موضوعِ ہفتہ – جلد 03 شمارہ 14

Topic of the Week - Volume 03 Issue 14
Last Updated: اپریل 6, 2026By Categories: موضوعِ ہفتہ0 Comments on موضوعِ ہفتہ – جلد 03 شمارہ 140 min readViews: 3

 صفوی تہذیب کے معمار: شیخ بہائی کے کردار کا تجزیہ-دین، سیاست اور علم کے باہمی ربط کے تناظر میں

سید ہاشم موسوی

تمہید

صفوی دور کو ایران کی تاریخ کے اہم ترین سنگِ میلوں میں شمار کیا جا سکتا ہے؛ ایک ایسا عہد جس میں ایران کی قومی اور مذہبی شناخت، صدیوں کی پراکندگی کے بعد، "اثنا عشری تشیّع” کے زیرِ سایہ ایک نئی وحدت تک پہنچی. اس دور میں مذہب محض ایک  رسمی عبادات کا مجموعہ نہیں، بلکہ ریاست کی ریڑھ کی ہڈی بن گیا. دین اور حکومت کے اس گہرے تعلق نے ایسا ماحول فراہم کیا، جس میں علماءنے صرف احکام کی توضیح تک محدود نہ رہ کر تہذیبی، ثقافتی اور حتیٰ کہ عمرانی تعمیر کے معمار کا کردار بھی ادا کیا.

اسی عظیم تبدیلی کے بیچ، بہاءالدین محمد بن حسین عاملی، المعروف شیخ بہائی، ایک بے مثال شخصیت کے طور پر نمایاں ہوتے ہیں. وہ نہ صرف ایک ممتاز فقیہ اور بصیرو حکیم تھے بلکہ ہمہ جہت عالم تھے جن کی ذہانت نے منقولات  اور معقولات کے درمیان روایتی سرحدوں کو توڑ دیا. شیخ بہائی کو اپنے ہم عصروں سے ممتاز کرنے والی چیز ان کی "علم اور سیاست کے سنگم” پر دانشمندانہ زندگی ہے؛ ایک طرف وہ علم کی بلند چوٹیوں پر فائز تھے، اور دوسری طرف صفوی ریاست کے شیخ الاسلام کی حیثیت سے ملکی نظم و نسق میں اپنا  اہم کردار ادا کر رہے تھے.

تاہم دربار میں ان کی موجودگی اور اقتدار کے قریب ہونا چند بنیادی سوالات کو جنم دیتا ہے، جو اس تحقیقی کاوش کا مرکزہیں:
شیخ بہائی کا صفوی ریاست کے ساتھ تعلق کیسے سمجھا جائے؟ انہوں نے کس طرح اپنی علمی خودمختاری اور ریاستی تقاضوں کے درمیان ایسا توازن قائم کیا کہ نہ صرف خود محفوظ رہے بلکہ ایران میں شیعی شناخت کو مضبوط بنانے کا ذریعہ بھی بنے؟

درحقیقت، شیخ بہائی نے سیاسی امکانات کو بروئے کار لا کر ایک تہذیبی منصوبہ آگے بڑھایا، جس میں شیعی شناخت صرف فقہی متون تک محدود نہ رہی بلکہ معماری، انجینئرنگ اور عوامی زندگی میں جلوہ گر ہوئی. یہ تحریر اسی بات کو واضح کرنے کی کوشش کرتی ہے کہ اس حکیم نے صفوی ریاست-قوم کی بنیادوں کو کس طرح مستحکم کیا.

پہلا حصہ: تاریخی پس منظر

شیخ بہائی کے مقام کو سمجھنے کے لیے اس تاریخی ماحول کا جائزہ ضروری ہے جس نے انہیں شام سے ایران کے مرکز تک پہنچایا. یہ ہجرت ایک سادہ نقل مکانی نہیں بلکہ ایک وسیع سیاسی و مذہبی حکمتِ عملی کا حصہ تھی.

