آیتِ ہفتہ – جلد 03 شمارہ 12
ظلم کا انجام شکست ہے، چاہے ابتدا میں کامیابی کیوں نہ نظر آئے
تمہید اور مندرجہ آیات پر غور کرنے کی مناسبت:
تاریخ میں بعض اوقات ایسے لمحات آتے ہیں جب ظلم اور ناانصافی بظاہر طاقتور اور کامیاب دکھائی دیتے ہیں۔ لیکن قرآنِ کریم کی تعلیمات مؤمنوں کو یاد دلاتی ہیں کہ ایسی کامیابی عارضی ہوتی ہے۔
غزوۂ حنین کی داستان، جو ہجرت کے آٹھویں سال رسولِ اسلام حضرت محمد ﷺ کے زمانے میں پیش آئی، ہمیں ایک اہم سبق دیتی ہے:
حقیقی فتح اللہ کی طرف سے ہوتی ہے، جبکہ غرور، کفر اور ظلم بالآخر رسوائی اور شکست پر ختم ہوتے ہیں۔
سورۂ توبہ کی مندرجہ آیات مؤمنوں کو متنبہ کرتی ہیں کہ ظالموں کی ظاہری طاقت سے دھوکا نہ کھائیں بلکہ صبر، امید اور ہدایتِ الٰہی پر ثابت قدم رہتے ہوئے اپنا راستہ جاری رکھیں۔
لَقَدْ نَصَرَكُمُ اللَّهُ فِي مَوَاطِنَ كَثِيرَةٍ وَيَوْمَ حُنَيْنٍ إِذْ أَعْجَبَتْكُمْ كَثْرَتُكُمْ فَلَمْ تُغْنِ عَنْكُمْ شَيْئًا وَضَاقَتْ عَلَيْكُمُ الْأَرْضُ بِمَا رَحُبَتْ ثُمَّ وَلَّيْتُمْ مُدْبِرِينَ * ثُمَّ أَنْزَلَ اللَّهُ سَكِينَتَهُ عَلَى رَسُولِهِ وَعَلَى الْمُؤْمِنِينَ وَأَنْزَلَ جُنُودًا لَمْ تَرَوْهَا وَعَذَّبَ الَّذِينَ كَفَرُوا وَذَلِكَ جَزَاءُ الْكَافِرِينَ * ثُمَّ يَتُوبُ اللَّهُ مِنْ بَعْدِ ذَلِكَ عَلَى مَنْ يَشَاءُ وَاللَّهُ غَفُورٌ رَحِيمٌ
“اللہ نے تمہاری بہت سے میدانوں میں مدد کی اور حنین کے دن بھی، جب تمہیں اپنی کثرت نے خوش فہمی میں ڈال دیا تھا، مگر وہ کثرت تمہارے کسی کام نہ آئی، اور زمین اپنی وسعت کے باوجود تم پر تنگ ہو گئی، پھر تم پیٹھ پھیر کر بھاگ گئے۔ پھر اللہ نے اپنے رسول اور مؤمنوں پر سکون نازل کیا اور ایسے لشکر اتارے جنہیں تم نہیں دیکھتے تھے، اور کافروں کو عذاب دیا، اور یہی کافروں کی سزا ہے۔ اس کے بعد اللہ جس کی چاہے توبہ قبول کر لیتا ہے، اور اللہ بہت بخشنے والا اور مہربان ہے۔”
(سورۂ توبہ، آیات 25-27)
مندرجہ بالا آیات سےنوجوانوں اور طلبہ کے لئے تربیتی پیغامات:
1۔ صرف تعداد اور مقبولیت پر بھروسہ نہ کریں
کسی بڑے گروہ کا حصہ ہونا یا کسی مقبول رجحان کی پیروی کرنا ، ہمیشہ درست ہونے یا کامیابی کی علامت نہیں ہوتی۔
عملی چیلنج: اس ہفتے سوشل میڈیا پر کسی مقبول رجحان کی پیروی کرنے سے پہلے ایک لمحہ رکیں اور خود سے پوچھیں:
کیا یہ اخلاقی طور پر درست ہے؟
2۔ غلطی کے بعد مایوس نہ ہوں
اگر غلطی ہو جائے تو اللہ کی رحمت کا دروازہ بند نہیں ہوتا۔
عملی چیلنج: اگر آج کوئی غلطی ہو جائے تو فوراً اسے درست کریں اور اللہ سے معافی مانگیں۔
3۔ غیبی مدد بھی ہوتی ہے
ہر مدد نظر نہیں آتی۔ ایمان، صبر اور نیک عمل اللہ کی غیبی مدد کو قریب کر سکتے ہیں۔
عملی چیلنج: اس ہفتے کسی اہم کام سے پہلے خلوص کے ساتھ اللہ سے مدد مانگیں۔
4۔ خود پسندی سے بچیں
تعلیم، کام یا عبادت میں کوشش کریں، مگر یاد رکھیں کہ اصل نتیجہ اللہ کے ہاتھ میں ہے۔
عملی چیلنج:کسی اہم کام سے پہلے مختصر دعا کریں اور اللہ سے ہدایت اور قبولیت مانگیں۔
5۔ مشکل حالات میں مایوس نہ ہوں
جب حالات سخت ہوں تو صبر اور سچائی کے ساتھ اللہ کی مدد کا انتظار کریں۔
