حدیثِ ہفتہ – جلد 03 شمارہ 26

Hadith Of The Week - Volume 03 Issue 26
Last Updated: جون 26, 2026By Categories: حدیثِ ہفتہ0 Comments on حدیثِ ہفتہ – جلد 03 شمارہ 260 min readViews: 11

 دل کی پاکیزگی؛ امام حسینؑ کے حقیقی پیروکاروں کی نشانی 

درج ذیل حدیث پر غور کرنے کی مناسبت:

ان دنوں جب ہم امام حسینؑ اور آپؑ کے وفادار ساتھیوں کی عظیم قربانی، ایثار اور شہادت کو یاد کرتے ہیں، یہ گراں قدر حدیث ہمیں یاد دلاتی ہے کہ حقیقی پیروی صرف دعووں اور الفاظ کا نام نہیں، بلکہ دل کی پاکیزگی اور باطنی سلامتی میں ظاہر ہوتی ہے۔ سچے پیروکار وہ ہیں جن کے دل دھوکے، کینے اور چھپی ہوئی آلودگیوں سے پاک ہوں۔

امام حسینؑ فرماتے ہیں:

إِنَّ شِيعَتَنَا مَنْ سَلِمَتْ قُلُوبُهُمْ مِنْ كُلِّ غِشٍّ وَغِلٍّ وَدَغَلٍ

"بے شک ہمارے شیعہ وہ ہیں جن کے دل ہر قسم کے دھوکے، کینے اور پوشیدہ  جرائم سے پاک اور محفوظ ہوں۔"

(بحار الأنوار، ج ۶۵، ص ۱۵۶)

نوجوانوں اور جوانوں کے لئے تربیتی پیغامات

1۔ جھوٹ اور دھوکے کو کبھی جائز نہ ٹھہرانا

جھوٹ بولنے، حقیقت چھپانے یا دوسروں کو گمراہ کرنے کے لیے بہانے نہ بنایا کرو۔ شیطان کی ایک بڑی چال یہ ہے کہ وہ غلط کاموں کو معمولی اور قابلِ قبول بنا کر پیش کرتا ہے۔

عملی چیلنج:

اگر اس ہفتےتم سے کوئی غلطی ہو جائے تو اسے دیانت داری سے تسلیم کرلو اور اپنے آپ کو درست ثابت کرنے کی کوشش نہ کرو۔

2۔ حقیقی شیعہ اپنے کردار سے پہچانا جاتا ہے

امام حسینؑ کا سچا پیرو صرف دعوے سے نہیں پہچانا جاتا بلکہ اس کا کردار اس کے ایمان کی گواہی دیتا ہے۔ ہمارے اعمال دھوکے، کینے اور پوشیدہ برائیوں سے پاک ہونے چاہئیں۔

عملی چیلنج:

اپنی کسی ایسی عادت یا رویّے کی نشاندہی کرو، جو اسلامی اقدار کے مطابق نہیں اور اس ہفتے اسے بہتر بنانے کی کوشش کریں۔

3۔ اپنے دل کی حفاظت کیاکرو

دل انسان کی زندگی کا ایک اہم مرکز ہے جو فیصلوں اور سمت کا تعین کرتا ہے۔ اگر دل حسد، کینے یا ناپاکی سے بھر جائے تو انسان کا کردار بھی متاثر ہوتا ہے۔ مؤمن ہمیشہ اپنے دل کی اصلاح اور حفاظت کی کوشش کرتا ہے۔

عملی چیلنج:

ہر رات ایک منٹ اپنے خیالات اور احساسات کا جائزہ لو اور اللہ تعالیٰ سے اپنے دل کی پاکیزگی کی دعا کرو۔

4۔ دوغلے پن اور منافقت سے بچو

مؤمن ایسا نہ ہو کہ لوگوں کے سامنے ایک اچھا چہرہ دکھائے اور تنہائی میں اس کے اعمال مختلف ہوں۔

عملی چیلنج:

اس ہفتے ایک ایسی عادت منتخب کرو جسےتم گھر، سوشل میڈیا اور دوستوں کے درمیان یکساں طور پر اپنانے کی کوشش کرو۔