  1. تشیّع کا سرکاری مذہب قرار دئے جانا؛ خانقاہ سے حکومت تک

شاہ اسماعیل اول کے اقتدار میں آنے اور تشیّع کو سرکاری مذہب قرار دینے کے بعد ایران ایک بڑے خلا کا شکار ہوا. ملک کو ایک مربوط شیعی معاشرے میں تبدیل کرنے کے لیے عبادات، عدلیہ اور تعلیم کے نظام کو منظم کرنا ضروری تھا. صفوی شناخت کو اپنے سنی حریف (عثمانی سلطنت) سے امتیاز کے لئے مضبوط فقہی اور کلامی نظام کی ضرورت تھی.

ابتدائی مرحلے میں صفوی حکومت کو ایک بڑی مشکل کا سامنا تھا: معتبر فقہی متون اور اعلیٰ درجے کے علماء کی کمی. اسی لیے حکمرانوں نے مذہبی ادارے کی ضرورت کو محسوس کیا اور بیرونِ ملک سے علماء کو مدعو کیا.

  1. جبل عامل سے علماء کی ہجرت؛ صفوئی دور حکومت  کی رگوں میں  علم و دانش کی  تزریق

اس دور میں لبنان کا علاقہ جبل عامل شیعہ فقہی علم کا اہم مرکز تھا. عثمانی دباؤ کے باعث وہاں کے علماء نے ایران کو اپنے دینی اہداف کے لیے موزوں مقام سمجھا.

محقق کرکی اور بعد میں شیخ بہائی کے خاندان جیسے علماء ایران آئے اور صرف مذہبی مبلغ نہیں رہے بلکہ صفوی ریاست کے قانونی معمار بنے. انہوں نے تعلیمی نظام کو منظم کیا اور جمعہ کی نماز اور ولایت فقیہ جیسے مفاہیم کو  عوام الناس اور حکومت کے درمیان  استحکام کے لئے فروغ دیا.

  1. شیخ بہائی: ہجرت اور اقتدار کا باہمی انسجام کانتیجہ

شیخ بہائی اسی ماحول میں پروان چڑھے. وہ بچپن میں اپنے والد کے ساتھ جبل عامل سے قزوین آئے. انہوں نے شامی علمی ورثے کو ایرانی ثقافت اور سیاست کے ساتھ جوڑ دیا.

ان کی خاص بات یہ تھی کہ انہوں نے "فقہ عاملی” کو "ایرانی حکمت و فن” کے ساتھ ہم آہنگ کیا اور اقتدار سے ٹکرانے کے بجائے شاہ عباس کے قابلِ اعتماد مشیر بن گئے.

دوسرا حصہ: دربارِ شاہ عباس میں شیخ بہائی کا مقام

  1. منصبِ شیخ الاسلامی؛ سب سے بڑا مذہبی عہدہ

شاہ عباس نے شیخ بہائی کو اصفہان کا شیخ الاسلام مقرر کیا، جو مذہبی اور قانونی نظام کا سب سے اہم منصب تھا. اس میں درج ذیل ذمّے داریاں شامل تھیں :

  • عدالتی فیصلوں کی نگرانی : شیخ الاسلام شرعی عدالتوں کی نگرانی، عدالتی فیصلوں کی توثیق، اور عوامی حقوق کے تحفظ کا ذمہ دار تھا.
  • اوقاف کی  سرپرستی اور دیکھ بھال : ریاست کی دولت اور زمینوں کا ایک بڑا حصہ وقف کی صورت میں چلایا جاتا تھا، اور شیخ بہائی ان اموال کے امین کی حیثیت سے معاشرے کی اقتصادی بحالی اور فلاح و بہبود میں کلیدی کردار ادا کرتے تھے.
  • سماجی و اخلاقی امور کی نگرانی: عوامی اخلاق کی نگرانی، قاضیوں اور دینی مدارس کے اساتذہ کی اہلیت کی توثیق بھی اس منصب پر ان کی ذمہ داریوں میں شامل تھی.
  1. شاہ عباس کے ساتھ تعلقات؛ بادشاہ اور وزیر  کے تعلقات سے بھی کہیں زیادہ

