موضوعِ ہفتہ – جلد 03 شمارہ 20

Topic of the Week - Volume 03 Issue 20
Last Updated: مئی 14, 2026By Categories: موضوعِ ہفتہ0 Comments on موضوعِ ہفتہ – جلد 03 شمارہ 200 min readViews: 6

پوشیدہ طاقت؛ امام جواد (علیہ السلام)کے روحانی نفوذ سے خلافتِ عباسیہ ، خوفزدہ ۔

سید ہاشم موسوی

تمہید

امام  محمد بن علی الجواد علیہ السلام، جنہیں “تقی” اور “جواد الائمہ” کے لقب سے یاد کیا جاتا ہے، 10رجب 195 ہجری قمری کو مدینہ منورہ میں پیدا ہوئے۔
آپؑ نے امام  علی الرضا علیہ السلام کی شہادت کے بعد 203 ہجری میں کم سنی میں منصبِ امامت سنبھالا۔ یہی واقعہ ابتدا ہی سے آپؑ کے غیر معمولی علمی و روحانی مقام کو خلافتِ عباسیہ کے لیے ایک حساس مسئلہ بنا گیا۔

۲۱۵ ہجری میں مأمون عباسی کے حکم پر امامؑ کی بغداد آمد اور دربار کے ساتھ زبردستی قائم کیا گیا سیاسی تعلق، کسی حقیقی ہم آہنگی کی علامت نہیں تھا، بلکہ خلافت کی اس کوشش کا حصہ تھا جس کے ذریعے وہ اہلِ بیتؑ کی معنوی عظمت کو قابو میں لانا، اس پر نگرانی رکھنا اور اسے اپنے سیاسی مفادات کے لیے استعمال کرنا چاہتی تھی۔

بعد میں امامؑ کی مدینہ واپسی اور عباسی اشرافیہ کے ماحول سے دوری نے واضح کردیا کہ دربار کی “قریب کرکے بے اثر  بنادینے والی” پالیسی ناکام ہوچکی ہے اور امامؑ کی فکری و اخلاقی استقلالیت مکمل طور پر محفوظ ہے۔

دورِ معتصم میں امامؑ کو دوبارہ جبراً بغداد بلایا جانا وہ مرحلہ تھا جہاں خلافت کا سیاسی خوف، امامؑ کے سماجی نفوذ، علمی برتری اور روحانی استقلال سے بڑھ کر جسمانی خاتمے کے فیصلے تک پہنچ گیا۔
آخرکار ذی القعدہ 220 ہجری کے آخری ایام میں، صرف 25 برس کی عمر میں، امامؑ بغداد میں غریبانہ اور مظلومانہ انداز میں شہید کر دیے گئے۔

آپؑ کے جسدِ مطہر کو آپؑ کے جد بزرگوار امام موسیٰ کاظم علیہ السلام کے پہلو میں “مقابرِ قریش” بغداد میں دفن کیا گیا، جو آج “کاظمین” کے نام سے معروف ہے۔

امام جوادؑ کی شہادت کے اسباب

امام جوادؑ کی جوانی میں شہادت (25 برس کی عمر میں) عباسی دور کے مختلف سیاسی اور سماجی عوامل کے تصادم کا براہِ راست نتیجہ تھی۔

معتصم عباسی، مأمون کے برعکس، جو “ظاہری نرمی” کی پالیسی اختیار کیے ہوئے تھا، زیادہ سخت اور جارحانہ رویہ رکھتا تھا۔ وہ کئی پہلوؤں سے امام محمد تقیؑ کی موجودگی کو اپنی حکومت کے لیے خطرہ سمجھتا تھا، اور یہی عوامل آپؑ کی شہادت کا سبب بنے۔

امامؑ کے روحانی و سماجی نفوذ کا خوف

عباسی حکومت کی شرعی حیثیت، ائمہ اہلِ بیتؑ کے مقابلے میں بنیادی طور پر کمزور تھی۔
امام جوادؑ کی بڑھتی ہوئی محبوبیت، عوام کے ساتھ مسلسل رابطہ، اور وکالت کے منظم نیٹ ورک نے اس کمزوری کو مزید نمایاں کردیا تھا۔

اسی لیے خلافت، امامؑ کے روحانی اثر و رسوخ کو اپنی سیاسی طاقت کے لیے براہِ راست خطرہ سمجھتی تھی۔

2۔ " قریب کرکے بے اثر  بنادینے والےمنصوبے ” کی ناکامی

مأمون کی بیٹی “ام الفضل” کا امامؑ سے نکاح، دراصل ایک سیاسی منصوبہ تھا تاکہ امامؑ کو درباری نظام میں جذب کرکے ان کی شخصیت کو کمزور کیا جاسکے۔