5۔ اخلاص کو اپنی شخصیت کا حصہ بنالو

ایمان کی اصل قدر ظاہری نمائش میں نہیں بلکہ دل کی سچائی، پاکیزگی اور اللہ کی رضا کے لیے خالص نیت میں ہے۔

عملی چیلنج:

آج کوئی ایک نیک کام صرف اللہ کی خوشنودی کے لیے انجام دیں، نہ کہ تعریف یا توجہ حاصل کرنے کے لیے۔

والدین کےلئے تربیتی پیغامات

1۔ ذمہ داری اور سچائی کا نمونہ بنیں

والدین کو کسی بھی بہانے سے جھوٹ، چھپاؤ یا دھوکے کا سہارا نہیں لینا چاہیے۔ انہیں اپنے بچوں کے لیے سچائی اور ذمہ داری کی عملی مثال بننا چاہیے۔

عملی چیلنج:

اس ہفتے ایسی صورتِ حال میں، جہاں ایک چھوٹا سا دھوکا آسان راستہ محسوس ہو، جان بوجھ کر سچائی کا انتخاب کریں۔

2۔ اپنے بچوں کو حقیقی شیعہ ہونے کا مفہوم سکھائیں

شیعہ ہونا صرف ایک شناخت یا دعویٰ نہیں، بلکہ اخلاق، صداقت اور کردار میں ظاہر ہوتا ہے۔ بچوں کو سمجھائیں کہ اہل بیتؑ سے محبت ان کے روزمرہ اعمال میں نظر آنی چاہیے۔

عملی چیلنج:

اپنے بچوں کے ساتھ امام حسینؑ کے حقیقی پیروکاروں کی ایک صفت پر گفتگو کریں اور سوچیں کہ گھر میں اس پر کیسے عمل کیا جا سکتا ہے۔

3۔ بچوں کو امام حسینؑ کی تعلیمات سے آشنا کریں

امام حسینؑ کے ارشادات اور سیرتِ مبارکہ شخصیت سازی اور دل کی پاکیزگی کے لیے بہترین رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔ ان تعلیمات سے مسلسل آشنائی بچوں کو زندگی کے صحیح انتخاب کرنے میں مدد دیتی ہے۔

عملی چیلنج:

اس ہفتے امام حسینؑ کی زندگی کا ایک واقعہ یا ایک حدیث اپنے بچوں کو سنائیں اور اس کے پیغام پر گفتگو کریں۔

4۔ بچوں کے دلوں کی تربیت پر سرمایہ کاری کریں

پاک دل وہ عظیم سرمایہ ہے جو والدین اپنی اولاد کو دے سکتے ہیں۔ دولت، کامیابی اور سماجی مقام سے کہیں زیادہ اہم یہ ہے کہ بچے مخلص، مہربان اور باایمان ہوں۔

عملی چیلنج:

ہر روز چند منٹ اپنے بچوں سے ان کے احساسات، دوستیوں اور اخلاقی خصوصیات کے بارے میں بات کریں، صرف کامیابیوں اور نتائج کے بارے میں نہیں۔

5۔ بچوں کو اخلاص کی تعلیم دیں

خودنمائی آج کے نوجوانوں کے بڑے چیلنجوں میں سے ایک ہے، خواہ سوشل میڈیا ہو یا حقیقی زندگی۔ والدین کو اپنے بچوں کو یہ سکھانا چاہیے کہ اپنی دولت، کامیابی یا صلاحیتوں کی نمائش اور دوسروں سے مسلسل موازنہ انسان کو غلط راستوں کی طرف لے جا سکتا ہے۔

حقیقی کامیابی عاجزی، قناعت اور اللہ کے سامنے اخلاص میں ہے، نہ کہ دوسروں کو متاثر کرنے میں۔

عملی چیلنج:

آج اپنے بچے کے ساتھ دس منٹ اس موضوع پر گفتگو کریں:

"ہر کام صرف اللہ کی رضا کے لیے انجام دینا"

6۔ اس بات پر نظر رکھیں کہ بچوں کے دلوں میں کیا داخل ہو رہا ہے

بچے جو کچھ دیکھتے، سنتے اور فالو کرتے ہیں، وہ ان کی باطنی دنیا پر اثر انداز ہوتا ہے۔