 شیخ بہائی کا شاہ عباس  سے رابطہ، محض  ایک وزیراور بادشاہ  جیسانہیں تھا  بلکہ ا ان دو کے درمیان ایک  گہرا تہذیبی  رشتہ تھا:

  • باہمی احترام اور قربت: ان دونوں کی شبانہ نشستوں اور مشترکہ سفر وں (جیسے اصفہان سے مشہد تک مشہور پیدل سفر) کے بارے میں متعدد روایات موجود ہیں، جو اس بات کی عکاسی کرتی ہیں کہ بادشاہ کو شیخ کی عقل و دانائی پر گہرا اعتماد تھا.
  • غیر دینی امور میں قابلِ اعتماد مشیر: شاہ عباس بڑے قومی منصوبوں میں—چاہے وہ زایندہ نامی نہر کے پانی کی تقسیم کا نقشہ ہو، نقشِ جہان  نامی چوراہےکا ڈیزائن ہو، یا انجینئرنگ و معماری کے مسائل—”بہاءالدین محمد” کے علم پر انحصار کرتا تھا.
  • اقتدار میں توازن پیدا کرنا: شیخ بہائی اپنے اثر و رسوخ کے ذریعے بارہا بادشاہ کی سختیوں اور خودسرانہ رویوں کو روکتے تھے اور مطلق العنان اقتدار کو متوازن بنانے والے کے طور پر کردار ادا کرتے تھے.
  1. ریاستی ڈھانچے میں موثر کردار

ریاستی ڈھانچے میں شیخ بہائی کی موجودگی سے  صفوئی حکومت کو تین بڑی کامیابیاں نصیب ہوئیں:

  • ایران کی بین الاقوامی ساکھ  میں اضافہ: صفوی دربار میں عالمی معیار کے ایک عالم کی موجودگی نے ایران کی بین الاقوامی حیثیت کو بلند کیا اور یہ ظاہر کیا کہ تشیّع علم اور عقلانیت کا مذہب ہے.
  • فقہی اقتدار کی مقامی تشکیل: انہوں نےعلم فقہ کو (جبل عامل سے لاکر)  ایرانی معاشرے کی ضروریات کے مطابق ڈھالا اور ایسا قانون مرتب کیا (جیسے جامع عباسی) جو عام لوگوں کے لیے قابلِ فہم اور قابلِ عمل ہو.
  • تشیّع کی کی جڑوں کو مضبوط بنانا: انہوں نے شہری اور مذہبی مقامات (جیسے اصفہان کی مسجدِ امام) کی تعمیر و منصوبہ بندی کے ذریعے سیاسی طاقت کو فن اور معماری کے قالب میں ہمیشہ کے لیے محفوظ کر دیا.

تیسرا حصہ: شیخ بہائی اور شیعی شناخت کا استحکام

شیخ بہائی کو صرف ایک سیاست دان یا درباری فقیہ نہیں سمجھنا چاہیے؛ درحقیقت وہ صفوی دور میں تشیّع کے ایک "ثقافتی معمار” تھے.

 شیخ بہائی نے نہایت دانشمندی کے ساتھ مذہبی تجریدی تصورات کو سماجی اور علمی ڈھانچوں میں تبدیل کیا تاکہ شیعی شناخت ایرانی معاشرے کی گہرائیوں میں مضبوطی سے جڑ پکڑ لے.