عملی چیلنج:کسی مشکل کا سامنا ہو تو شکایت سے پہلے ایک دعا کریں اور مسئلے کو بہتر بنانے کے لیے ایک مثبت قدم اٹھائیں۔
6۔ دل کے سکون کے لیے اللہ سے دعا کریں
حنین کے میدان میں اللہ نے مؤمنوں کو سکون عطا کیا۔ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ حقیقی سکون اللہ کی یاد اور اس پر اعتماد سے حاصل ہوتا ہے۔
عملی چیلنج: روزانہ دو منٹ خاموش بیٹھ کر اللہ سے دل کے سکون کی دعا کریں۔
مندرجہ بالا آیات سے والدین کے نام تربیتی پیغامات:
1 ۔بچوں کو عاجزی سکھائیں
کامیابی کے ساتھ شکر اور تواضع ہونی چاہیے، غرور نہیں۔
عملی چیلنج: جب آپ کا بچہ کامیاب ہو تو اسے اللہ کا شکر ادا کرنے اور مدد کرنے والوں کا شکریہ ادا کرنے کی ترغیب دیں۔
2۔بچوں کو مشکل وقت کے لیے تیار کریں
زندگی میں خوف اور دباؤ کے لمحات آتے ہیں۔ بچوں کو صبر اور توکل سکھانا ضروری ہے۔
عملی چیلنج: اپنی زندگی کا کوئی واقعہ سنائیں جس میں صبر اور ایمان سے آپ نے مشکل پر قابو پایا۔
3۔غلطی کے بعد اصلاح کی ترغیب دیں
غلطیاں سیکھنے اور بہتر بننے کا موقع ہوتی ہیں۔
عملی چیلنج: اگر بچہ غلطی کرے تو غصے کے بجائے اسے سوچنے اور اصلاح کی طرف رہنمائی کریں۔
4۔ بچوں کے ایمان پر توجہ دیں
تعلیم اور مہارت اہم ہیں، مگر روحانی قوت اور ایمان زندگی کے اہم مواقع پر زیادہ کام آتے ہیں۔
عملی چیلنج: ایک سادہ فیملی پروگرام بنائیں، مثلاً روزانہ ایک مختصر آیت مل کر پڑھیں۔
مندرجہ بالا آیات سے ائمہ جماعت، اساتذہ اور علماء کے نام تربیتی پیغامات:
1۔لوگوں کو یاد دلائیں کہ ظلم کا انجام بہت برا ہوتا ہے
قرآن کا پیغام واضح ہے: ظلم وقتی طور پر طاقتور نظر آ سکتا ہے، مگر انجام کار شکست اس کا مقدر ہے۔
عملی چیلنج:اگلے خطبے میں لوگوں کو یاد دلائیں کہ دنیا میں ظلم دیکھ کر مایوس نہ ہوں بلکہ صبر اور اصولوں پر قائم رہیں۔
2۔حقیقی توبہ کا طریقہ سکھائیں
حقیقی توبہ کے مراحل یہ ہیں:
- غلطی کو پہچاننا
- سچی ندامت
- گناہ ترک کر دینا
- دوبارہ نہ کرنے کا عزم
- ممکن ہو تو اس کی تلافی کرنا
عملی چیلنج:کسی درس یا خطبے میں توبہ کے ان مراحل کو بیان کریں۔
3۔ اجتماعی غرور سے خبردار کریں
کبھی معاشرے اپنی تعداد یا طاقت پر غرور کرنے لگتے ہیں اور یہی ان کے زوال کا سبب بنتا ہے۔
عملی چیلنج:ایک خطبے میں یاد دلائیں کہ حقیقی کامیابی اخلاص اور ایمان سے وابستہ ہے۔
4۔ کوشش اور توکل کے درمیان توازن سکھائیں
مؤمن کو اپنی طرف سے بھرپورکوشش بھی کرنی چاہیے اور اللہ پر بھروسہ بھی رکھنا چاہیے۔
عملی چیلنج:کسی حقیقی واقعے کی مثال دیں جس میں محنت اور ایمان دونوں ضروری تھے۔
5۔ معاشرے میں توبہ کی ثقافت کو فروغ دیں
یہ آیات بتاتی ہیں کہ اللہ شکست اور خطا کے بعد بھی توبہ قبول کرتا ہے۔
عملی چیلنج: لوگوں کو محاسبۂ نفس اور روحانی تجدید کی طرف راغب کرنے کے لیے اجتماعی پروگرام ترتیب دیں۔
6۔ تاریخی اسباق کو آج کے مسائل سے جوڑیں
غزوۂ حنین جیسے واقعات آج کے سیاسی، سماجی اور اخلاقی چیلنجز کے لیے اہم رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔
عملی چیلنج: اگلے جمعہ کے خطبے میں غزوۂ حنین کے کسی ایک سبق کو آج کے کسی اہم مسئلے سے جوڑیں۔
خبریں ان باکس کے ذریعے
نیوز لیٹر کو سبسکرائب کریں۔

