کامیابی نہیں

پُرسکون اور بے فکر زندگی لازماً حقیقی کامیابی اور سعادت کا نام نہیں۔ اس آیت میں جن مؤمنوں کی تعریف کی گئی ہے، انہوں نے حق، ایمان اور عہدِ الٰہی کی وفاداری کو ذاتی آسائش اور دنیاوی مفادات پر ترجیح دی۔

عملی چیلنج:

اس ہفتے اپنے بچوں کو کسی ایسے حقیقی شخص کی داستان سنائیں جس نے انصاف، صداقت یا ایمان کی خاطر اپنی راحت قربان کر دی۔

2۔ ایک مذہبی فیملی ہونے کے ناطے ایمان کے بلند درجات کی طرف بڑھیں

یہ آیت واضح کرتی ہے کہ تمام مؤمن ایک ہی روحانی درجے پر نہیں ہوتے۔ بعض لوگ اخلاص، قربانی اور استقامت کے ذریعے بلند مراتب حاصل کرتے ہیں۔

عملی چیلنج:

خاندان کے طور پر ایک عبادت یا نیک عمل منتخب کریں اور آئندہ ہفتے سب مل کر اسے پہلے سے بہتر انداز میں انجام دینے کی کوشش کریں۔

3۔ تربیت میں مثالی شخصیات سے فائدہ اٹھائیں

یہ آیت ممتاز مؤمنوں کا ذکر اس لیے کرتی ہے تاکہ دوسرے لوگ ان سے سبق حاصل کریں۔ بچوں میں ایمان اور کردار سازی کا ایک مؤثر ذریعہ انبیاء، اہل بیتؑ، شہداء اور صالحین کی سیرت سے انہیں آشنا کرنا ہے۔

عملی چیلنج:

اس ہفتے کی ایک رات کسی عظیم اسلامی شخصیت کی زندگی بیان کرنے کے لیے مختص کریں اور اس سے حاصل ہونے والے عملی سبق پر بچوں سے گفتگو کریں۔

4۔ بچوں کو وعدہ پورا کرنے کا عادی بنائیں

وعدے کی پابندی دل کی سچائی کا عملی ثبوت ہے۔

عملی چیلنج:

اپنے بچوں سے کہیں کہ وہ اس ہفتے کیے گئے کم از کم ایک وعدے کو ہر صورت پورا کریں۔

5۔اپنے  گھر کو سچائی کا مرکز بنائیں

جو خاندان سچائی کو اہمیت دیتا ہے، وہ باایمان اور قابلِ اعتماد اولاد کی پرورش کرتا ہے۔

عملی چیلنج:

آج گھر میں ایک پُرسکون اور دیانت دار گفتگو کریں جس میں نہ ڈانٹ ہو اور نہ چیخ و پکار۔

6۔ محبتِ اہل بیتؑ کو روزمرہ زندگی سے جوڑیں

امام حسینؑ سے محبت صرف جذبات تک محدود نہیں رہنی چاہیے بلکہ اخلاق، نماز، عدل پسندی اور ایثار میں بھی ظاہر ہونی چاہیے۔

عملی چیلنج:

اس ہفتے امام حسینؑ کی یاد اور نیت سے خاندان کے ساتھ مل کر کوئی نیکی انجام دیں۔

ائمہ جماعت اوراساتذہ کےلئے تربیتی پیغامات

1۔ صرف جذبات نہیں، وفاداری کا پیغام دیا کیجئے

امام حسینؑ، ان کے اہل بیتؑ اور اصحابؑ کے مصائب پر گریہ اور اظہارِ غم ضروری بھی ہے اور باعثِ افتخار بھی۔ لیکن ان جذبات کی اصل قدر اس وقت ظاہر ہوتی ہے جب وہ ہمیں اللہ کی اقدار اور اپنے الٰہی عہدوں کی وفاداری کی طرف لے جائیں۔

عملی چیلنج:

اپنے اگلے خطاب میں ایک ایسا عملی طریقہ بیان کریں جس کے ذریعے لوگ آج کی زندگی میں الٰہی اقدار کے ساتھ وفاداری اختیار کر سکیں۔

2۔ کربلا کو آج کے مسائل سے جوڑکر کے دیکھا  کیجئے

آج کے مسلمان فکری انتشار، ناانصافی، تنہائی اور اخلاقی دباؤ کا شکار ہیں، اور یہ آیت ان کے لیے رہنمائی کا سرچشمہ بن سکتی ہے۔

عملی چیلنج:

معاشرے کے کسی حقیقی مسئلے کو بیان کریں اور اس آیت کے پیغام سے اس کا تعلق واضح کریں۔

3۔ عبادت کو ذمہ داری سے جوڑکر کے دیکھا  کیجئے

محرم کا حقیقی پیغام لوگوں کو عدل، خدمتِ خلق اور خود سازی کی طرف لے جانا چاہیے۔

عملی چیلنج:

ایسا سماجی یا فلاحی پروگرام ترتیب دیں جو کربلا کے پیغام کو عملی شکل دے۔

4۔ دیانت داری کو ایک زندگی کی مہارت کے طور پر سکھائیے

اپنے مخاطبین کو سکھائیں کہ ہر حال میں، خصوصاً اس وقت جب سچائی اور وفاداری مشکل یا مہنگی محسوس ہو، وہ امانت داری اور راست گوئی کو ترک نہ کریں۔

عملی چیلنج:

اپنے طلبہ یا سامعین سے کہیں کہ وہ اس ہفتے کے لیے اللہ کے ساتھ ایک عہد لکھیں اور پوری دیانت داری کے ساتھ اس پر عمل کریں۔

اس کا اشتراک کریں، اپنا پلیٹ فارم منتخب کریں!

خبریں ان باکس کے ذریعے

نیوز لیٹر کو سبسکرائب کریں۔