  1. علمی خدمات؛ علم کا تہذیبی اقدار میں استعمال

شیخ بہائی نے  مختلف موضوعات پرسو سے زائد کتابیں لکھ کریہ ثابت کردیا کہ مکتب تشیع کسی بھی زمانے میں علم کی کمی کا شکار نہیں ہوتا. چنانچہ انہوں نے  دین اور دنیا کے درمیان ایک  ایسا مضبوط پل بنادیا جو آج تک قائم و دائم ہے.

  • "جامع عباسی"نامی کتاب: انہوں نے  فارسی میں پہلی  فقہی کتاب کو نہایت سادہ اور قابلِ عمل زبان میں تحریر کیا.  گویا اس کتاب کے ذریعے "رسالۂ عملیہ” کو مدارس کی درسگاہوں سے نکال کر بازار اور لوگوں کے گھروں تک پہنچا دیا، اور دینی احکام کو ایرانی معاشرے کے اندر رائج کر دیا.
  • "کتاب کشکول”یہ ایک جامع کتاب ہے جو ادب، عرفان اور حکمت سب کا  لاجواب مجموعہ ہے . جو اس بات کا ثبوت ہے کہ ایک شیعہ عالم ،ہرفن مولا ہوتا ہے .
  •   مختلف علوم و فنون بالخصوص عام ریاضیات کے مالک: ان کی لکھی ہوئی”کتاب خلاصة الحساب”:  صدیوں تک  حوزۂعلمیہ اور مدارس میں پڑھائی جاتی رہی ہے. اس طرح علم ریاضیات اور علم نجوم میں وہ  مرجع مانے جاتے ہیں.
  1. فقہ کی تعلیم و ترویج؛ مستقبل کے لئے قوت کی تیاری

شیخ بہائی کے سب سے اہم اور اسٹریٹجک اقدامات میں سے ایک یہ تھا کہ انہوں نے ایسے مفکرین کی نسل تیار کی جنہوں نے صفوی دور کے آخری زمانے تک اور اس کے بعد بھی ایران کے فکری ڈھانچے کو برقرار رکھا.

  1. اعلیٰ درجے کے شاگرد: وہ ملاصدرا (حکمتِ متعالیہ کے بانی) اور محقق سبزواری جیسے بزرگ علماء کے استاد تھے. اس کا مطلب یہ ہے کہ انہوں نے نہ صرف فقہ بلکہ شیعی عقلانیت اور فلسفہ کو بھی آگے بڑھایا.
  2. تعلیمی ادارہ سازی: انہوں نے اصفہان کے مدارس میں نصاب اور تدریسی طریقوں کی اصلاح کے ذریعے شیعہ تعلیمی نظام کو اس طرح منظم کیا کہ وہ ایک بڑی سلطنت کی انتظامی اور عدالتی ضروریات کو پورا کر سکے.
  3. ثقافتی اور سماجی کردار؛ زندگی کے ڈھانچے میں مذہب کا فروغ

شیخ بہائی نے کتابوں سے آگے بڑھ کر شیعی شناخت کو عوام کی روزمرہ زندگی میں راسخ کیا:

  1. معماری اور علامت سازی: اصفہان کی مسجدِ امام کی انجینئرنگ ڈیزائن اور قبلہ کی درست تعیین، یا "حمامِ شیخ بہائی” کی منصوبہ بندی نے علمی ذہانت اور مذہبی عقیدے کے درمیان ایک خوبصورت ربط قائم کیا. انہوں نے لوگوں کو دکھایا کہ دین رفاہ اور جمالیات پیدا کر سکتا ہے.
  2. فلاحی خدمات: زایندہ رود کے پانی کی منصفانہ تقسیم (طومارِ شیخ بہائی) ان کی عظیم سماجی خدمات میں سے ایک تھی. انہوں نے صدیوں پرانے تنازعات کو حل کر کے شیعی عدل کو عام لوگوں اور کسانوں کی زندگی میں محسوس کرایا.
  3. متوازن اخلاق اور عرفان کی ترویج: انہوں نے ایک طرف انتہا پسند صوفی ازم اور دوسری طرف سخت گیر ظاہریت (قشریت) پر تنقید کر کے ایک ایسا "شرعی عرفان” فروغ دیا جو ایرانی معاشرے کے مزاج کے مطابق تھا اور قومی اتحاد میں مددگار ثابت ہوا.

