آیتِ ہفتہ – جلد 03 شمارہ 34

Ayah Of The Week - Volume 03 Issue 34
Last Updated: اگست 20, 2026By Categories: آیتِ ہفتہ0 Comments on آیتِ ہفتہ – جلد 03 شمارہ 340 min readViews: 7

ایمان اور عالمی سطح پر عدل کے نفاذ کا وعدہ

اس آیت میں غور و فکر کی مناسبت:  ۸ ربیع الاول؛ امامِ منتظر، حضرت امام مہدی عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کی امامت کا آغاز۔

تمہید

امام سجاد، امام باقر اور امام صادق علیہم السلام سے منقول بہت سی روایات میں ہم پڑھتے ہیں کہ اس آیت کا کامل مصداق حضرت امام مہدی عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کی عالمی حکومت ہے؛ وہ حکومت جس کے بارے میں اللہ تعالیٰ نے وعدہ فرمایا ہے کہ ایک دن اہلِ ایمان زمین پر حکمرانی کریں گے:

وَعَدَ اللَّهُ الَّذِينَ آمَنُوا مِنكُمْ وَعَمِلُوا الصَّالِحَاتِ لَيَسْتَخْلِفَنَّهُمْ فِي الْأَرْضِ كَمَا اسْتَخْلَفَ الَّذِينَ مِن قَبْلِهِمْ وَلَيُمَكِّنَنَّ لَهُمْ دِينَهُمُ الَّذِي ارْتَضَى لَهُمْ وَلَيُبَدِّلَنَّهُم مِّن بَعْدِ خَوْفِهِمْ أَمْنًا

’’اللہ نے تم میں سے ان لوگوں سے جو ایمان لائے اور نیک اعمال انجام دیے، وعدہ کیا ہے کہ وہ ضرور انہیں زمین میں جانشین بنائے گا، جس طرح ان لوگوں کو جانشین بنایا جو ان سے پہلے تھے؛ اور ان کے لئے  اس دین کو، جسے اس نے ان کے لئے  پسند کیا ہے، ضرور مضبوط اور مستحکم کرے گا؛ اور ان کے خوف کو ضرور امن میں بدل دے گا…‘‘
( سورۂ نور، آیت ۵۵)

نوجوانوں کے لئے  آیت کے تربیتی پیغامات

۱۔ اپنے ایمان کو عمل سے ظاہر کریں

نیک اعمال حقیقی ایمان کا ثمرہ ہیں۔ اگر ہمارے اعمال اچھے اور شایستہ نہیں ہیں تو ہمیں دیانت داری کے ساتھ اپنے ایمان کی مضبوطی کے بارے میں غور کرنا چاہیے۔

عملی چیلنج:
اس ہفتے ایک ایسا نیک عمل منتخب کریں جو آپ کے ایمان کی علامت ہو، اور اسے ہر روز انجام دیں۔

۲۔ امامِ منتظر کے بارے میں جانیں

حضرت امام مہدی علیہ السلام کی زندگی اور رسالت کے بارے میں مطالعہ کریں، اور یہ بھی جاننے کی کوشش کریں کہ ایک موعود نجات دہندہ پر ایمان مختلف الٰہی مذاہب میں کس طرح بیان ہوا ہے۔

عملی چیلنج:
اس ہفتے ۲۰ منٹ کسی معتبر ماخذ سے امام مہدی علیہ السلام کے بارے میں مطالعہ کریں، اور جو تعلق آپ اس مطالعے اور سورۂ نور کی آیت 55 کے درمیان محسوس کریں، اسے لکھیں۔

۳۔ ایمان آپ کی کوششوں کو سمت دیتا ہے

اگر آپ چاہتے ہیں کہ زندگی میں آپ کی کوششیں پائیدار قدر و اہمیت رکھیں تو خدا پر خالص ایمان کو نیک اور ذمہ دارانہ عمل کے ساتھ جوڑیں۔

عملی چیلنج:
اپنی زندگی کا ایک اہم ہدف منتخب کریں اور خود سے پوچھیں کہ ایمان اور اچھا اخلاق اس ہدف تک پہنچنے میں آپ کی کس طرح مدد کر سکتے ہیں۔

۴۔ ایمان مشکلات کا سامنا کرنے میں آپ کی مدد کرتا ہے

تمام انسانوں کو زندگی میں چیلنجوں اور سخت آزمائشوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے، لیکن ایمان اور نیک اعمال ہمیں ان مشکلات پر قابو پانے کے لئے  قوت، صبر اور صحیح سمت عطا کرتے ہیں۔

عملی چیلنج:
اس ہفتے جب بھی کسی مشکل کا سامنا ہو، صبر کے ساتھ ردِعمل ظاہر کریں اور ہار ماننے کے بجائے ایک مثبت قدم اٹھائیں۔

۵۔  کبھی امید نہ کھوئیں

آج کی دنیا میں ناانصافی، مصائب اور غیر یقینی حالات کو دیکھ کر مایوس نہ ہوں۔ اللہ کے وعدے پر بھروسا رکھیں اور ایک بہتر مستقبل کی تعمیر کے لئے  کوشش جاری رکھیں۔

عملی چیلنج:
جب بھی مایوسی محسوس ہو، ایک منفی خیال کی جگہ ایک پُرامید دعا اور کسی مفید عمل کو اختیار کریں۔

۶۔ حق بالآخر کامیاب ہوگا

قرآن ہمیں سکھاتا ہے کہ حق، نیکی اور شایستگی کی آخری کامیابی تاریخ میں اللہ کی ایک مستقل سنت اور قانون کا حصہ ہے۔