لیکن امامؑ کی فکری آزادی، عملی زہد، اور درباری عیش و عشرت سے دوری نے اس منصوبے کو ناکام بنا دیا۔
نتیجہ یہ نکلا کہ خلافت کو فائدہ پہنچنے کے بجائے، حکومت کی کمزوری اور امامؑ کی استقلالیت مزید واضح ہوگئی۔

امامؑ کی علمی برتری اور خلافت کے ظاہری  بھرم  کا ٹوٹ جانا

عباسی خلفاء نے کئی مناظرے امامؑ کو کمزور دکھانے کے لیے ترتیب دیے، لیکن ہر مرتبہ امامؑ کی فیصلہ کن کامیابی نے الٹا اثر ڈالا اور آپؑ کی عظیم علمی شخصیت کو سب پر آشکار کردیا۔

اس سے نہ صرف دربار کی  بھرم چکنا چور ہوا،  بلکہ اہلِ بیتؑ کی علمی مرجعیت عوام کے سامنے اور زیادہ روشن ہوگئی۔

امامؑ اور یحییٰ بن اکثم کا مشہور مناظرہ

سب سے مشہور مناظرہ، عباسی دربار کے قاضی القضاۃ “یحییٰ بن اکثم” کے ساتھ تھا۔
یہ مناظرہ امامؑ کے بچپن ہی میں آپؑ کے بے مثال علم کو آشکار کرنے والا واقعہ بن گیا۔

مناظرے کا تاریخی پس منظر

جب مأمون امام جوادؑ کو بغداد لایا تو عباسی  خاندان کے لوگوں نے سخت مخالفت کی۔
ان کا خیال تھا کہ خلافت کو آلِ علیؑ سے قریب نہیں ہونا چاہیے۔

اسی مخالفت کے پیش نظر،  امامؑ کی علمی حیثیت کو عوام کے سامنے آزمانے کے لیے مأمون نے ایک عظیم علمی مجلس منعقد کی، جس میں علماء، درباری شخصیات اور سیاسی افراد موجود تھے۔

لیکن نتیجہ امامؑ کی تضعیف کے بجائے، آپؑ کی علمی عظمت کے مزید استحکام کی صورت میں نکلا۔

مناظرے کا بنیادی سوال

یحییٰ بن اکثم نے امامؑ سے حج کے فقہی مسئلے پر سوال کیا:

"اگر کوئی شخص حالتِ احرام میں شکار کرے تو اس کا کیا حکم ہے؟”

امامؑ نے ایک مختصر جواب دینے کے بجائے، فرمایا: تمہارا سوال ادھورا ہے۔  پہلے یہ بتاؤ کہ:

  • آیا شکار حرم میں ہوا یا حرم سے باہر؟
  • جان بوجھ کر کیا یا غلطی سے؟
  • عالم تھا یا جاہل؟
  • آزاد تھا یا غلام؟
  • پہلی مرتبہ کیا یا بار بار؟
  • شکار پرندہ تھا یا غیر پرندہ؟
  • چھوٹا تھا یا بڑا؟
  • رات میں شکار کیا یا دن میں؟
  • احرامِ عمرہ تھا یا احرامِ حج؟

اس طرح امامؑ نے اس کے ایک سوال کو 11 مختلف صورتوں میں تقسیم کردیا، اور اس کے ذریعے واضح کیا کہ فقہی مسائل کو حالات اور قیود کے بغیر ایک سادہ جواب میں محدود نہیں کیا جاسکتا۔

نتیجہ: یحییٰ بن اکثم،  امامؑ کی علمی گہرائی اور وسعتِ نظر سے حیران و پریشان رہ گیا۔
اس کے چہرے پر شکست اور بے بسی کے آثار نمایاں ہوگئے، یہاں تک کہ مجلس کے تمام حاضرین اس کی علمی شکست کو سمجھ گئے۔

یہ واقعہ اس حقیقت کو آشکار کرتا ہے کہ خلافت کا مسئلہ صرف سیاسی اختلاف نہیں تھا، بلکہ  حکومت ،ایک ایسی الٰہی ااور علمی قیادت کے مقابل  میں کھڑی تھی جس کی عظمت ،  اس کی سنی کی وجہ سے  کبھی متاثر نہیں ہوتی۔

درباریوں کی حسد سے بھری سازشیں

امامؑ کے بڑھتے ہوئے علمی و روحانی اثر و رسوخ نے درباریوں کو اس نتیجے تک پہنچا دیا تھا کہ ان کی سیاسی بقا، امامؑ کی محدودیت یا خاتمے میں ہے۔

تاریخی روایات میں “ابن ابی داؤد” کو ایسی سازشوں کا نمایاں کردار قرار دیا گیا ہے۔

ابن ابی داؤد کا واقعہ

ایک مرتبہ ایک چور کو معتصم کے دربار میں لایا گیا، جس پر شرعی حد نافذ ہونی تھی۔

فقہاء اور قاضیوں کے درمیان اختلاف ہوگیا:

  • بعض نے کہا ہاتھ کلائی سے کاٹا جائے۔
  • بعض نے کہا کہنی سے کاٹا جائے۔

معتصم نے امامؑ سے رائے پوچھی۔

امامؑ نے ابتدا میں گفتگو سے اجتناب کیا، لیکن اصرار پر فرمایا:

“یہ سب غلطی پر ہیں۔ چور کا ہاتھ انگلیوں کے آخری حصے سے کاٹا جائے گا، جبکہ ہتھیلی باقی رہے گی۔”

امامؑ نے رسول اللہ ﷺ کی روایت سے استدلال کیا کہ ہتھیلی سجدے کے اعضاء میں سے ہے، اور پھر قرآن کی اس آیت سے دلیل پیش کی:

وَأَنَّ الْمَسَاجِدَ لِلَّهِ

“اور سجدہ گاہیں اللہ ہی کے لیے ہیں۔”

امامؑ نے فرمایا کہ سجدے کے اعضاء کو باقی رہنا چاہیے، لہٰذا ہتھیلی نہیں کاٹی جاسکتی۔

یہ استدلال سن کر تمام حاضرین حیران رہ گئے، اور معتصم نے بھی امامؑ کے فیصلے کو قبول کرلیا۔

لیکن یہی واقعہ ابن ابی داؤد کے لیے ذلت و رسوائی کا باعث بن گیا، اور اس نے معتصم کو یہ باور کرانے کی کوشش کی کہ اگر  اشی طرح امامؑ کی علمی برتری مسلسل نمایاں ہوتی رہی تو عوام خلافت کے بجائے اہلِ بیتؑ کی طرف مائل ہوجائیں گے۔

مورخین کے مطابق یہی واقعہ معتصم کے خوف کو شدید کرنے اور امامؑ کی شہادت کے فیصلے کا ایک اہم سبب بنا۔

5۔ شیعہ سیاسی  تحریک کے  ابھرجانے کا خوف

معتصم کے نزدیک امام جوادؑ، مسلح قیام کے بغیر بھی، شیعوں کی ایک طاقتور روحانی و سماجی  امام تھے۔

اسی لیے خواہ امامؑ مدینہ میں ہوں یا بغداد میں، خلافت انہیں اپنے سیاسی استحکام کے لیے خطرہ سمجھتی تھی۔

اگرچہ امامؑ نے کوئی مسلح تحریک نہیں چلائی، لیکن آپؑ شیعہ معاشرے کی فکری و دینی شناخت کے محور تھے، اور یہی چیز حکومت کے خوف کا سبب بنی رہی۔

جب معتصم نے دیکھا کہ جسمانی نگرانی اور بغداد میں محدود رکھنے کے باوجود امامؑ کے روحانی اثر کو روکا نہیں جاسکتا، تو اس نے بالآخر جسمانی خاتمے کی پالیسی اختیار کرلی۔

ایک بار بار دہرایا جانے والا  حکمرانوں کا طریقہ- کڑی نگرانی  سے لے کر  شہادت  تک

امام جوادؑ کی شہادت کوئی اچانک واقعہ نہیں تھی، بلکہ عباسی حکومت کے ایک مسلسل طرزِ عمل کا حصہ تھی۔

جب کڑی نگرانی  — جیسے قید، محدودیت یا ظاہری ولی عہدی — ائمہؑ کے اثر و نفوذ کو روکنے میں ناکام ہوجاتی ہے، تو حکومت اپنی پالیسی نگرانی سے بدل کر جسمانی خاتمے تک لے جاتی تھی۔

نتیجہ: عباسی حکومت کو امامؑ سے صرف سیاسی اختلاف نہیں تھا، بلکہ وہ ایک ایسی زندہ، آزاد اور مؤثرقیادت سے خوفزدہ تھی:

  • جو خلافت کی دینی حیثیت کو چیلنج کرتی تھی،
  • دربار کی علمی برتری کو باطل ثابت کرتی تھی،
  • اور عوام کو ایک مستقل فکری و روحانی مرکز فراہم کرتی تھی۔

عباسی دراصل کسی ایک فرد کے مقابل نہیں تھے، بلکہ ایک ایسی روحانی طاقت کے مقابل تھے جو سرکاری اقتدار کے بغیر بھی دلوں اور افکار پر حکومت کرتی تھی۔

اسی لیے امام جوادؑ کی شہادت، خلافت کی طاقت کی علامت نہیں، بلکہ اہلِ بیتؑ کے روحانی نفوذ اور استقلال کے سامنے اس کی شکست کا اعتراف تھی۔

اس کا اشتراک کریں، اپنا پلیٹ فارم منتخب کریں!

خبریں ان باکس کے ذریعے

نیوز لیٹر کو سبسکرائب کریں۔