عملی چیلنج:

خاندان کی میڈیا عادات کا جائزہ لیں اور ایسے کسی عنصر کو ختم یا درست کریں جو منفی رویوں اور سوچ کو فروغ دیتا ہو۔

ائمہ جماعت،  اور اساتذہ کے لئے تربیتی پیغامات

1۔ کربلا کو اخلاق اور تربیت سے جوڑیں

امام حسینؑ سے وفاداری پاک نیت، سچائی اور اچھے کردار میں ظاہر ہونی چاہیے۔

عملی چیلنج:

اپنی کسی مجلس، درس یا کلاس کے اختتام پر سامعین سے کہیں کہ وہ اپنی زندگی میں ایک واضح اخلاقی تبدیلی کا آغاز کریں۔

2۔ ناپاک دلوں کے بہانوں کو بے نقاب کریں

بہت سے لوگ جھوٹ، حقیقت چھپانے یا دوسروں کو گمراہ کرنے کو "مصلحت”، "ضرورت” یا "کوئی نقصان نہیں” جیسے عنوانات کے تحت جائز قرار دیتے ہیں۔ مربیان اور معلمین کو چاہیے کہ لوگوں کو ان بہانوں کی حقیقت سے آگاہ کریں تاکہ وہ خود فریبی اور گناہ سے محفوظ رہ سکیں۔

عملی چیلنج:

اپنے مخاطبین سے کہیں کہ اس ہفتے کسی ایک عام بہانے کی نشاندہی کریں جو غلط کاموں کے جواز کے لیے استعمال ہوتا ہے، اور اس سے بچنے کے طریقوں پر غور کریں۔

3۔ دل کی آلودگی کو ابتدا ہی میں روکیں

اگر آپ محسوس کریں کہ کسی کے دل میں حسد، کینہ یا ناپاکی جگہ بنا رہی ہے تو جلد از جلد اس کی اصلاح کی کوشش کریں۔ ابتدائی مرحلے میں دل کی صفائی آسان ہوتی ہے، لیکن جب آلودگی جڑ پکڑ لے تو اس کا علاج مشکل ہو جاتا ہے۔

عملی چیلنج:

اس ہفتے مسجد، مرکز یا کلاس میں کسی ایک نامناسب رویّے کی نشاندہی کریں اور حکمت، احترام اور نرمی کے ساتھ اس کی اصلاح کریں۔

4۔ لوگوں کو اپنی باطنی دنیا پر توجہ دینے کی دعوت دیں

بہت سے نوجوان اپنے ظاہری حلیے اور شکل و صورت پر توجہ دیتے ہیں، لیکن اپنے دل اور باطن کے بارے میں کم سوچتے ہیں۔

عملی چیلنج:

اپنے طلبہ یا سامعین سے کہیں کہ ایک منٹ کے لیے کسی ایسی اندرونی کمزوری، احساس یا اخلاقی صفت کے بارے میں سوچیں جسے اصلاح اور پاکیزگی کی ضرورت ہے۔

اختتامی پیغام

امام حسینؑ کے حقیقی پیروکار صرف وہ نہیں جو آپؑ سے محبت کا دعویٰ کرتے ہیں، بلکہ وہ ہیں جن کے دل دھوکے، کینے، حسد اور نفاق سے پاک ہوں۔ کربلا ہمیں یہ سکھاتی ہے کہ دل کی اصلاح، کردار کی پاکیزگی اور اخلاص ہی وہ بنیادیں ہیں جو انسان کو امام حسینؑ کے راستے کا حقیقی مسافر بناتی ہیں۔

اللہ تعالیٰ ہمیں ان پاک دل مؤمنوں میں شامل فرمائے جن کے بارے میں امام حسینؑ نے فرمایا کہ وہی ہمارے حقیقی شیعہ ہیں۔

اس کا اشتراک کریں، اپنا پلیٹ فارم منتخب کریں!

خبریں ان باکس کے ذریعے

نیوز لیٹر کو سبسکرائب کریں۔