عملی چیلنج:
اس ہفتے کسی ایک موقع پر حق کا ساتھ دیں، خواہ سچ کا دفاع کرنا مشکل ہو یا دوسروں کی رائے کے خلاف ہی کیوں نہ ہو۔

۷۔ سوشل میڈیا کو خود پر حاوی نہ ہونے دیں

آپ کی قدر و منزلت خدا پر ایمان اور آپ کے مؤمنانہ اعمال سے پیدا ہوتی ہے، نہ کہ ’’لائکس‘‘، فالوورز کی تعداد یا دوسروں کی رائے سے۔

عملی چیلنج:
ہر روز ایک گھنٹہ سوشل میڈیا سے دور رہیں اور یہ وقت نماز، خاندان، ورزش یا دوسروں کی خدمت میں صرف کریں۔

والدین کے لئے  آیت کے تربیتی پیغامات

۱۔ مستقبل کے رہنماؤں کی تربیت کریں

والدین کو چاہیے کہ ایسے خودمختار، باشعور اور قابلِ اعتماد بچے تربیت کریں جو معاشرے میں بامعنی ذمہ داریاں قبول کرنے، یعنی استخلاف کے لئے  تیار ہوں؛ نہ کہ ان کی تربیت صرف روزمرہ زندگی گزارنے تک محدود ہو۔

عملی چیلنج:
اس ہفتے اپنے بچے کو اس کی عمر کے مطابق ایک ذمہ داری دیں اور اسے موقع دیں کہ وہ اسے خود مختار انداز میں انجام دے۔

۲۔  ایمان کے ذریعے اندرونی خود اعتمادی پیدا کریں

جو بچے یہ جانتے ہیں کہ ان کی عزت، کرامت اور قدر خدا کی طرف سے ہے، وہ مقبولیت، ظاہری شکل، دولت یا دوسروں کی تعریف و توثیق کے کم محتاج ہوتے ہیں۔

عملی چیلنج:
اس ہفتے اپنے بچے کی تعریف اس کی ظاہری شکل یا کامیابی کے بجائے صداقت، جرأت، مہربانی یا امانت داری جیسی صفات کی وجہ سے کریں۔

۳۔ اچھے اخلاق والے مؤمن تربیت کریں

ایمان اور نیک اعمال ایک دوسرے سے جدا نہیں ہیں۔ اس لئے  بچوں کو روحانی رہنمائی کے ساتھ ساتھ عملی اخلاقی تربیت کی بھی ضرورت ہے۔

عملی چیلنج:
اس ہفتے خاندان کے ساتھ کسی ایک اسلامی قدر کے بارے میں گفتگو کریں اور یہ طے کریں کہ اسے روزمرہ زندگی میں کس طرح عملی بنایا جا سکتا ہے۔

۴۔  امید کو ذمہ داری میں تبدیل کریں

بہتر مستقبل کی امید انسان کو کوشش، تعلیم، ترقی اور خدمت کی طرف لے جانی چاہیے، نہ کہ بے عملی اور ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر بیٹھنے کی طرف۔

عملی چیلنج:
خاندان کے ساتھ دوسروں کی خدمت کا کوئی سادہ کام شروع کریں؛ مثلاً کسی ہمسائے یا ضرورت مند فرد کی مدد کریں۔

ائمۂ جماعت اور اساتذہ کے لئے  آیت کے تربیتی پیغامات

۱۔ غیر فعال انتظار نہیں بلکہ فعال انتظار سکھائیں

واضح کریں کہ امام مہدی علیہ السلام کا انتظار محض خاموشی سے انتظار کرنے کا نام نہیں ہے؛ بلکہ اس کا مطلب ایمان، نیک اعمال، عدل، خدمت اور مثبت اقدام کے ذریعے خود کو تیار کرنا ہے۔

عملی چیلنج:
اپنے اگلے درس یا خطاب میں ایک ایسا عملی طریقہ بیان کریں جس کے ذریعے افراد خود کو امام مہدی علیہ السلام کی رسالت کا ساتھ دینے کے لئے  تیار کر سکتے ہیں۔

۲۔ مصیبت زدہ لوگوں کو امید دیں

جب مؤمن غربت، امتیازی سلوک، جنگ، بے گھری یا دوسری مشکلات کا سامنا کرتے ہیں تو دینی رہنمائی کو چاہیے کہ اللہ پر ان کے اعتماد اور امید کو مضبوط کرے، نہ کہ ان کے مصائب کو مایوسی میں بدلنے دے۔

عملی چیلنج:
اپنے اگلے خطاب یا درس میں ایک امید افزا پیغام کے ساتھ مشکلات سے نمٹنے کا ایک عملی طریقہ بھی پیش کریں۔

۳۔  ایمان کو مضبوط کرنے کے لئے  تاریخ سے استفادہ کریں

آیت میں گزشتہ نسلوں کی طرف اشارہ —"كَمَا اسْتَخْلَفَ الَّذِينَ مِن قَبْلِهِمْ” ، ’’جس طرح ان سے پہلے لوگوں کو جانشین بنایا‘‘ — یہ ظاہر کرتا ہے کہ تاریخی مثالیں لوگوں کو اللہ کے وعدوں کو سمجھنے اور ان پر اعتماد کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

عملی چیلنج:
اپنے اگلے خطاب میں اسلامی تاریخ سے ایک مناسب مثال بیان کریں اور اسے آج مسلمانوں کو درپیش کسی ایک چیلنج سے مربوط کریں۔

اس کا اشتراک کریں، اپنا پلیٹ فارم منتخب کریں!

خبریں ان باکس کے ذریعے

نیوز لیٹر کو سبسکرائب کریں۔