خلاصہ:  شیخ بہائی—دین، علم اور ریاست کے باہمی ربط کے معمار

 شیخ بہاءالدین محمد عاملی کی زندگی اور خدمات کے تجزیے سے واضح ہوتا ہے کہ وہ محض ایک مذہبی عالم نہیں تھے بلکہ درحقیقت ایران کے عبوری دور میں تشیّع کے ایک "عملی نظریہ ساز” تھے.

اب تک بیان کئے گئے مطالب کی روشنی میں یہ کہا جا سکتا ہے کہ اس عظیم شخصیت کے بارے میں پیش کئے گئے نظریات کو دو بڑے پہلوؤں سےسمجھا جا سکتا ہے: 

  1. . مذہبی شعائر اور سیاسی حقیقت پسندی کے درمیان توازن

شیخ بہائی نے اپنے زمانے کے تقاضوں کو گہرائی سے سمجھتے ہوئے یہ درک کیا کہ ایک مضبوط "ریاست” کے بغیر شیعی شناخت کو مستحکم کرنا ممکن نہیں. انہوں نے منصبِ شیخ الاسلامی قبول کر کے فقہ کو مدرسوں کی محدود فضا سے نکال کر ریاستی نظم و نسق کا حصہ بنا دیا. انہوں نے ثابت کیا کہ ایک شیعہ عالم اقتدار میں ضم ہوئے بغیر بھی سیاست کے وسائل کو معاشرتی نظم قائم کرنے اور عوامی حقوق کے تحفظ (جیسے اوقاف اور عدلیہ کانظام ) کے لئے استعمال کر سکتا ہے. 

  1. علم کی مقامی تشکیل اورعلم کی بنیاد پر سماج کی تعمیر

ان کی سب سے بڑی خدمات میں سے ایک جبل عامل کے فقہی ورثے کو ایرانی معاشرے کے مطابق ڈھالنا تھا. انہوں نے جامع عباسی کو فارسی زبان میں لکھ کر خاص اور عام کے درمیان حائل دیوار کو گرا دیا. اسی طرح انہوں نے الٰہیات کو ریاضی، فلکیات اور انجینئرنگ جیسے علوم کے ساتھ جوڑ کر شیعی شناخت کو ایک "کارآمد” اور "تہذیبی” رنگ دیا؛ یہاں تک کہ ان کے دور میں دین ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بلکہ تعمیر و ترقی (پانی کی تقسیم سے لے کر مساجد کی معماری تک) کا محرک بن گیا. 

اختتامی کلمات

شیخ بہائی کو ایران کی تاریخ میں "معمارانہ عقلانیت” کی علامت سمجھنا چاہیے؛ ایک ایسی شخصیت جس نے "ہجرت اور مقامی شناخت”، "شریعت اور ہندسہ”، اور "دربار اور عوام” کے درمیان ایک مثبت اور تعمیری توازن قائم کیا. انہوں نے شیعی شناخت کو محض ایک مذہب سے بلند کر کے ایک "مکمل طرزِ زندگی اور مستحکم تہذیب” میں تبدیل کیا، جس کی مادی جھلک نقشِ جہان نامی چوراہے کی عظمت اور زایندہ نامی نہرکے منظم نظام میں نظر آتی ہے. دوسرے لفظوں میں، اگر صفوی دور نے ایران میں تشیّع کا جسم تشکیل دیا، تو شیخ بہائی نے اس میں روح اور ثقافت پھونک دی.

اس کا اشتراک کریں، اپنا پلیٹ فارم منتخب کریں!

خبریں ان باکس کے ذریعے

نیوز لیٹر کو سبسکرائب کریں۔